جے یو آئی نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سینیٹر احمد خان کو فارغ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, November 2025 GMT
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے سینیٹر احمد خان کو جماعت سے خارج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کی قیادت نے سینیٹر احمد خان کے خلاف کارروائی اُس وقت کی جب انہوں نے ایوانِ بالا میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، حالانکہ پارٹی نے حکومتی بل کی مخالفت کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مولانا عطاءالرحمٰن اور صوبائی امیر بلوچستان سینیٹر مولانا عبد الواسع کی سفارش پر کیا گیا۔
مرکزی قیادت نے احمد خان کو پارٹی سے نکالنے کے ساتھ ساتھ انہیں سینیٹ کی نشست سے فوری استعفے کی ہدایت بھی دی ہے۔ پارٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے استعفیٰ نہ دیا تو جمعیت علمائے اسلام ان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کی گئی تھی، جس کے حق میں حکومتی اراکین کے ساتھ پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی کے احمد خان نے بھی ووٹ دیا تھا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے استعفیٰ دے دیا
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کیخلاف 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔
سینیٹ اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کاہ کہ پاک بھارت جنگ میں پاک فوج کا جو کردار تھا اس سے انڈیا نے ذلت اٹھائی، اس شکست کو انڈیا پہلے نہیں مان رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جتنی عزت صدر ثرمپ نے فیلڈ مارشل کو دی کسی کو نہیں دی، میں نے ووٹ فیلڈ مارشل کی وجہ سے دیا اور جنرل عاصم منیر کی وجہ سے ووٹ دینے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی ترمیم کے موقع پر میرے خاندان کے دس افراد اٹھائے گئے تھے اُس کے بعد میری پارٹی نے میرے لیے کیا آواز اٹھائی۔
سیف اللہ ابڑو نے اعلان کیا کہ میں اپنی سینیٹر شپ سے استعفی دیتا ہوں۔
مستعفی ہونے کا اعلان سُن کر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے استعفی دے دیا، ہم آپ کو پھر سینیٹر بنوائیں گے۔
قبل ازیں 27ویں آئینی ترمیم مین سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا پارٹی پارٹی کے مخالف ووٹ دینے پر پی ٹی آئی نے سیف اللہ ابڑو کے خلاف 63 اے کے تحت کاروائی کا فیصلہ کیا۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سیف اللہ ابڑو نااہل ہو چکے ہیں ہم ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں گے، بطور پارلیمانی لیڈر میں نے تمام سینیٹرز کو ووٹ نا دینے کی ہدایت کی تھی۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سیف اللہ ابڑو نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے اور حکومت کو ووٹ دیا ہے۔