کراچی؛ اے این پی عہدیدار کو تلاوت قرآن کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
کراچی:
سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے عہدیدار کو قتل کر دیا، مقتول کو اس وقت گولیاں ماری گئی جب وہ قران پاک کی تلاوت کر رہے تھے۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگ زیب خٹک اور علاقے کے ایس ایچ او ولایت شاہ نے بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے جنجال گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 55سالہ سمیع اللہ باجوڑی کو قتل کردیا اور فرا ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ڈی ایس پی اورنگ زیب خٹک اور ایس ایچ او ولایت شاہ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول اپنے گھر میں قائم بیٹھک پر قرآن پاک پڑھ رہا تھا کہ اس دورا ن دو نامعلوم ملزمان نے بیٹھک میں گھس کر مقتول کو تین گولیاں مار کر قتل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تاہم پولیس نے جائے وقوع سے خول اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول سمیع اللہ باجوڑی اے این پی کے علاقائی صدر تھے اور ان پر اس قبل بھی حملہ ہوچکا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ ابتدائی معلومات میں پولیس کو مقتول کے اہل خانہ اور رشتے داروں نے الزام عائد کیا کہ یہ واقعہ ذاتی دشمنی ہوسکتا ہے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان رحمان بابر نے بتایا کہ سمیع اللہ باجوڑی اے این پی ضلع شرقی نیو سبزی منڈی یوسی 8 کے صدر تھے۔
ترجمان نے کہا کہ اے این پی اس واقعے کی مذمت کرتی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون گرفتار
اسکرین گریب/ ایکسکراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
سولجر بازار کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی ہے، ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمہ کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ اور فرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔