لبنان کے آرمی چیف ملک کے نئے صدر منتخب
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 جنوری 2025ء) لبنان میں آج جمعرات نو جنوری کو ملک کے آرمی چیف جوزف عون کو بطور صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت اس خطے میں طاقت کے توازن میں تبدیلی کو بھی ظاہر کرتی ہے اور اس سے یہ بھی عیاں ہوتا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تباہ کن جنگ کے بعد ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کی طاقت کم ہوئی ہے۔
اس تبدیلی نے ایک ایسے ملک میں سعودی اثر و رسوخ کے احیاء کا اشارہ بھی دیا ہے، جہاں ریاض کے کردار کو ایران اور حزب اللہ نے بہت پہلے محدود بنا دیا تھا۔
لبنان کے فرقہ وارانہ طاقت کی تقسیم کے نظام میں ایک میرونائٹ مسیحی کے لیے مخصوص صدارتی عہدہ اکتوبر 2022 میں میشل عون کی مدت ختم ہونے کے بعد سے خالی تھا۔ منقسم دھڑوں کے ساتھ 128 نشستوں پر مشتمل پارلیمنٹ کسی ایسے امیدوار پر متفق نہیں ہو سکی تھی، جو کافی ووٹ حاصل کر سکے۔
(جاری ہے)
جوزف عون پہلے راؤنڈ کے ووٹوں میں درکار 86 ووٹوں سے بھی کم حاصل کر پائے تھے لیکن دوسرے راؤنڈ میں وہ 99 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے مطابق جوزف عون حزب اللہ اور اس کی شیعہ اتحادی امل موومنٹ کے قانون سازوں کے ووٹوں کے بعد ہی یہ عہدہ حاصل کر پائے ہیں۔ بدھ کے روز عون اس وقت مضبوط امیدوار بنے، جب حزب اللہ کے طویل ترجیحی امیدوار سلیمان فرنجیہ نے فوج کے کمانڈر کی حمایت میں دستبرداری کا اعلان کیا۔
تین لبنانی سیاسی ذرائع نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ اس سے قبل فرانسیسی اور سعودی ایلچی بیروت میں سرگرم تھے اور انہوں نے سیاست دانوں سے ملاقاتوں میں عون کو منتخب کرنے پر زور دیا تھا۔
سعودی شاہی عدالت کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ فرانسیسی، سعودی اور امریکی سفیروں نے حزب اللہ کے قریبی اتحادی اور پارلیمانی اسپیکر نبیہ بیری کو بتایا تھا کہ بین الاقوامی اور سعودی عرب کی طرف سے آئندہ مالی امداد کا انحصار عون کے انتخاب پر ہے۔
عون کے حق میں ووٹ دینے والے حزب اللہ مخالف مسیحی قانون ساز مشیل معوض نے کہا کہ عالمی برادری کی طرف سے ایک واضح پیغام ہے کہ وہ لبنان کی حمایت کے لیے تیار ہے لیکن اس کے لیے ایک صدر اور ایک فعال حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ووٹنگ سے قبل انہیں سعودی عرب کی جانب سے حمایت کا پیغام ملا ہے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان نومبر میں واشنگٹن اور پیرس کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات کو آگے بڑھانے میں عون کا کلیدی کردار تھا۔ 60 سالہ عون سن 2017 سے امریکی حمایت یافتہ لبنانی فوج کے کمانڈر ہیں۔
ا ا / ا ب ا (روئٹرز)
.ذریعہ: UrduPoint
پڑھیں:
پاکستان کی اسرا وسیم جوجٹسو ایتھلیٹس کمیشن کی رکن منتخب
پاکستان کی اسرا وسیم جوجٹسو ایتھلیٹس کمیشن کی رکن منتخب ہوگئیں۔
جے جے آئی ایف ایتھلیٹ کمیشن عالمی سطح پر جوجِٹسو ایتھلیٹس کے مفادات کی نمائندگی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
کمیشن کے دو منتخب اراکین کو جے جے آئی ایف بورڈ کے ووٹنگ ممبران کے طور پر مکمل حقِ رائے دہی حاصل ہے، جس سے ایتھلیٹس کی آواز کو براہِ راست پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جاتا ہے۔
منتخب اراکین کا تعلق پاکستان، یوکرین، آسٹریا، ایران، امریکا اور میکسیکو سے ہے۔
ان انتخابات میں وہ تمام بین الاقوامی جوجِٹسو ایتھلیٹس شرکت کے اہل تھے، جنہوں نے گزشتہ چار برسوں میں جے جے آئی ایف سے منظور شدہ مقابلوں میں حصہ لیا۔
ووٹنگ گزشتہ روز تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں منعقد ہوئی۔
انتخابات کے بعد ایتھلیٹ کمیشن کے اجلاس میں اسرا وسیم (پاکستان) اور ڈمیٹرو ٹرون (یوکرین) کو سادہ اکثریت سے ایتھلیٹ کمیشن کے نمائندہ اسپیکرز کے طور پر منتخب کیا گیا۔
یہ انتخاب جے جے آئی ایف کی قیادت اور رکن ممالک کے ایتھلیٹس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
جوجٹسو فیڈریشن حکام کے مطابق یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے کہ بین الاقوامی فورم پر ہماری ایتھلیٹ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔