ٹک ٹاک بنانے کا شوق 17 سالہ نوجوان کی زندگی نگل گیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
لاہور:
ٹک ٹاک بنانے کے شوق نے ایک اور نوجوان کی زندگی نگل لی۔
شاد باغ کے علاقے میں عبدالرحمٰن نامی نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے پستول سے اچانک گولی چلنے سے جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق عبدالرحمٰن نامی نوجوان ماموں کے گھر آیا تھا، جہاں اچانک گولی چلنے کا واقعہ پیش آیا، لڑکے کی عمر 17 سال ہے، جس کو سینے پر ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ نوجوان اپنی والدہ کے ساتھ ایک رشتے دار کی رسم چہلم میں شرکت کے لیے آیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے موقع پر موجود افراد کے بیانات ریکارڈ کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مزدور کا چھٹی کرنا جرم؛ مِل مالک کی ساتھیوں سے وحشیانہ تشدد کروانے کی ویڈیو سامنے آگئی
لاہور:مزدور کا کام سے چھٹی کرنا جرم بن گیا، مِل مالک نے اپنے ساتھیوں سے نوجوان پر وحشیانہ تشدد کروایا، جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔
نجی اسٹیل مل میں مزدور پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مناواں کے علاقے میں چھٹی کرنے پر نوجوان کو ملزمان قابو کیے ہوئے ہیں اور اسے شدید تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ نے بتایا کہ آفتاب نے اسٹیل مل سے چھٹی کر کے دوسری مل میں مزدوری کی، جس پر مِل مالک عمر نے ساتھیوں سمیت نوجوان پر تشدد کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ مزدور آفتاب نے خود پر ہونے والے تشدد کی درخواست واپس لے لی ہے۔ آفتاب لوہا فیکٹری میں کام کرتا تھا، جس نے فیکٹری سے ایک لاکھ 95 ہزار ایڈوانس لے کر نوکری چھوڑ دی ۔
آفتاب اپنے ساتھیوں کو کسی اور جگہ کام پر لگوانے کے لینے فیکٹری آیا ، جہاں فیکٹری مالک عمر نے مبینہ طورپر آفتاب کو فیکٹری میں تشدد کا نشانہ بنوایا، جس کے بعد آفتاب کی تھانہ مناواں میں درخواست پر پولیس مل مالک عمر کو تھانے لے آئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ مزدور آفتاب نے مبینہ طور پر فیکٹری مالک سے مزید رقم لے کر درخواست واپس لے لی۔ مزدور نے تحریری طور پر پولیس کو کارروائی نہ کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کردیا ہے۔