190ملین پاؤنڈز کیس؛ عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر اعتراضات عائد
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر اعتراضات عائد کر دیے۔
رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے اپیلیں واپس کر دیں اور اعتراضات دور کرکے اپیلیں دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا ہے کہ اپیلوں کے ساتھ سرٹیفکیٹ منسلک نہیں، یہ کیس کسی دوسری عدالت میں زیر سماعت نہیں لہٰذا سرٹیفیکیٹ لگایا جائے جبکہ کچھ صفحات پر دستخط بھی نہیں کیے گئے۔
اعتراض دور کرنے کے بعد اپیلیں دوبارہ دائر ہوں گی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اپیلیں دائر کی تھیں جس میں استدعا کی تھی کہ اپیلوں پر حتمی فیصلہ ہونے تک سزا کالعدم قرار دے کر ضمانت پر رہا کیا جائے۔
مزید پڑھیں؛ 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان کو 14، بشریٰ بی بی کو 7 سال قیدِ بامشقت کی سزا
واضح رہے کہ 17 جنوری کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو 14 اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے 30 دن سے محفوظ فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق القادر یونیورسٹی سرکاری کنٹرول میں دے دی گئی ہے جب کہ القادر ٹرسٹ بھی سرکاری کنٹرول میں دے دیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق القادر یونیورسٹی کو بحق سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔
احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کاٹنے کی سزا سنائی ہے۔
اسی طرح عدالت نے فیصلے میں کہا کہ بشریٰ بی بی پر جرم میں معاونت کا الزام ثابت ہوتا ہے۔ انہیں سزائے قید کے ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 3 ماہ قید ہوگی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ملین پاؤنڈز کیس کی سزا
پڑھیں:
اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تاریخ مقرر
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے معروف اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کیخلاف منشیات برآمدگی کے مقدمے میں ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کے لیئے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کردی۔
کراچی سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ شہزاد خواجہ کی عدالت کے روبرو معروف اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کیخلاف منشیات برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
جیل حکام نے ملزم ساحر حسن کو عدالت پیش کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی شہزاد خواجہ کی عدالت میں پولیس نے مقدمے کا چالان جمع کرادیا۔ عدالت نے ملزم کو مقدمے کی نقول فراہم کردیں۔ عدالت نے فرد جرم کے لیئے 30 اپریل مقرر کردی۔
یاد رہے کہ ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔ ملزم پر 500 گرام سے زائد ویڈ گانجا پرآمد ہونے کا الزام ہے۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے معروف اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کی درخواست کا تنازعہ طے کرتے ہوئے معاملہ آئینی بینچ کو بھیج دیا۔
ہائیکورٹ میں لارجرز بینچ کے روبرو منشیات کیس کے ملزم ساحر حسن کی درخواست سننے کے تنازعے کی سماعت ہوئی۔ لارجر بینچ نے درخواست کی سماعت کا تنازعہ طے کردیا۔
لارجر بینچ نے ملزم ساحر حسن کی درخواست آئینی بینچ کا دائرہ سماعت قرار دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم ساحر کی درخواست ضمانت آئینی بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔ ملزم ساحر کی درخواست 24 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔ ملزم کی درخواست آئین کے آرٹیکل 199 سب سیکشن ون سی میں آتی ہے۔ بنیادی حقوق کے معاملات آئینی بینچ میں سنے جاسکتے ہیں۔