WE News:
2025-04-25@11:25:56 GMT

امریکی سیاست اور مذہبی ٹچ

اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم۔ اما بعد !

حیرت ہوئی نا کہ ہم نے کالم کا آغاز خطبے سے کیسے کردیا؟ ایسا پچھلے 35 برسوں میں تو کبھی نہ کیا۔ تو حضور ایسا ہے کہ یہ حضرت ڈونلڈ جان ٹرمپ بہادر دام اقبالہ کی تقریب حلف برداری کا اثر ہے۔ اب یہ نہ کہیے گا کہ آپ یہ نہیں جانتے کہ امریکی اقتدار کے اثرات پاکستان سمیت دنیا کے ہر ملک پر مثبت یا منفی کسی نہ کسی صورت پڑتے ضرور ہیں۔ سو ہمارا خطبہ انہی اثرات کا نتیجہ ہے۔

کیا تقریب تھی صاحب! وہ تو شکر ہے کہ ٹرمپ نے اس تقریب سے خطاب بھی فرما دیا جس سے واضح ہوا کہ یہ سیاسی سرگرمی ہے۔ ورنہ ٹرمپ کی تقریر سے قبل و بعد تو صورتحال یہ تھی کہ ایک بعد ایک پادری مائیک سنبھالتا رہا، یا پھر مذہبی گائیکوں کی سرگرمیاں ہی چلتی رہیں۔ اور تو اور ملٹری بینڈ بھی مذہبی دھنیں بکھیرتا رہا۔ اگر آپ نے حالیہ صدارتی مہم کو بغور فالو کیا ہو تو یہ بھی جانتے ہوں گے کہ اس انتخابی مہم میں ٹرمپ نے بائبل کے لاکھوں نسخے مفت بھی تقسیم کروائے اور فروخت بھی کروائے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ٹرمپ کی لگ بھگ ہر انتخابی تقریر میں کوئی نہ کوئی مذہبی ٹچ بھی ضرور شامل تھا۔

بات یہیں ختم نہیں ہوجاتی بلکہ اقتدار کے پہلے روز ٹرمپ نے جو ایگزیکٹو آڈرز جاری کیے، ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ انسان کی صرف 2 جنسیں ہی۔ ایک مرد، دوسری عورت۔ یہ خالصتاً مذہبی آڈر ہے۔ اور اسے سمجھنے کے لیے بائبل ہی نہیں قرآن مجید کی بھی مدد لی جا سکتی ہے۔ جہاں اللہ سبحانہ 3 سے زائد بار فرما چکے کہ ہم نے انسان کو مرد و عورت کے جوڑے کی صورت پیدا کیا ہے۔ اگر کسی کو آسمانی کتب سے چڑ بھی ہے۔ اور وہ اس چڑ کے اظہار کو ماڈرن ہونے کی دلیل بھی سمجھتا ہےتو ان کے لیے ‘لاجک’ کا سہارا بھی حاضر ہے۔ کیا کسی خواجہ سرا کو یہ حق دیا جاسکتا ہے کہ وہ خواتین کا لاکر روم، یا واش روم استعمال کرے؟ کیا کسی خواجہ سرا کو یہ حق دینا لاجک سے درست ثابت کیا جاسکتا ہے کہ وہ اسپورٹس میں خواتین کی ٹیم کا ممبر بنے؟ اور باکسنگ رنگ میں خواتین کے جبڑے توڑے؟ جس کی صورت زنانہ اور ’آلات‘ مردانہ ہیں اسے خواتین کے سرکل میں جو بائیڈن نامی عظیم لبرل نے پہنچایا تھا۔

اس فیصلے کے خلاف امریکی اسکولوں کی بچیاں روتے ہوئے امریکی کانگریس تک پہنچ گئیں۔ جہاں ہاؤس اور سینیٹ نے ان کی باقاعدہ سماعت کی۔ پھر حد دیکھیے کہ اس امریکی پالیسی کو اولمپکس تک پر مسلط کیا گیا۔ اور ایک خاتون باکسر کا جبڑا خواجہ سرا کے پنچ سے تڑواکر اس پر فخر کیا گیا۔ خاتون باکسر نے احتجاج کیا تو اگلے 24 گھنٹوں میں اس سے معذرت کروائی گئی۔ کوئی ہمیں بتائے کہ کیا ورلڈ اولمپک ایسوسی ایشن امریکا کا قومی ادارہ ہے؟ امریکی ریاست کا داخلی فیصلہ پوری دنیا پر کس عالمی قانون کے تحت مسلط کیا گیا؟

کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ انکل سام بابا اور ان کے 40 چور یعنی یورپین ممالک بین الاقوامی سطح پر روبہ عمل عالمی بندوبست کو کیا نام دیتے ہیں؟ اس بندوبست کو ’رولز بیسڈورلڈ آڈر‘ کہا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ رولز کسے کہتے ہیں؟ نکما ترین وکیل بھی آپ کو بتا سکتا ہے کہ قانون کا باب 3 درجات پر مشتمل ہے۔ سب سے بالاتر آئین ہے۔ یہ وہ اصول اور حقوق طے کرتا ہے جن کی روشنی میں قوانین بنتے ہیں۔ چنانچہ ایسا قانون پارلیمنٹ بھی پاس نہیں کرسکتی جو آئین سے متصادم ہو۔ آئین کے بعد قانون کی باری آتی ہے۔ یہ بھی اتنی اہم چیز ہے کہ اگر صدر مملکت نامی فرد واحد کوئی آرڈیننس جاری کردے تو وہ بھی قانون کا مستقل حصہ تب ہی بن سکتا ہے جب پارلیمنٹ اس کی باقاعدہ منظوری دیدے۔ اس کے بعد نمبر ہے رولز نامی اس تیسری چیز کا جس کا پارلیمنٹ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ یہ سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ادارے اپنے روز مرہ کے ڈسپلن کے لیے تشکیل دیتے ہیں۔ مثلاً سپریم کورٹ کےججز آپس میں بیٹھ کر طے کر لیتے ہیں کہ بیک لاگ سے کس طرح نمٹنا ہے؟ اور اس کے لیے جو رولز وہ طے کرلیں اس پر تب تک عمل کرتے ہیں جب تک کوئی اگلی فل کورٹ میٹنگ اسے تبدیل نہ کردے۔

اب اگر آپ قانون کی دنیا سے سطحی سا بھی تعارف رکھتے ہوں تو جانتے ہوں گے کہ یہ دنیا ہمیشہ ’انٹرنیشنل لا‘ کے تحت چلتی رہی ہے۔ بلکہ اس ماڈرن دور میں تو یہ بندوبست بھی موجود ہے کہ صرف لا نہیں بلکہ ایک عالمی آئین بھی موجود ہے جسے اقوام متحدہ کا چارٹر کہا جاتا ہے۔ لیکن کیا یہ ماڈرن ورلڈ عالمی قانون کے تحت چل رہا ہے؟ نہیں، خود امریکا اور اس کے یورپین چمچے صاف صاف کہتے ہیں کہ یہ دنیا رولز بیسڈ ورلڈ آڈر کے تحت چل رہی ہے۔ اور ہم روس اور چین کو اس بات کی اجازت بالکل نہیں دیں گے کہ وہ اسے چیلنج کریں۔ اور دنیا کو عالمی قوانین کے تحت چلانے کی سازش کریں۔ رولز بیسڈ ورلڈ آڈر کا مطلب ہے نری عالمی آمریت۔ جب کسی ملک پر آمریت مسلط ہوتی ہے تو آمر پہلا کام ہی یہ کرتا ہے کہ آئین کو معطل کردیتا ہے۔ اور اعلان کردیتا ہے کہ آج کے بعد مابدولت کی خواہشات اور ان کے تحت جاری ہونے والے فرمان ہی چلیں گے۔

آمر ججز سے نیا حلف کیوں اٹھواتا ہے؟ یہ دراصل اس حلف کی نفی کے لیے ہوتا ہے جو آئین سے وفاداری کے لیے اٹھایا گیا ہوتا ہے۔ سو آمر کہتا ہے، آج کے بعد میری وفادری ہی قابل قبول ہوگی۔ جو میرا وفادار نہیں بن سکتا وہ گھر جائے۔ یوں آمریت کسی بھی ملک میں درحقیقت آئین و قانون کو لپیٹ کر جاری کیا گیا ’رولز بیسڈ آڈر‘ ہی ہوتا ہے۔ یہی آمریت اس دنیا پر سوویت زوال کے بعد سے مسلط ہے۔ اور ہمارے لبرلز ہمیں بتاتے ہیں کہ یہ عالمی آمریت مسلط کرنے والوں کا احترام ہی نہیں بلکہ ان کی عظمت کا اعتراف بھی تم پر واجب ہے۔ لہٰذا، انہیں ’مہذب اقوام‘ سمجھا کرو۔ ارے صاحب! وہ کہاں سے مہذب ہوگئے جو مردانہ آلات والے کھسرے کو خواتین پر مسلط کریں؟

یہ بھی پڑھیں: امام غزالی، دینی تعلیم اور مُلا

 اگر خواجہ سرا کو مرد یا عورت میں سے کسی ایک کیمپ میں دھکیلنا ہی تھا تو اسے مرد کے کیمپ میں کیوں نہ دھکیلا گیا؟ ایسا نہ کرنے میں اس کا اپنا جبڑا بچانے کے سوا کوئی اور مقصد ہوسکتا ہے؟ اتنا تو پچھلی 4 سالہ لبرل امریکی حکومت کو بھی معلوم تھا کہ خواجہ سرا کو مرد کے کیمپ میں بھیجا تو یہ پٹے گا اور بری طرح پٹے گا۔ چنانچہ اسے بھیجا کہاں گیا؟ خواتین کے کیمپ میں۔ اور اس کے باوجود لبرل بنتے بھی خواتین کے حقوق کے سب سے بڑے چیمپیئن ہیں۔

اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ کہ پچھلے 4 سال کے دوران لبرلزم کے پایہ تخت امریکا میں خواتین کو خواجہ سرا کی مدد سے بری طرح ہراساں کیا گیا ہے۔ ان کے حقوق ہی نہیں پرائیویسی بھی پائمال کی گئی ہے۔ اور اس کا خاتمہ کس نے کیا؟ اس ڈونلڈ ٹرمپ نے جسے ہمارے لوکل لبرلز دنیا کا سب سا بڑا احمق اور پتا نہیں کیا کیا بتاتے ہیں۔ اگر خواجہ سرا کو خواتین پر مسلط کرنا عقل ہے تو ہم ایسی عقل پر 3 کیا 6 حرف بھیجتے ہیں۔ اور اگر خواتین باکسرز کے جبڑے خواجہ سرا باکسر کے پنچ سے محفوظ بنانا حماقت ہے تو ایسی حماقت بصد جاں قبول ہے۔

بات صرف خواجہ سرا اور اس کے پنچ تک کہاں! ایک اہم سوال تو یہ بھی ہے کہ ہمیں تو لوکل لبرلز نے یہ بتا رکھا تھا کہ سیکولرازم کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مذہب کا ریاستی امور سے کوئی لینا دینا نہیں۔ مذہب لفظ تو زہریلا پن کم کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے ورنہ کہنا وہ یہ چاہتے کہ خدا، اس کی کتابوں اور پیغمبروں کو ریاستی امور میں دخل کی ’اجازت‘ نہیں۔ چلیے مان لیا کہ سیکولرازم کا یہی مطلب ہے اور امریکا ایک سیکولر ریاست ہے۔ ہماری بس یہ رہنمائی کردی جائے کہ ٹرمپ کی پوری تقریب حلف برداری ایک مذہبی تقریب کا رنگ کیوں لیے ہوئے تھی؟ جب ریاست سیکولر ہے تو اسے چلانے والے صدر نے حلف بائبل پر کیوں لیا؟ ممکن ہے آپ سوچیں کہ یہ تو محض اسی طرح کی رسمی کارروائی تھی جس طرح ہمارے ہاں بھی سرکاری تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوتا ہے۔ تو 2 باتیں سمجھ لیجیے !

پہلی یہ کہ ہمارے ہاں قرآن مجید کی تلاوت محض رسمی معاملہ نہیں۔ یہ ملک اپنے آئین کی رو سے اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے۔ سو ہماری سرکاری تقریب کی تلاوت قرآن کی بالادستی کا اعتراف ہوتا ہے۔ آپ بجا طور پر سوال اٹھا سکتے ہیں کہ یہ کیسی اسلامی ریاست ہے جہاں نہ روزگار ہے نہ حقوق؟ تو بھئی یہ راز سمجھنے کے لیے ارسطو جتنا دماغ نہیں درکار۔ جتنے قیراط کا یہاں مسلمان پایا جاتا ہے اتنے ہی قیراط کی یہ ریاست بھی اسلامی ہے۔ 21 قیراط والی اسلامی ریاست کے لیے تو 21 ہی قیراط کا مسلمان شہری بھی درکار ہے۔ کیونکہ ریاست قوم، آئین اور جغرافیے کے اشتراک سے وجود میں آتی ہے۔ قوم کا مذہبی و اخلاقی لیول پست ہو تو ریاست کا معیار بلند کیسے ہوسکتا ہے؟

دوسری بات یہ کہ امریکا میں معاملہ محض رسمی مذہبی ٹچ کا نہیں۔ آپ کو امریکی سپریم کورٹ کا پچھلے برس کا وہ فیصلہ تو یاد ہوگا جس میں اسقاط حمل کی اجازت کے وفاقی قانون کو کالعدم کیا گیا۔ کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ یہ فیصلہ بائبل کی روح کے مطابق دیا گیا تھا؟ امریکی سپریم کورٹ میں اس وقت قدامت پسند ججز کی اکثریت ہے۔ جنہیں روایتی زبان میں آپ ریپبلکن ججز کہتے ہیں۔ قدامت پسند امریکی وہ کہلاتے ہیں جو زنا اور ہم جنس پرستی کو قابل سزا جرم مانتے ہیں۔ جو اسقاط حمل کو بائبل کی تعلیمات کے منافی مانتے ہیں۔ چنانچہ ان ججز نے اسقاط حمل کے قانون کو اپنی مذہبی تعلیمات کی روح کے مطابق کالعدم کردیا۔

مزید پڑھیے: ہم، وجاہت مسعود اور ٹرک کی بتی

سو حضور! بات اتنی سمپل نہیں جتنی لوکل لبرل آپ کو بتاتا ہے۔ امریکا کو سمجھنا ہے تو اسے امریکا سے ہی سمجھیے۔ خود امریکیوں کو پڑھئے، سنیے۔ ورنہ لوکل لبرل آپ گمراہ کرتا رہے گا۔ ریاست میں مذہب کا عمل دخل ہوگا یا نہیں یہ کشمکش ابھی امریکا میں بھی بدستور جاری ہے۔ حاوی لبرلز ہیں لیکن اب ان کے خلاف ماگا کے نام سے ایک بڑی مزاحمت وجود میں آگئی ہے۔ اور ٹرمپ اسی مزاحمت کا آئی کان ہے۔ اب اس راز سے ہم بالکل بھی واقف نہیں کہ ہمارے لوکل لبرلز ان گوروں اور سیاہ فاموں کو بھی ’مہذب اقوام‘ میں شمار کرتے ہیں یا نہیں جو لبرل نہ ہوں۔ اور جو خواجہ سرا کے ہاتھوں خواتین کے جبڑے تڑوانے کے قائل نہ ہوں !

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

رعایت اللہ فاروقی

امریکا امریکا کا مذہبی ٹچ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری ڈونلڈ ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ کا مذہبی ٹچ.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: امریکا ٹرمپ کی تقریب حلف برداری ڈونلڈ ٹرمپ خواجہ سرا کو خواتین کے اور اس کے ہیں کہ یہ کیمپ میں کیا گیا ہی نہیں ٹرمپ کی ہوتا ہے کے بعد کے لیے کے تحت

پڑھیں:

ٹریڈوار، مذاکرات واحد اچھا راستہ

فیڈرل ریزرو چیئر کو صدر ٹرمپ نے خود تعینات کیا۔فیڈرل ریزرو چیئر جیروم پاول نے خبردار کیا ہے کہ نئے درآمدی محصولات سے افراطِ زر میں اضافہ ہو گا اور امریکا کے اندر معیشت کی بڑھوتی شدید متاثر ہو گی۔اس کے علاوہ عالمی معیشت سکڑے گی۔جیروم پاول نے یہ بھی کہا کہ محصولات عائد کرتے وقت اس سے پیدا ہونے والی غیر یقینی معاشی ایکٹوٹی کو نظر میں رکھنا چاہیے تھا۔ صدر ٹرمپ ،پاول کے اس بیان سے ناخوش ہیں اور ان کو فیڈرل ریزرو بورڈ کی چیئر پر نہیں دیکھنا چاہتے۔

جناب ٹرمپ کے مطابق پاول کو استعفیٰ دے دینا چایئے لیکن جب پاول سے اس بارے میں استفسار کیا گیا تو انھوں نے مستعفی ہونے سے یکسر انکار کر دیا۔ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ انھیں ہٹا سکتے ہیں تو انھوں نے کہا کہ نہیں۔Yuval Atsmon of Mackenziنے اس طرف اشارہ کیا ہے کہ ٹرمپ کے ان اقدامات سے کارپوریٹ منافع بری طرح متاثر ہو گا اور سپلائی Chainمیں تو ضرور خلل واقع ہو گا۔صدر ٹرمپ کچھ نیا نہیں کر رہے۔وہ جو کچھ کر رہے ہیں وہ اس پر برسوں سے یقین رکھتے ہیں اور تسلسل کے ساتھ کہتے آئے ہیں۔مشہور امریکی ٹی وی شوOprahکی میزبان کے ساتھ دسمبر 1988میں شو کے دوران بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہI will make allies pay.

ٹرمپ کی تجارتی جنگوں سے عالمی تجارت میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔عالمی GDPگرے گی،خاص طور پر ترقی پذیر ممالک جو زرَ مبادلہ کمانے کے لیے برآمدات پر انحصار کرتے ہیں،بہت حد تک متاثر ہوں گے۔عالمی سپلائی Chainپہلے ہی متاثر ہونا شروع ہو گئی ہے جس سے اشیاء کی پیداوار میں کمی آئے گی اور قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔بڑھتے ٹیرف سے Consumerکو زیادہ ادائیگی کرنی ہو گی۔ورلڈٹریڈ آرگنائزیشن WTO کا قیام ہی اس مقصد کے لیے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ ممالک اس پلیٹ فارم کو آپسی بات چیت کے لیے استعمال کریں اور کم سے کم ٹیرف لگائے جائیں ۔

اس معاملے میں امریکا نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اب امریکا ہی اس کے مقاصد کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گیا ہے۔ٹرمپ کے درآمدی محصولات کا بظاہر مقصد امریکی معیشت کو تحفظ فراہم کرنا اور تجارتی خسارے کو کم کرنا ہے،مگر اس کے منفی اثرات دنیا بھر میں محسوس ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ پالیسیاں،مہنگائی، عالمی تجارت میں خلل اور سفارتی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنتی جا رہی ہیں۔ان پالیسیوں سے عالمی معیشت ایک نئے اور مشکل دور میں داخل ہونے جا رہی ہے،جہاں تجارتی جنگیں،سیاسی اور اقتصادی پالیسیوں پر بوجھ بنیں گی۔

چند ہفتے پہلے ایک کالم میں لکھا جا چکا ہے کہ امریکا کے تمام اقدامات کا اصل ہدف چین ہے۔ چین امریکا کے اعصاب پر سوار ہے۔دوسری عالمی جنگ کے خاتمے پر امریکا جنگ میں شریک وہ واحد ملک تھا جس کو جنگ سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا،یوں امریکا ایک بڑی معیشت اور سپر پاور کے طور پر ابھرا۔تب سے اب تک امریکا کو چین جیسے حریف کا سامنا نہیں ہوا۔صدر ٹرمپ نے 2 اپریل کو کم و بیش 90ممالک پر درآمدی محصولات عائد کر دیے۔چھ اور سات اپریل کو دنیا کی تمام فنانشل مارکیٹس گر گئیں جس کے نتیجے میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔صدر ٹرمپ ٹریڈ وار کے ساتھ Stock market manipulationبھی کرتے رہے۔

جب شیئرز گر گئے تو انھوں نے کہا کہ یہ وقت ہے زیادہ سے زیادہ خریداری کا،اور اگلے روز انھوں نے عائد کردہ ٹیرف کو 90دن کے لیے Pauseکر دیا، یوں فنانشل مارکیٹس واپس اوپر اٹھیں اور خریداروں کو ایک دو دن میں بے پناہ منافع ہوا۔صدر ٹرمپ کا اصل ہدف چونکہ چین ہے اس لیے نوے دن کا Pauseکرتے ہوئے چین کے اوپر کوئی رعایت نہیں کی گئی اور چینی مصنوعات پر محصولات برقرار رکھے گئے۔ویسے لگتا ہے جناب ٹرمپ آنکھیں بند کر کے بلا سوچے سمجھے تیر چلا رہے ہیں۔انھوں نے انٹار کٹکا کے دو ایسے بے آباد جزائر پر بھی محصولات عائد کر دیے جہاں کوئی نہیں رہتا اور پچھلے دس سال میں وہاں کوئی گیا بھی نہیں۔ ہے نہ حیرت انگیز۔

صدر ٹرمپ کے عائد کردہ درآمدی محصولات کے جواب میں چین کینیڈا اور یورپی یونین نے امریکی مصنوعات پر سوچ سمجھ کر اور ہوشیاری سے جوابی ٹیرف عائد کر دیے ہیں۔البتہ ان ممالک نے امریکا کے ان سیکٹرز کو ٹارگٹ کیا ہے جہاں سے صدر ٹرمپ کو سب سے زیادہ سپورٹ ملی اور ووٹ حاصل ہوئے۔امریکی زرعی اجناس اور خاص کر مکئی ان ممالک کی منڈیوں میں بکتی ہے۔امریکی بیف بھی ان ممالک کے نشانے پر رہا۔امریکی سفید فام کسان اور کاروباری حضرات ان محصولات سے بہت متاثر ہوں گے۔

ان کو فوری طور پر نئی منڈیاں تلاش کرنی ہوں گی۔چین نے جوابی درآمدی محصولات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ چند چبھتے اقدامات بھی اُٹھائے ہیں۔ایک خبر کے مطابق چین نے مشہور طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے بہت سے طیارے خریدنے تھے۔بوئنگ کمپنی میں یہ طیارے تکمیل کے آخری مراحل میں تھے جب جناب ٹرمپ نے ٹریڈ وار چھیڑ دی۔چین نے اب بوئنگ کمپنی کو دیا گیا پورا آرڈر کینسل کرنے کا کہا ہے۔ یہ قدم بوئنگ کمپنی کو دیوالیہ کر سکتا ہے۔

چین نے ٹک ٹاک کو استعمال کرتے ہوئے بہترین انگریزی زبان میں براہِ راست امریکی صارفین تک رسائی حاصل کی ہے اور انھیں بتایا ہے کہ امریکا کے انتہائی مشہور مہنگے برانڈ،اپنا مال چین میں سستے داموں بنوا کر امریکا لے جاتے ہیں۔امریکا میں اپنا نام اور لوگو کندہ کروا کے بہت مہنگے داموں بیچتے اور امریکی و غیر ملکی عوام کو لوٹتے ہیں۔خواتین کا ایک لیدر بیگ جس کی امریکا میں کم از کم قیمت 30ہزار ڈالر سے اوپر ہے وہی بیگ چین میں بن کر امریکا صرف 1200ڈالر میں پہنچتا ہے۔

اس طرح امریکی کارپوریٹ منافع ہزاروں گنا ہے۔چین نے امریکی صارفین کو ایڈریس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہائی مہنگی برانڈڈ اشیاء سستے داموں آن لائن براہِ راست چین سے خریدیں اور بے بہا بچت کریں۔یوں چین نے مہنگے امریکی برانڈوں کا پول بھی کھول دیا ہے اور براہِ راست خریداری کی ترغیب بھی دی ہے۔چین نے یورپ،امریکا اور کینیڈا کے باشندوں کو ایک ہفتے کے لیے بغیر ویزا چین آنے اور خریداری کی سہولت بھی دی ہے۔یوں چین،ٹرمپ ٹریڈ وار کے جواب میں کئی اسمارٹmoves کر رہا ہے لیکن دونوں ممالک کے لیے سب سے بہترین راستہ گفت و شنید اور دوستانہ مذاکرات ہی ہیں۔اگر یہ راستہ اپنایا جائے تو ٹریڈ وار سے بچا جا سکتا ہے ۔

متعلقہ مضامین

  • امریکہ نئے دلدل میں
  • ٹریڈوار، مذاکرات واحد اچھا راستہ
  • کرکٹ میں بھی سیاست، پہلگام حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو کیا پیغام دیا؟
  • صدر ٹرمپ کا چین پر ٹیرف میں کمی کا عندیہ، امریکی ریاستوں کا عدالت سے رجوع
  • چین کے ساتھ ٹیرف معاہدہ جلد ممکن ہے‘ٹیرف کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے.ٹرمپ
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بڑا یوٹرن: چین کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اعلان
  • امریکا: ٹیکساس کے گورنر نے مسلمانوں کو گھروں اور مساجد کی تعمیر سے روک دیا
  • امریکی صدر کا یوٹرن، چین کے ساتھ معاہدہ کرلیں گے، ٹرمپ
  • امریکی صدر کا یوٹرن، چین کے ساتھ معاہدہ کرلیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
  • امریکی صدر ٹرمپ اگلے ماہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے