دورہ آئرلینڈ، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا اپنی تیاریوں کا آغاز
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
دورہ آئر لینڈ پر موجود پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا۔
ڈبلن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے قومی ویمن اسکواڈ نے ہائی پرفارمنس سینٹر پرمشقوں کا اغاز کیا۔
قومی ویمن کرکٹرز نے جسمانی ورزشوں کے بعد فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ کی عملی مشقوں کے سیشن میں حصہ لیا۔ بیٹرز نے پاور ہٹنگ کی بھی خصوصی پریکٹس کی۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم کی زیر نگرانی کوچنگ اسٹاف نےمعاونت کی۔
واضح رہے کہ عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان وویمنزکرکٹ ٹیم گزشتہ روز دوحا کے راستے کراچی سے آئر لینڈ پہنچی تھی۔
پاکستان ٹیم کلون ٹرف میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ویمن سیریز میں تین میچز کھیلے گی۔ پہلا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ 8 اور تیسرا میچ 10 اگست کو طے ہے۔
روانگی سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی اور اوول گراؤنڈ پرقومی تربیتی کیمپ میں اسکواڈ نے خصوصی ٹریننگ حاصل کی۔
15 رکنی پاکستان ویمنز اسکواڈ فاطمہ ثنا (کپتان)،عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ،گل فیروزہ، منیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)،نشرہ سندھو، ناتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال،شوال ذوالفقار، سدرہ امین،طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مظفر آباد میں 2 روزہ ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد
مظفرآباد:مظفر آباد میں 2 روزہ بنیان المرصوص ایچ ای سی انٹرا یونیورسٹی ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔
ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد حکومت آزاد کشمیر، پاک فوج اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے کیا گیا جس میں ملک بھر سے 18 یونیورسٹیز کی خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
فائنل میچ میں کنیئرڈ یونیورسٹی لاہور نے پنجاب یونیورسٹی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی، اختتامی تقریب میں خواتین کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا اور یونیورسٹی بینرز کے ساتھ پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے لہرائے، بہترین کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو میڈلز جبکہ فاتح اور رنراپ ٹیموں کو ٹرافیاں دی گئیں۔
ٹورنامنٹ میں شریک ملک بھر کی یونیورسٹیز کی طالبات کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں پاکستانی یونیورسٹیز کی طالبات کو جمع کرنا علامت ہے کہ کشمیری ہمیشہ پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، ہم نے بنیان المرصوص میں بھی دکھا دیا کہ کشمیر اور پاکستان ایک ہیں۔
طالبات نے کہا کہ ٹیموں کو محفوظ ماحول دیا گیا جس سے لڑکیوں کو اس فیلڈ میں مزید آگے آنے کا حوصلہ ملا ہے، کھیلوں کے ایسے مقابلے اور بھی ہونے چاہیں تاکہ لڑکیاں آگے آ سکیں۔