گلوکار جواد احمد بڑی مشکل میں پھنس گئے، مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
معروف گلوکار جواد احمد بجلی چوری کے تنازعے میں لیسکو عملے کے ساتھ تلخ کلامی کے الزام میں مشکل میں پھنس گئے۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ جوہر ٹاؤن میں گلوکار جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر پر پیش آیا، جہاں لیسکو عملہ بجلی چوری کی تحقیقات کے لیے پہنچا تھا۔
لیسکو کی جانب سے تھانہ نواب ٹاؤن میں درج کرائی گئی درخواست میں گلوکار جواد احمد، ان کے ساتھی عدیل اور چار نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق، جواد احمد نے موقع پر پہنچ کر عملے کے ساتھ گالم گلوچ کی اور عملے کو دھمکایا۔ مزید یہ بھی الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اپنی گاڑی (ویگو ڈالا) عملے پر چڑھانے کی کوشش کی۔
لیسکو حکام نے بتایا کہ بیوٹی پارلر کے بجلی میٹر میں چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی، جس کا مقصد بجلی چوری کرنا تھا۔ بجلی کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے پارلر کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے۔
پولیس کو درخواست موصول ہو چکی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ لیسکو نے اعلیٰ حکام کو بجلی چوری کے شواہد اور دیگر تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ اس معاملے پر ابھی تک جواد احمد یا ان کے ترجمان کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بجلی چوری
پڑھیں:
برطانیہ: لیجنڈ گلوکار کے کدوؤں سے بنے موزائک نے ریکارڈ بنا دیا
برطانیہ کے ایک فارم نے لیجنڈ راک گلوکار اوزی اوسبورن کا کدوؤں سے موزائک بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ساؤتھمپٹن میں واقع سنی فیلڈز فارم نے سیکڑوں کدوؤں کو ترتیب دے کر 2281 مربع فٹ پر لیجنڈ گلوکار کا موزائک بنایا۔ جس نے کدوؤں سے بنائے گئے دنیا کے سب سے بڑے موزائک کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
موزائک کی رُونمائی ایک تقریبا میں کی گئی جس میں اوزی اوسبورن کی اہلیہ شیرون اور بیٹی کیلی نے شرکت کی۔
میٹل بینڈ بلیک سیباتھ کے لیڈ گلوکار اوزی اوسبورن کا انتقال رواں برس 22 جولائی کو 76 برس کی عمر میں ہوا۔