ہمارا کوئی رکن کہیں نہیں جارہا، بجٹ پاس نہ کرتے تو ہماری حکومت ختم ہوجاتی، علی امین گنڈا پور
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
پشاور:
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مضبوط ہے، کوئی بھی رکن کہیں نہیں جارہا، جسے زعم ہے وہ تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے حقیقت سامنے آجائے گی۔
سینئر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ پاس نہ کرتے تو حکومت چلی جاتی اور قصور ہمارا اپنا ہی ہوتا جبکہ مخالفین شادیانے بجاتے، ہمارے اپنے ہی ساتھیوں کا پروپیگنڈا تھا کہ بجٹ پیش نہ کرو اور پھر بجٹ پاس نہ کرنے کا شور شروع کردیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی کے پیٹرن انچیف کو جب بیرسٹرسیف نے بریفنگ دی تو انہوں نے بجٹ کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا، بجٹ کی منظوری میں ہمارے صرف دو ارکان نے ووٹ نہیں دیا اور وہ سب کو معلوم ہے کہ کس کے بندے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کے نئے ارکان کے حلف کے بعد معاملات سامنے آئیں گے، اس وقت اسمبلی میں ہمارے تمام ارکان آزاد ہیں کوئی بھی پی ٹی آئی کا رکن نہیں کیونکہ آئینی بنچ کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کا پہلا فیصلہ ختم ہوگیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آزاد نہیں پی ٹی آئی کا رکن ہوں کیونکہ میں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو آزاد نہیں لکھا بلکہ اپنی پارٹی پی ٹی آئی کا نام لکھا تھا،سینیٹ کے 21 جولائی کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا وہ چول مارتا رہتا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ میں اپنے کاغذات نامزدگی کی بنیاد پر عدالت سے رجوع کرنے جارہا ہوں تاکہ اس بنیاد پر ہمیں مخصوص نشستیں دی جائیں، اسمگنلگ کی موثر روک تھام کے لیے پولیس، کسٹمز اور ایکسائز کی مشترکہ چیک پوسٹ کے قیام کے لیے مرکز کو خط لکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے 11 کروڑ کے بسکٹ نہیں کھائے بلکہ اس رقم سے وزیراعلیٰ ہاؤس و سیکرٹریٹ کے 400 کلاس فور کے ملازمین کو کھانا کھلایا گیا ہے، میں اگر اخراجات کرتا ہوں تو میں نے ڈھائی سو ارب کی بچت بھی تو کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کو کنٹرول میں رکھنا سیاسی لوگوں کا کام ہوتا ہے اور ہم ایسا کرکے دکھائیں گے، یہ نہیں کہتا کہ کرپشن ختم ہوگئی لیکن ہم نے اسے کنٹرول کرلیا ہے،
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ میں بارہ سال نہیں بلکہ اپنے دور حکومت کے پندرہ ماہ کا حساب دینے کا پابند ہوں، صوبے کی بند صنعتوں کو چالو کرنے کے لیے سستی بجلی کی فراہمی کرنے جارہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ہم بانیٔ پی ٹی آئی کی جنگ لڑیں گے، جیت ہمارا مقدر ہو گی: سلمان اکرم راجہ
سلمان اکرم راجہ—فائل فوٹوپی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں کہا جاتا ہے مٹی ڈالو اور آگے بڑھو، 8 فروری کو عوام نکلے، یہ تاریخی دن تھا، 8 فروری کو ہم بھولیں گے نہیں، ہم بانیٔ پی ٹی آئی کی جنگ لڑیں گے اور جیت ہمارا مقدر ہو گی۔
پی ٹی آئی کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آٹھ دہائیوں سے پاکستان کو لوٹا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جتنا زور لگانا ہے لگا لیں، آئینی طریقے سے حکومت نہیں گرا سکتے، سازش کے بغیر ہماری حکومت گرائی نہیں جا سکتی، میں تمام اداروں اور ریاست کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہماری حکومت گرا دی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری ایک عظیم الشان دن تھا جس دن عوام نے جمہوری حق استعمال کیا، ہماری جدوجہد عزتِ نفس کے لیے ہے، یہ سیاسی نہیں بلکہ حقوق کی جنگ ہے۔
اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تحریک انصاف جیلوں میں قید کارکنوں کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے، چیف جسٹس ہمارے کارکنوں کی اموات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ اسیران 10 ماہ اور 11 ماہ بعد جیلوں سے رہا ہوئے، جتنے لوگ جیلوں سے نکلے وہ بیمار ہو کر باہر نکلے۔