کراچی: دوران ڈکیتی ڈاکوؤں اور شہری کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ہوٹل پر بیٹھا شہری جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
ڈکیتی کے دوران شہری اور ڈاکوؤں کی اندھا دھن فائرنگ سے ہوٹل پر بیٹھا شہری جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود لاسی گوٹھ سندھ گورنمنٹ اسپتال کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 22 سالہ جان شیر شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او سہراب گوٹھ ممتاز مروت نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان کپڑے کے کاروبار کرنے والے مہر علی نامی شخص سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ مہر علی نے ملزمان پر فائرنگ کی۔ جس پر ڈاکوؤں اور شہری کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔
اس کی دوران گولی ہوٹل پر بیٹھے ہوئے شہری جان شیر کو جا لگی۔ جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی شخص کو اسپتال منتقل کروانے کے بعد ڈاکوؤں پر فائرنگ کرنے والے شہری مہر علی کو حراست میں لیکر اسلحہ تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول سہراب گوٹھ کا رہائشی تھا اور مزدور تھا۔ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایچ او سہراب گوٹھ کے مطابق مقتول کس کے اسلحے سے چلنے والی گولی کا نشانہ بن کے جاں بحق ہوا تفتیش کی جارہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سہراب گوٹھ
پڑھیں:
جنرل ساحر شمشاد مرزا ، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف ملاقات، اہم امور پر تبادلہ
ریاض(ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقات کی ہے، جس میں عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے اپنے اعلامیے میں بتایا کہ دونوں اعلیٰ افسران کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور پائیدار دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ان کی خدمات کے اعتراف میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر آف دی ایکسیلنٹ کلاس سے بھی نوازا گیا۔
سعودی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔