ارفع کریم کی 13 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
لاہور : آج دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم کی 13 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ ارفع کریم نے صرف 9 سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کر کے آئی ٹی کی دنیا میں تہلکہ مچایا تھا۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی نے دنیا بھر میں نوجوانوں کے لئے ایک نئی امید کی کرن پیدا کی۔
ارفع کریم کو ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں پر کئی بڑے اعزازات سے نوازا گیا، جن میں پاکستان کا اہم ترین "پرائیڈ آف پرفارمنس” ایوارڈ بھی شامل تھا۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے ارفع کریم کو اپنے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرانے کی دعوت دی تھی، جو ان کی شاندار کامیابی کی ایک اور علامت تھی۔
22 دسمبر 2011 کو ارفع کریم کو مرگی کا دورہ پڑا، اور 14 جنوری 2012 کو وہ کومے میں ہونے کے بعد انتقال کر گئیں۔ ان کی وفات نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک خلا چھوڑا۔
ارفع کریم نہ صرف سائنس اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھتی تھیں بلکہ شاعری میں بھی ان کی خاص مہارت تھی۔ ان کی ذہانت اور کامیاب زندگی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے، اور ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
صدر اے ایف سی اور سینئر نائب صدر فیفا پاکستان کا دورہ کرینگے
اسلام آباد:پاکستان میں کھیلوں، خصوصاً فٹ بال کے فروغ کے ایک نئے باب کے آغاز کے طور پر ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر، بحرین کے شاہی خاندان کے معزز رکن جناب شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ، 4 تا 7 نومبر 2025 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو اس دورے کے دوران ’اسٹیٹ گیسٹ‘ کا درجہ دیا گیا ہے۔ان کے ہمراہ اے ایف سی کے اعلیٰ عہدیداران اور دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
دورے کے دوران شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی ملاقاتیں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں فٹ بال کے شعبے میں انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع میں فروغ و توسیع، اور پاکستان میں اسپورٹس ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء کا کہنا تھا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر، فیفا کے سینئر نائب صدر اور بحرین کے شاہی خاندان کے معزز رکن جناب شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہ تاریخی دورہ پاکستان میں فٹ بال کے نئے دور کی بنیاد رکھے گا اور نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ پاکستان اور بحرین سمیت ایشیائی ممالک کے درمیان اسپورٹس سفارت کاری، یوتھ ایمپاورمنٹ اور علاقائی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔
حکومتِ پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور متعلقہ ادارے اس دورے کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے چکے ہیں۔