کراچی؛ 7سالہ بچہ اغوا کے بعد قتل، جنسی زیادتی کے شواہد بھی مل گئے
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
کراچی:
لانڈھی کے علاقے سے اغوا کرکے قتل کیے جانے والے کمسن بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے شواہد مل گئے۔
تفصیلات کے مطبق لانڈھی تھانے کے علاقے 36 بی لعل مزار سے اغوا کر کے قتل کیے جانے والے سات سالہ کمسن بچے سعد علی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر کے لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران مقتول کمسن بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے شواہد ملے ہیں، بچے کی موت سر پر وزنی چیز سے چوٹ لگنے کے باعث ہوئی ہے۔
پولیس سرجن نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران مقتول بچے کے مختلف اعضا کے سیمپل لے کر کیمیکل ایگزامن کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، مقتول مغوی بچے کی نماز جنازہ اور تدفین ظہر میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مقتول کمسن بچہ سعد علی 18 ستمبر کی شام گھر کے باہر سے لاپتا ہوا تھا جس کے اغواء کا مقدمہ لانڈھی تھانے میں درج کیا گیا اور پانچ روز بعد پیر کی شب گھر کے قریب کچرا کنڈی سے چند روز پرانی لاش ملی تھی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بلوچستان: کچھی میں تھانہ نذر آتش، کوئٹہ میں چیک پوسٹ پر دستی بم کا حملہ
نامعلوم مسلح افراد نے منگل کی شام ضلع کچھی میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے اسے آگ لگا دی، جب کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک چیک پوسٹ کو دستی بم (ہینڈ گرینیڈ) سے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
نجی اخبار میں شائع خبر کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس تقریباً 2 درجن نامعلوم ملزمان نے کٹھان پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، یہ پولیس اسٹیشن حال ہی میں محکمہ لائیو اسٹاک کی ایک عمارت میں قائم کیا گیا تھا اور لیویز اہلکاروں کے پولیس میں انضمام کے بعد پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
حملہ آور دو کمروں پر مشتمل اس پولیس اسٹیشن کے اندر داخل ہوئے اور سرکاری ریکارڈز اور فرنیچر کو آگ لگا دی، انہوں نے وہاں سے دو رائفلیں (جن میں ایک ایس ایم جی اور ایک جی-3)، ایک موبائل فون اور ایک نجی موٹر سائیکل لیکر فرار ہو گئے۔
ایک سینئر اہلکار کے مطابق حملہ آوروں کی بڑی تعداد کے باعث قریبی نجی مکان میں موجود سابق لیویز اہلکار مؤثر جواب نہیں دے سکے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔
مقامی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
واقعے کی تحقیقات محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سبی رینج نے شروع کر دی ہیں۔
چیک پوسٹ پر حملہ
کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہینڈ گرینیڈز سے حملہ کیا۔
پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل سواروں نے چیک پوسٹ پر 2 گرینیڈ پھینکے، جو قریب ہی پھٹے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چیک پوسٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، لیکن حملہ آور گرینیڈ پھینکنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔