لاپتا افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) فقیر کھوکھر انتقال کرگئے
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج اور حکومت کی جانب سے حال ہی میں لاپتہ افراد کمیشن کے سربراہ مقرر کیے گئے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر انتقال کر گئے۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق لاپتا افراد کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کی نمازِ جنازہ آج آج مورخہ 29 جنوری لاہور میں بعد نمازِ عصر ادا کی جائے گی۔
اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ ڈی ایچ اے فیز 8 (پارک ویو) لاہور میں ادا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حکومت نے جسٹس (ر) فقیرمحمد کھوکھر کو ایک ہفتے قبل جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جگہ لاپتا افراد کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: افراد کمیشن
پڑھیں:
سپریم کورٹ نے ساس سسر قتل کے ملزم کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ساس سسر کے قتل کے ملزم اکرم کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی۔
عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں لاہور ہائیکورٹ کا عمر قید کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ میاں بیوی میں جھگڑا نہیں تھا تو ساس سسر کو قتل کیوں کیا؟ دن دیہاڑے 2 لوگوں کو قتل کر دیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ بیوی ناراض ہوکر میکے بیٹھی تھی۔ ملزم کے وکیل پرنس ریحان نے عدالت کو بتایا کہ میرا موکل بیوی کو منانے کے لیے میکے گیا تھا۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ وکیل صاحب آپ تو لگتا ہے بغیر ریاست کے پرنس ہیں۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ 2 بندے مار دیے اور ملزم کہتا ہے مجھے غصہ آگیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے سوال کیا کہ بیوی کو منانے گیا تھا تو ساتھ پستول لے کر کیوں گیا؟۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ مدعی بھی ایف آئی آر کے اندراج میں جھوٹ بولتے ہیں۔ قتل شوہر نے کیا، ایف آئی آر میں مجرم کے والد خالق کا نام بھی ڈال دیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ مدعی سچ بولے تو فوجداری مقدمات میں کوئی ملزم بھی بری نہ ہو۔
واضح رہے کہ مجرم اکرم کو ساس سسر کے قتل پر ٹرائل کورٹ نے سزائے موت سنائی تھی جب کہ لاہور ہائیکورٹ نے سزا کو سزائے موت سے عمرقید میں تبدیل کردیا تھا۔