راولپنڈی میں غیر قانونی پیوندکاری سینٹر کا انکشاف، چھاپے کے دوران اسٹریچر سے بندھا شخص بازیاب
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
راولپنڈی کے علاقے تھانہ روات کی حدود میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کا بڑا انکشاف ہوا ہے جب کہ پولیس نے چھاپہ مار کر ایک شخص کو بازیاب کرایا ہے جسے گردہ نکالنے کے لیے باندھ کر رکھا گیا تھا۔
موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا چھ ملزمان جن میں سرجن ڈاکٹراور دیگر معاونین شامل ہیں، فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکان میں غیر قانونی گردہ پیوندکاری کا انکشاف اُس وقت ہوا جب پولیس گشت کے دوران شور کی آوازیں سن کر ایک مکان پر پہنچی۔
پولیس نے دروازہ نہ کھلنے پر انسانی جان کے تحفظ کے پیش نظر گھر میں داخل ہو کر ایک شخص کو کمرے سے بازیاب کرایا، جسے ڈرپ لگی حالت میں باندھ کر رکھا گیا تھا۔
گرفتار ملزم ظفراللہ نے انکشاف کیا کہ وہ اور اس کے ساتھی گردے نکال کر ملکی و غیر ملکی شہریوں کو فروخت کرتے تھے۔
فرار ہونے والوں میں حضرو اٹک سے تعلق رکھنے والا سرجن ڈاکٹر منظور، مانسہرہ سے تعلق رکھنے والا ڈاکٹرعامر، او ٹی اسسٹنٹ عمران، اسسٹنٹ گل نواز، زیب اور رفیق عرف فیکا شامل ہیں۔
بازیاب ہونے والے شہری زاہد حنان نے پولیس کو بتایا تعلق مقامی علاقے سے ہے اسے نوکری کا جھانسہ دے کر نشہ آور مشروب پلایا گیا اور بعد ازاں پی ڈبلیو ڈی کے ایک ہسپتال سے ٹیسٹ کروا کر زبردستی گردہ نکالنے کی کوشش کی گئی۔
پولیس نے موقع سے آپریشن تھیٹر کا سامان اور ادویات بھی برآمد کر لی ہیں۔ذرائع کے مطابق اس گروہ کے ہاتھوں ایک غیر ملکی شہری کی مبینہ ہلاکت کی بھی بازگشت سننے میں آ رہی ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق اسی سوسائٹی سے اس سے قبل بھی ایسے گروہ گرفتار کیے جا چکے ہیں۔۔۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چینی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، نیند بڑھانے والا قدرتی مالیکیول دریافت
دنیا بھر میں لاکھوں افراد بے خوابی اور نیند کی مختلف خرابیوں کا شکار ہیں، تاہم چینی سائنسدانوں نے ایک ایسے قدرتی مالیکیول کی نشاندہی کی ہے جو دماغ میں نیند کی خواہش کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں بے خوابی اور دیگر نیند کے مسائل کے لیے نئی، محفوظ اور مؤثر ادویات کی تیاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں کی یہ تحقیق معروف سائنسی جریدےنیچر نیورو سائنس (Nature Neuroscience) میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے مطابق ٹرپٹامین (Tryptamine یا TrpA) نامی قدرتی مالیکیول دماغ کو یہ اشارہ دیتا ہے کہ جسم کو آرام اور نیند کی ضرورت ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ مناسب نیند انسانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اسی دوران دماغ یادداشت کو منظم کرتا، نئی معلومات محفوظ بناتا اور روزمرہ سرگرمیوں کے دوران جمع ہونے والے فاضل مادوں کو خارج کرتا ہے۔ اس کے باوجود دنیا بھر میں بے خوابی، ذہنی دباؤ، ڈپریشن، بے چینی اور جسمانی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کی خرابی کے باعث لاکھوں افراد مناسب نیند سے محروم رہتے ہیں۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے رات کو متحرک رہنے والے چوہوں اور دن میں سرگرم رہنے والے سوروں پر تجربات کیے۔ خصوصی فلوروسینٹ سینسر کی مدد سے جانوروں کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار مختلف اوقات میں ریکارڈ کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ وقت جانور جاگتے رہے، ان کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار بھی اتنی ہی بڑھتی گئی۔ اس سے ظاہر ہوا کہ یہ مالیکیول جسم میں بڑھنے والے سلیپ پریشر یعنی نیند کی قدرتی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید تحقیق سے پتا چلا کہ جاگنے کے دوران متحرک مخصوص اعصابی خلیے ٹرپٹامین خارج کرتے ہیں، جو بعد ازاں GPR139 نامی ریسیپٹر سے جڑ کر دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو نیند کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سائنسدانوں نے تجرباتی طور پر ایسے مرکبات بھی استعمال کیے جو GPR139 ریسیپٹر کو متحرک کرتے ہیں۔ نتائج کے مطابق ان مرکبات سے نہ صرف نیند کا دورانیہ بڑھا بلکہ اس کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل کی تحقیقات میں یہی حیاتیاتی نظام انسانوں میں بھی ثابت ہو جاتا ہے تو بے خوابی اور دیگر نیند کی خرابیوں کے علاج کے لیے ایسی نئی ادویات تیار کی جا سکیں گی جو موجودہ ادویات کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، مؤثر اور کم مضر اثرات کی حامل ہوں گی۔