پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صنعتی و تکنیکی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، جناب ہارون اختر خان نے ازبکستان کے فارما پارک اور ٹیکنو پارک کا دورہ کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی و تکنیکی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
دورے کے دوران، جناب ہارون اختر خان نے ازبک ٹیکنو پارک میں تیار کی جانے والی جدید گھریلو اور الیکٹرانک مصنوعات کو سراہتے ہوئے انہیں "قابلِ تعریف” قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ سولر واٹر ہیٹرز کی مشترکہ تیاری نہ صرف توانائی کے شعبے میں مفید ثابت ہوگی بلکہ عوام کو سستی توانائی کی فراہمی کا ذریعہ بھی بنے گی۔
مزید برآں، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید گیس اور بجلی کے میٹرز کی مشترکہ تیاری پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فارماسیوٹیکل سیکٹر کے حوالے سے، جناب ہارون اختر خان نے اس امر پر زور دیا کہ ازبکستان میں پاکستانی ادویہ ساز اداروں کی لائسنسنگ اور سرٹیفکیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کی استعداد بڑھا کر نہ صرف برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ عالمی معیار سے ہم آہنگی بھی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا، "ٹیکنالوجی اور صنعت میں تعاون کے ذریعے پاکستان اور ازبکستان اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔”
اشتہار
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کراچی، ہل پارک کے اطراف میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، پلاٹس مسمار
کراچی:شہر قائد میں ہل پارک کے اطراف پہاڑی علاقے کو کاٹ کر کی جانے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف رات گئے بڑا آپریشن کیا گیا جس میں ہیوی مشینری کی مدد سے متعدد تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شروع ہونے والی اس کارروائی کے دوران متنازعہ پلاٹ پر بنی باؤنڈری وال سمیت کئی غیرقانونی ڈھانچے گرا دیے گئے۔ کارروائی ڈائریکٹر انکروچمنٹ شیر علی کی نگرانی میں محکمہ لینڈ کے عملے نے انجام دی۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق ہل پارک کے اطراف سے تمام غیرقانونی تعمیرات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور علاقے کو تجاوزات سے مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب میئر کراچی نے سیکریٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو خط لکھ کر پلاٹ نمبر 39 جی فور بلاک 6 کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ کے حوالے سے پی ای سی ایچ ایس کی جانب سے لیز دینے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں جس پر مزید جانچ پڑتال جاری ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی تاکہ سرکاری و محفوظ علاقوں پر قبضے کی کسی بھی کوشش کو روکا جا سکے۔