پولیس اہلکاروں کا ای چالان سے بچنے کیلیے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں پر گشت
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گشت کرنے کی متعدد وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لے لیا ہے اور تمام زونل ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور فیلڈ افسران کو فوری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واضح کیا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں ناصرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ شہریوں میں پولیس کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کوئی بھی سرکاری موبائل یا پولیس کی زیرِ استعمال موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ کے سڑک پر نہ لائی جائے، بصورتِ دیگر متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل وڈیوز میں دیکھا گیا کہ ڈیفنس، شاہراہِ قائدین، جیل روڈ اور حسن اسکوائر سمیت مختلف علاقوں میں پولیس موبائلز‘ ٹریفک پولیس کی موٹر سائیکلیں اور ڈمپرز بغیر نمبر پلیٹ کے سڑکوں پر دوڑتے نظر آئے۔ بعض اہلکاروں نے تو موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ کے نصف ہندسے غائب کر دیے تاکہ ای چالان سسٹم سے بچا جاسکے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں نے بغیر نمبر پلیٹ موبائل کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کارروائی بھی کی جس پر شہریوں نے سوال اٹھایا کہ قانون نافذ کرنے والا ادارہ خود قانون کی خلاف ورزی کیوں کر رہا ہے۔ شہریوں نے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کی وڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس کے بعد عوامی تنقید میں اضافہ ہوا۔ متعدد شہریوں نے مطالبہ کیا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، چاہے وہ عام شہری ہو یا پولیس اہلکار۔ ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ تمام فیلڈ افسران اپنے ماتحت عملے کی سخت نگرانی کریں کیونکہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے استعمال میں ملوث اہلکاروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے بعد متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں پولیس
پڑھیں:
کراچی میں گزشتہ روز 3400 سے زائد ای چالان، سب سے زیادہ چالان کس خلاف ورزی پر ہوئے؟
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر الیکٹرانک چالان کا سلسلہ جاری ہے۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیر کے دن 3485 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے جن میں سے سب سے زیادہ 2433 ای چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر کیے گئے۔ ٹریفک پولیس کا بتانا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر 511، دوران سفر موبائل فون کے استعمال پر 78 ای چالان ہوئے جب کہ غلط سمت سے آنے پر 27 اور اوور اسپیڈنگ پر 51 چالان کیے گئے۔ٹریفک پولیس کے مطابق بس کی چھت پر مسافروں کو بٹھانے پر45 ای چالان اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر 5 ای چالان کیے گئے۔