نیو کراچی ، جیولری شاپ پر ڈکیتی، فائرنگ ، 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی
اشاعت کی تاریخ: 5th, November 2025 GMT
کراچی:(نیوز ڈیسک)نیو کراچی باڑا مارکیٹ میں جیولری شاپ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے۔
خواجہ اجمیر نگری تھانے کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو سی فور باڑا مارکیٹ بسم اللہ جیولری شاپ میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے جبکہ مسلح ملزمان واردات کے دوران طلائی زیورات لوٹ کرفرار ہوگئے۔
زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈز کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت غلام یاسین اور عبدالکریم کے ناموں سے کی گئی، واردات کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی سینٹرل سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیرنگری سرفرازراجپوت نے بتایا کہ واردات میں ملوث ملزمان کی تعداد 4 تھی اور وہ 2 موٹر سائیکلوں پرسوارتھے، سیکیورٹی گارڈز ٹانگ میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مسلح ملزمان کی جانب سے لوٹے گئے طلائی زیورات کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، پولیس نے جائے واردات سے شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔