قومی کانفرنس: یکجہتی کی ضرورت‘ خواجہ سلمان‘ ملکی حفاظت سب کی ذمہ داری: خبیر آزاد
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام مقامی ہوٹل لاہور میں قومی استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں جشن آزادی اور معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی عظیم فتح پر خوشی اور اپنی بہادر مسلح افواج کی قربانیوں اور شہداء پاکستان کو سلام و خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کانفرنس کی میزبانی و قیادت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کی۔ جبکہ کانفرنس کے مہمانان خصوصی جن میں صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر انسانی حقوق پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ تھے۔ مہمانان گرامی میں سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، سیکرٹری انسانی حقوق پنجاب فرید احمد تارڑ، معروف سینئرصحافی تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام اور دیگر مذاہب عالم کے رہنماء جن میں بشپ ندیم کامران، علامہ زبیر احمد ظہیر، علامہ سبطین اکبر، مفتی محمد رمضان سیالوی، حافظ اسد عبید، مفتی فتح محمد راشدی، علامہ عبدالوہاب روپڑی، قاضی عبدالغفار قادری، حافظ سید کاظم رضا نقوی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، مولانا احسان اللہ تبسم، علامہ نعیم بادشاہ، علامہ شکیل الرحمن ناصر، پنڈت بھگت لعل کھوکھر، پنڈت راون جی و دیگر حضرات بڑی کثیرتعداد میں شریک تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا رکرتے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت، مذہبی ہم آہنگی، رواداری، امن، اخوت محبت، بھائی چارہ، استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کے حکم سے اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا جو لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی اور حفاظت کیلئے من حیث القوم ہم سب کی ذمہ دار ی ہے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ انڈین حکومت ہمیشہ اقلیتوں کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث رہتی ہے۔ ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری و دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام اور دیگر مذاہب عالم کے راہنماؤں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کراظہار یکجہتی کیا اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ کانفرنس کے اختتام پر عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملکی سلامتی ترقی و خوشحالی، استحکام پاکستان، مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
اہلیان مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں فیصلے پر عملدرآمد کیلئے مراسلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف پوری قوم یکجا ہے، کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اسلام ٹائمز۔ اہلیان مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، 5 اگست کو صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں فیصلے پر عملدرآمد کیلئے مراسلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف پوری قوم یکجا ہے، کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ وفاقی وزارت امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران نے تمام صوبائی حکومتوں کو اس بارے ہدایات جاری کیں، محکمہ داخلہ نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو اہلیان جموں و کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے مراسلہ بھیجا۔
مراسلے میں آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل فرانزک سائنس ایجنسی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ کو بھی عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب، ڈائریکٹر جنرل پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹیز کمیشن کو بھی اس اقدام پر عمل کی ہدایت جاری کر دی۔ کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس ڈی جی خان، کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس راجن پور اور کمانڈنٹ بلوچ لیوی ڈی جی خان کو بھی اس بارے ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔