ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کو 35 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر شکست:سیریز برابر
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
ملتان:ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 121 رنز سے شکست دے کر 35 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر تاریخی فتح حاصل کرکے سیریز برابر کردی۔ پاکستانی ٹیم 254 رنز کے تعاقب میں صرف 133 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جس میں بابر اعظم 31 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
ویسٹ انڈیز کے اسپنر جومیل واریکن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ میں 4وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے سیریز میں مجموعی طور پر 19 وکٹیں لینے پر ’’پلیئر آف دی میچ‘‘اور ’’پلیئر آف دی سیریز‘‘کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ اوپنرز شان مسعود اور محمد ہریرہ نے صرف 2، 2 رنز بنائے جب کہ سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک رن کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان نے 25 اور سلمان علی آغا نے 19 رنز جوڑ کر کچھ مزاحمت کی، تاہم باقی پوری ٹیم ویسٹ انڈیز کے اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں244 رنز اسکور کیے تھے، جس میں کپتان کریگ براتھویٹ نے 52 رنز اور گڈاکیش موتی اور جومیل واریکن نے 18، 18 رنز بنائے۔ پاکستان کے اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں163 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستانی اسپنرز نے صرف ایک گھنٹے میں ان کے ابتدائی 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا تھا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم بھی صرف 154 رنز بناسکی، جس میں محمد رضوان 49 اور سعود شکیل 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی اس تاریخ ساز کامیابی کے بعد 2میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل ویسٹ انڈیز
پڑھیں:
ویسٹ انڈیز میں دنیا کا سب سے چھوٹا انوکھا سانپ 20 برس بعد دوبارہ دریافت
لاہور:ویسٹ انڈیز کے جزیرے باربدوس میں دنیا کا سب سے چھوٹا انوکھا سانپ 20 برس بعد دوبارہ دریافت کر لیا گیا۔
ماہرین کو یقین تھا کہ مذکورہ سانپ کی نسل انھیں مل جائے گی جس میں وہ کامیاب رہے کچھ عرصہ قبل سانپ ایک چٹان کے نیچے سے ملا تو سبھی حیران رہ گئے۔
یہ ’’باربدوس سانپ‘‘قدرت الٰہی کا حیرت انگیز نمونہ ہے جو محض 10 سینٹی میٹر قد رکھتا ہے، دیکھنے میں اسپیگٹی کا نوڈل لگتاہے یہ ہتھیلی میں باآسانی سما جاتا ہے اور یہ ایک غیر زہریلا سانپ ہے جو انسان کو کچھ نہیں کہتا،اس کو 20 سال بعد دیکھا گیاہے۔
اب ماہرین سمجھتے ہیں کہ جزیرے کی چٹانوں تلے مزید یہ انوکھے سانپ موجود ہیں ۔یہ سانپ بہت کم ملتا ہے دیگر اقسام کے برعکس اس کی مادہ سال میں صرف ایک انڈا دیتی ہے۔ نیز انسان نے باربدوس میں 99 فیصد جنگلات کا صفایا کر ڈالا ہے جس کی وجہ سے سانپ اپنے مسکن سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔