آبی وسائل پر کام جاری، ثالثی عدالت کے فیصلے سے پاکستانی موقف کو تقویت ملی: شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 29th, June 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبی وسائل پر کام کر رہے ہیں، پانی ہماری لائف لائن ہے، بھارت سندھ طاس یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، ثالثی عدالت کے فیصلے سے پاکستانی مؤقف کو تقویت ملی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان کے اس دیرینہ مؤقف کو تقویت ملی ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔ یہ فیصلہ پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی اور قانونی کامیابی ہے۔ پاکستان آبی وسائل کے تحفظ اور بہتر انتظام پر کام کر رہا ہے کیونکہ پانی ہماری معیشت اور زرعی پیداوار کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی بین الاقوامی قانونی محاذ پر کی گئی کاوشوں کو سراہا اور ان کی خدمات کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی روح کے مطابق اپنے آبی حقوق کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنائے گا اور کسی بھی یکطرفہ اقدام کو تسلیم نہیں کرے گا۔ دوسری جانب شہباز شریف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم نے چئیرمین پی ٹی آئی کو بیٹھ کر بات کرنے کی پیش کش کر دی۔ شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کہا کہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں، مذاکرات ہی تمام چیزوں کا حل ہے، پہلے بھی آپ کو کہا ہے کہ بیٹھ کر بات کر لیں، بیرسٹر گوہر نے مکالمے کے جواب میں ‘‘انشااللہ’’ کہا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیش کش کر رکھی ہے۔ شہباز شریف اور بیرسٹر گوہر کے درمیان مکالمہ مخصوص نشستوں کے فیصلے سے قبل ہوا، قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف اٹھ کر بیرسٹر گوہر سے مصافحہ کرنے بھی آئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیرِ اعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک بھر میں بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے موبائل فون میسج کے ذریعے شہریوں کو موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دینے کی بھی ہدایت کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: شہباز شریف فیصلے سے
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔