کراچی؛ 18 روز قبل لاپتا ہونیوالے 2 بچوں کی عدم بازیابی پر اہلخانہ کا اسمبلی کے باہر احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
کراچی:
گارڈن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے کمسن بچوں عالیان اور علی رضا کے لواحقین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ، پولیس کی ناقص کارکردگی کے خلاف لواحقین نے اہل محلہ کی بڑی تعداد کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا۔
دونوں کمسن پڑوسی بچے 5 سالہ عالیان اور 6 سالہ علی رضا گزشتہ ماہ 14 جنوری کی دوپہر گھر کے باہر سے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد گارڈن پولیس نے دونوں بچوں کی گمشدگی کا مقدمہ نمبر 12 سال 2025 کمسن بچے عالیان کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا تھا تاہم 18 دن سے لاپتہ کمسن بچوں کو پولیس تاحال بازیاب کرانے میں بری طرح سے ناکام دکھائی دے ری ہے۔
پولیس کی ناقص کارکردگی پر لاپتہ بچوں کے لواحقین کا صبر جواب دے گیا اور انھوں نے اہل محلہ کی بڑی تعداد کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے باہر جمع ہو کر لاپتہ بچوں کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
اس موقع پر احتجاج میں شریک خواتین اور بچے لاپتہ ہونے والے دونوں کمسن پڑوسی بچوں کی تصاویر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے صرف اندھیرے میں تیر چلایا جا رہا ہے ، 18 روز گزر جانے کے باوجود پولیس تاحال ہمارے لخت جگروں کا سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دیتی ، پولیس صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے ، ہم ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کا فوری طور پر سراغ لگایا جائے اب تک کسی کے بھی کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: ٹرالر کی ٹکر سے بائیک سوار طالب علم بحق، دوسرا زخمی
کراچی:ماڑی پور میں ٹریفک حادثہ میں ایک طالب علم جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام نے بتایا کہ ماڑی پور ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 کے قریب ٹرالر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے بائیک سوار کی شناخت 18 سالہ عصمت ولد اعجاز اور زخمی کی شناخت 18 سالہ نوید ولد ستورو کے ناموں سے ہوئی۔
چھیپا ترجمان چوہدری شاہد حسین کے مطابق دونوں نوجوان غلامان عباس اسکول کے طالب علم اور ہاکس بے کے رہائشی ہیں۔ دونوں اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ ماڑی پور ٹرک اڈے کے گیٹ پر حادثہ ہوگیا۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوانوں کو ٹرالر نے ٹکر ماری ہے یا اس کی زد میں آئے ہیں تحقیقات کررہے ہیں۔
پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہے۔ پولیس ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہی ہے۔