ایران اسرائیل جنگ سے جنگ بندی تک
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
ایران اور اسرائیل کی لڑائی میں تباہ حال عمارتوں کی تعداد اور نقصان کا تناسب نہیں لڑنے کی ادا اور انداز یادگار رہے گا۔ دونوں کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے مگر اب بھی تصادم کے امکانات اور خطرات سایوں کی طرح سر پر منڈلا رہے ہیں۔ اسرائیل مسلم دنیا میں اپنے اندر کے خوف کی تمام وجوہات کو دور کرتا ہوا آخر کار ایران تک پہنچ گیا۔ یہاں بھی اسرائیل کے خوف کی بنیادیں بھی وہی تھیں اور مقاصد اور مقاصد کے حصول کا انداز بھی پرانا ہی تھا۔ اسرائیل کے مقاصد میں پہلا یہ ہے کہ مسلم دنیا جس کی زمین پر وہ اپنی دیوہیکل عمارت تعمیر کرچکا ہے دوبارہ اس عمارت کو خاکستر کرنے کی پوزیشن میں نہ آئے۔ اس خوف کی بنیاد پر اسرائیل نے اپنے گرد وپیش کے خطرات کو اپنی باڑھ میں بدل دیا ہے۔ یعنی جن مسلمان ملکوں کو اسرائیل سے اپنی ہتھیائی ہوئی زمین واپس لینا تھی وہ اس کے محافظ اور نگہبان بن بیٹھے ہیں۔ اسی خوف کے تحت اسرائیل یہ چاہتا ہے کہ کسی مسلمان ملک کے پاس ایٹم بم جیسا مہلک ہتھیار نہ رہے۔ عراق کے ایٹمی ری ایکٹر کی تباہی سے پاکستان کے ایٹم بم کے تعاقب تک اور لیبیا کے ایٹمی مواد کی منتقلی سے ایران کی ایٹمی سرگرمیوں تک اسرائیل ہمیشہ اپنے خوف کے زیر اثر رہا ہے۔ ایران اس سفر کا اہم پڑاؤ تھا جہاں اسرائیل کو ہمیشہ مزاحمت اور مخاصمت کی چنگاریاں نظر آتی رہی ہیں۔ ایران پر حملے کے اسرائیل کے دو مقاصد تھے جن میں پہلا ایران کی ایٹمی صلاحیت کا خاتمہ اور دوسرا ایران میں رجیم چینج یعنی حکومت کی تبدیلی۔ ایٹمی صلاحیت کی طرح حکومت کی تبدیلی کا تعلق بھی اسرائیل کے خوف سے ہے۔ اسے مسلم دنیا میں اپنی مخالفت میں جلتی بجھتی ہوئی ہلکی سی چنگاری بھی قبول نہیں کہیں یہ شعلہ بن کر اس کے دامن سے نہ لپک جائے۔
ظاہر ہے کہ اسرائیل کے جو کرتوت اور عزائم ہیں اس میں یہ سارے خوف بے سبب بھی نہیں۔ ایران کو ایٹمی توانائی سے محروم کرنے کے لیے میزائلوں کی بارش کی منصوبہ بندی تھی اور اس کے ساتھ ہی ایٹمی پروگرام سے وابستہ سائنس دانوں کو نشانہ بنا نا بھی مقصود تھا تاکہ ایران دوبارہ یہ صلاحیت حاصل کرنے کے قابل نہ رہے۔ اس دوران موساد کے سلیپرز سیل حرکت میں آنا تھے اور غیر مطمئن عوام کے جتھوں کا بالکل اسی طرح ظہور ہونا تھا جیسے لیبیا میں معمر قذافی کا تختہ اْلٹنے کے وقت ہوا تھا۔ اس بارات کا دولہا بھی تیار تھا اور وہ تھا سابق بادشاہ رضا شاہ پہلوی کا بیٹا محمد رضا پہلوی جو برسوں سے امریکا میں مقیم ہے۔ ایران پر حملے کے ساتھ ہی رضا پہلوی کی رونمائی بھی ہوئی اور وہ ٹویٹر اور دوسرے ذرائع ابلاغ پر ایران میں جمہوریت کی بحالی پر بھاشن دیتے نظر آنے لگے۔ اس سے بھی بڑھ کر رضا پہلوی کی رونمائی کا انداز بھی تکبر اور نخوت سے بھرپور تھا۔ رضا پہلوی کی امریکا کے مجسمہ ٔ آزادی کے ساتھ تصویر نظر آتی تو اچنبھا نہ تھا مگر ان کی تصویر اسرائیل میں دیوار گریہ کے ساتھ ماتھا ٹیکتے ہوئے سامنے آئی اور وائرل ہوئی۔ اس تصویر کے ذریعے اسرائیل دنیا کو بالعموم اور مسلم دنیا کو بالخصوص یہ پیغام دینا چاہتا تھا کہ ماضی کی رجیم چینج کے برعکس ایران کی رجیم چینج کا قافلہ سالار خود اسرائیل ہے اور ایران کے متوقع حکمران سے دیوار گریہ سے ماتھا ٹیکنے کا کام لینے کا مقصد اسرائیل کی وفاداری کا حلف لینا تھا۔ یہ مسلمان دنیا کے حکمرانوں کے پیغام تھا کہ ان کے پاس اسرائیل کی اطاعت کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں رہا اب انہیں امریکا کے بجائے اسرائیل کی وفاداری کی بنیاد منصب اور عہدہ ملا کرے گا۔ رضا پہلوی نے بھی اعلان کیا کہ ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اپنا کنٹرول کھو چکے ہیں اور اب حکومت کی تبدیلی میں بہت کم وقت رہ گیا ہے۔ امریکا بھی ایرانی قیادت کے اعصاب کا امتحان لے کر دھمکانے کا انداز اپنائے ہوئے تھا۔
یہاں ایران کی قیادت نے کمال استقامت کا مظاہرہ کرکے اپنا فوکس اسرائیل پر رکھا اور اسرائیل کے تقدس اور تقدیس کا جامہ تار تار کردیا۔ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں نے جو حالات فلسطینی مسلمانوں کا مقدر بنا کر رکھ چھوڑے تھے پہلی بار اسرائیل کے عافیت کدے کو انہی حالات کا سامنا کر نا پڑا۔ بیروت گولان کی پہاڑیوں غزہ، رام اللہ اور دمشق اپنی حدود سے دور جنگ لڑنے کے عادی اسرائیل کو پہلی بار تل ابیب اور حائفہ میں جنگ کا نظارہ کرنا پڑا یوں غزہ اور تل ابیب کے مقدر کی تفریق مٹ کر رہ گئی۔ جو مناظر اسرائیل نے فلسطینیوں کا مقدر بنائے تھے تل ابیب بھی انہی مناظر سے آشنا ہوتا چلا گیا۔ غزہ کی صورت حال نے گردو نواح کے مسلمان ملکوں کو محتاط رویہ اپنانے پر مجبور کیا۔ غزہ کے حالات کی وجہ سے مسلمان رائے عامہ میں درد وکرب کی ایک خاموش لہر دوڑ رہی ہے اس میں اگر کسی مسلمان ملک نے اسرائیل کی معمولی سی حمایت دکھائی تو رائے عامہ میں ایک بیزاری اور بیداری کی لہر پیدا ہونے کا امکان پوری طرح موجود تھا اسی لیے مسلمان حکمران اس جنگ میں حد درجہ محتاط رویہ اپنائے ہوئے نظر آئے۔ اسرائیل کو امریکا کے غیر متوقع ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تو وہ اپنا ٹرمپ کارڈ لے آیا۔ اسرائیل کا ٹرمپ کارڈ جنگ میں امریکا کا کود پڑنا تھا۔ ا مریکا یہ جانتا ہے کہ خلیج میں ایران کے ساتھ دو اور شکاری پھندہ لگائے زمین پر ا س کا انتظارکر رہے ہیں۔ چند برس قبل صدر پیوٹن صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر حسن روحانی کی ایک تصویر سامنے آئی تھی جس میں وہ دوربین سے کچھ دیکھ رہے تھے۔ اس وقت خیال تھا کہ امریکا براہ راست غزہ میں آنا چاہتا ہے اور اس تصویر کو اسی تناظر میں لیا گیا تھا کہ تین شکاری گھات لگائے بیٹھے ہیں۔
ایران اسرائیل تنازع طوالت اختیار کرتا تو یہ تصویر عمل کی شکل میں سامنے آسکتی تھی۔ امریکا اسرائیل کی براہ راست مدد کو آتا تو ایران کے دوستوں کو بھی اس جنگ میں کودنے سے روکنا ممکن نہ رہتا۔ اس لیے امریکا نے ایران پر حملے کرنے کے ساتھ اپنی طرف سے جنگ بندی کا اعلان کیا اور یوں امریکا نے اسرائیل کے مطالبے اور اصرار پر اتمام حجت کرلیا۔ ایران نے بھی امریکا کے اڈوں پر حملے کرکے حساب بے باق کر دیا۔ اسرائیل اس جنگ میں امریکا کو گھسیٹ کر اپنا ٹرمپ کارڈ کھیل بیٹھا مگر ایران کے پاس کئی کارڈ موجود تھے۔ ایران نے حماس حزب اللہ اور حوثیوں کو متحرک نہیں کیا۔ ایران نے صرف آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی دی جو اس کا سب سے اہم ٹرمپ کارڈ ہے۔ آبنائے ہرمز تجارت کی وہ عالمی گزرگاہ ہے جس کو بند کرنے کی صلاحیت اور طاقت ایران کے پاس ہے۔ یہ وہ بحری راستہ ہے جو تیل کی دولت سے مالا مال عرب ملکوں کو تجارت کے لیے یورپ اور شمالی امریکا سے ملاتا ہے اور دنیا میں تیل کی بیس فی صد تجارت اسی راستے سے ہوتی ہے۔ ایران اس گزر گاہ کو بند کرکے دنیا میں ایک بڑا بحران پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس گزرگاہ کی بندش سے تیل کی پیداوار کے حامل اور اس کے خریدار سبھی ملک متاثر ہوسکتے ہیں۔ تیل کی قیمتیں بڑھ کر کئی معاشی بحرانوں کا باعث بن سکتی ہیں۔ ایران اپنے اس پوٹینشل کو دوسروں کے قدموں میں پھینک کر خود کو عالمی اور علاقائی سیاست میں بے وقعت نہیں کرتا بلکہ وہ گاہے گاہے اس ہتھیار کو استعمال کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا ہے۔ اس بار بھی ایران کی پارلیمنٹ نے اس ہتھیار کو استعمال کرنے کی منظوری دی تو دنیا میں خوف وخطرے کی ایک لہر دوڑ گئی اور یوں امریکا اور اسرائیل دونوں کو حالات نے اپنے عزائم منصوبوں اور ارادوں کی پوٹلی کاندھے پر اْٹھائے واپس لوٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: اسرائیل کے اسرائیل کی رضا پہلوی امریکا کے مسلم دنیا ٹرمپ کارڈ ایران کے دنیا میں ایران کی ایران اس کے ساتھ پر حملے کرنے کی تیل کی نا پڑا تھا کہ کے پاس اور اس
پڑھیں:
پہلی بار اسرائیل کو نشانہ بنانے والا ایرانی میزائل
اسلام ٹائمز: قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کے مطابق آج یہ بات واضح ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام پر اعتراض کوئی حقیقی سیکیورٹی تشویش نہیں بلکہ ایران کی دفاعی طاقت کو محدود کرنے کا سیاسی حربہ ہے۔ مغرب کو اس سے کیا تعلق کہ ایران کے میزائلوں کی رینج کتنی ہے؟ ایران کے میزائل پروگرام، خصوصاً "شہاب" سیریز نے نہ صرف ایران کی دفاعی خودکفالت کو ثابت کیا ہے بلکہ خطے میں اس کی تزویراتی (strategic) حیثیت کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ خصوصی رپورٹ:
ایران کے میزائل ماہرین نے ملکی وسائل اور تکنیکی ڈھانچے کو بروئے کار لا کر میزائل سازی کے اُس مرحلے میں قدم رکھا جس کے نتیجے میں ایران کا پہلا مقامی میزائل خاندان "شہاب" وجود میں آیا۔ ترجمان سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی فضائی و خلائی فورس کے مطابق جب ہم شہید حاجیزاده اور شہید طہرانی مقدم کی یادداشتیں پڑھتے ہیں تو یاد آتا ہے کہ اُس وقت ہمارے پاس ایک بھی میزائل نہیں تھا، مگر آج ہمارے ہتھیاروں اور دفاعی نظاموں کی اقسام تیس سے زیادہ ہو چکی ہیں، اور ملک کے ہاتھ مضبوط ہیں۔
یہ بیان اُس وقت سامنے آیا جب ایرانی مسلح افواج نے بارہ روزہ دفاعی جنگ کے دوران ایک خلاقانہ آپریشن "وعدہ صادق 3" کے ذریعے متعدد میزائل حملوں کی مسلسل لہریں جاری رکھتے ہوئے اسرائیل کی سرزمین کے اندر گہرے اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا۔ ایران نے میزائل ڈیزائن، رہنمائی (گائیڈنس) اور چال بازی (مینُووربیلٹی) کے میدان میں نمایاں پیش رفت حاصل کر کے اپنے دفاعی نظام کو خطے اور اس سے باہر کے خطرات کے مقابلے میں بہت زیادہ مؤثر بنا لیا ہے۔ یہی پیش رفت ایران کے دفاعی و سیکیورٹی مقام کو خطے میں مزید مستحکم کر رہی ہے۔
شہاب، ایران کی میزائل طاقت کی ابتدا:
ایرانی ماہرین، بالخصوص شہید حسن طہرانی مقدم نے وہ بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جس کے تحت ایران نے اپنا پہلا میزائل سلسلہ "شہاب" ڈیزائن اور تیار کیا۔ اس رپورٹ میں ان میزائلوں کے بارے میں اہم نکات اور ان کی خصوصیات پیش کی جا رہی ہیں۔
شہاب-1: ایران کی میزائل طاقت کی پہلی کڑی:
مختصر فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل "شہاب-1" سن 1990میں روسی اسکڈ-بی (Scud-B) کے نمونے پر تیار کیا گیا۔ اس کا فاصلہ 300 کلومیٹر، لمبائی 11 میٹر سے زائد، قطر ایک میٹر سے کم، وزن تقریباً 6 ہزار کلوگرام، اور وارہیڈ کا وزن 985 کلوگرام ہے۔ یہ میزائل مائع ایندھن سے چلنے والا، ایک مرحلے پر مشتمل اور عمودی انداز میں سڑک سے قابلِ نقل و حرکت لانچنگ پلیٹ فارم سے فائر کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس میزائل کی تیاری نے ابتدا ہی سے دشمنوں کے دلوں میں خوف پیدا کیا، کیونکہ اس کے ذریعے ایران اپنی سرحدوں کے قریب دشمن کے اڈوں کو براہِ راست نشانہ بنا سکتا ہے۔
شہاب-2: خطے میں دشمن کے مراکز نشانے پر:
شہاب-2 کو 1990–1994 کے درمیان تیار کیا گیا اور یہ ایران کے درمیانے فاصلے کے میزائلوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ روسی اسکڈ-سی (Scud-C) کے ڈیزائن پر مبنی ہے۔ اس کا فاصلہ 500 کلومیٹر، لمبائی 12 میٹر سے زیادہ، اور وزن 6 ہزار کلوگرام سے اوپر ہے۔ یہ بھی مائع ایندھن پر چلنے والا ایک مرحلے کا عمودی طور پر لانچ ہونیوالا میزائل ہے۔ اس کا وارہیڈ 750 کلوگرام وزنی ہے، جو اہم اور حساس اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شہاب-3: دشمن کے اسٹریٹجک اہداف کی تباہی کا ہتھیار
درمیانی فاصلے تک مار کرنے والا میزائل "شہاب-3" 1998 میں پیش کیا گیا۔ اس کی ابتدائی رینج 1150 تا 1350 کلومیٹر، لمبائی 15 میٹر، مجموعی وزن 15 ٹن، اور وارہیڈ 670 کلوگرام ہے۔ جدید تر ماڈل اب 2000 کلومیٹر تک مار کر سکتے ہیں اور مختلف اقسام کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تازہ ترین نمونوں میں "قابل انتشار ہتھیار" نصب ہیں، جو ایک وقت میں درجنوں چھوٹے بم گرا کر وسیع رقبے پر پھیلے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ "شہاب-3" اب نشانے کی اتنی دقیق صلاحیت (Precision) رکھتا ہے کہ وہ اسرائیل کے اندر موجود اہم اور حساس مراکز کو مؤثر طور پر تباہ کر سکتا ہے۔
شہاب کے بعد: ایران کا میزائل نیٹ ورک:
ایران کی طاقت میزائلوں کے صرف "شہاب" خاندان تک محدود نہیں۔ ایران کے پاس اب خرمشہر، ذوالفقار، قدر، عماد، قیام، خیبرشکن، حاج قاسم، سجیل، کروز پاوہ، قدیر، فاتح 110، فاتح 313 جیسے متعدد جدید میزائل موجود ہیں، جو مختلف فاصلے، رفتار اور اہداف کو نشانہ بنانے کے لحاظ سے ایران کی دفاعی صلاحیت میں غیر معمولی تنوع پیدا کرتے ہیں۔
مغرب کو ایران کے میزائلوں سے کیا سروکار؟:
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کے مطابق آج یہ بات واضح ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام پر اعتراض کوئی حقیقی سیکیورٹی تشویش نہیں بلکہ ایران کی دفاعی طاقت کو محدود کرنے کا سیاسی حربہ ہے۔ مغرب کو اس سے کیا تعلق کہ ایران کے میزائلوں کی رینج کتنی ہے؟ ایران کے میزائل پروگرام، خصوصاً "شہاب" سیریز نے نہ صرف ایران کی دفاعی خودکفالت کو ثابت کیا ہے بلکہ خطے میں اس کی تزویراتی (strategic) حیثیت کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔