سردارعبدالرحیم سے حسین محنتی کی ملاقات،پانی کانفرنس کی دعوت
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے وفد نے صوبائی رہنما محمد حسین محنتی کی قیادت میں مسلم لیگ ف کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے ترجمان سردار عبدالرحیم خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں جماعت اسلامی کے تحت 26 جنوری کو حیدرآباد میں پانی کی کمی اور 6 کینال نکالنے کے خلاف منعقدہ پانی کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے اسے خوش آئند اور اپنی شرکت کا یقین دلادیا۔ سردار عبدالرحیم نے کہاکہ پانی سندھ کے لیے زندگی و موت کا مسئلہ بن گیا ہے پہلے ہی پانی کی شدید قلت کی وجہ سے سندھ کی زراعت و معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے۔اب مزید پانی پر ڈاکے سے سندھ تباہ ہوجائے گا کراچی بھی اس سے سخت متاثر ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دریائے سندھ سے نہروں کے منصوبے سے لیکر زمین کمپنی سرکار کے حوالے کرنے تک پیپلز پارٹی کا دوہرا اور سندھ دشمن کردار عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ 25 جنوری کو دریاء بچاؤ تحریک کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں سندھ کے پانی و زمینوں پر ڈاکہ کے خلاف تحریک کا ائندہ کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔جماعت اسلامی سندھ کے رہنما سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ سندھ کے عوام کے شدید احتجاج کے ںاوجود دریائے سندھ پر 6نہریں نکالنے کی حکمرانوں کی ضد نے قومی یکجہتی کو داؤ پر لگادیا۔ کینال نکالنے کا منصوبہ ارسا ایکٹ اور آئین کی خلاف ورزی ہے عدل وانصاف کی بجائے حکومت طاقت و ڈنڈی کی بنیاد پر اقدامات کے نتائج ماضی کی طرح اب بھی ملک و قوم کے حق میں بہتر نہیں نکلیں گے حکمرانوں کو ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔26 جنوری کو جماعت اسلامی سندھ کے تحت حیدرآباد میں ہونے والی پانی کانفرس میں سیاسی رہنما، آبادگار اور زرعی و پانی ماہر سندھ کے پانی کا مقدمہ پیش کریں گے اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، سید رضا بھی موجود تھے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی سندھ کے پانی کا
پڑھیں:
پہلگام میں بدترین دہشتگردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں، جماعت اسلامی ہند
سید سعادت اللہ حسینی نے سول سوسائٹی، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایسے بیانیوں سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہوں۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں منگل کے روز ہونے والے ہولناک دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں 26 بے گناہ افراد بشمول غیر ملکی سیاح جاں بحق ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر نے اس المناک واقعہ پر اپنے گہرے رنج و غم اور غصے کا اظہار کیا اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم پہلگام میں منگل کے روز ہونے والے بدترین دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس حملے میں بے گناہ جانوں کا جانا، جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، انتہائی افسوسناک ہے، ہماری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس طرح کے وحشیانہ فعل کی کوئی بھی توجیہ نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر غیر انسانی حملہ ہے، اس کی واضح الفاظ میں غیر مشروط مذمت ہونی چاہیئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حملے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دی جائے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی مقصد، سیاسی ہو، نظریاتی یا کوئی اور ہو، اس طرح کی درندگی کا جواز قطعی نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غیر انسانی عمل ہے، جو ہر اخلاقی اور انسانی ضابطے کی سخت خلاف ورزی ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے ریاستی اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے فوری، فیصلہ کن اور شفاف اقدامات کرے اور کشمیر میں سکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنائے اور کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے سول سوسائٹی، مذہبی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایسے بیانیوں سے گریز کریں، جو مزید کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہوں یا بے گناہ گروہوں کو نشانہ بنا سکتے ہوں۔