صدر مملکت آصف علی زرداری 4 روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ چین روانہ
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری 4 سے 8 فروری تک کے سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ چین روانہ ہو گئے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی موجود ہیں۔
صدر مملکت بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ اور اسٹیٹ کونسل کے پریمیئر لی چیانگ سے بھی ملیں گے۔
یہ دورہ پاک چین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس سے اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ ملاقاتوں میں پاک چین اقتصادی راہداری، علاقائی روابط، سیکیورٹی تعاون اور دیگر اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان، بنگلہ دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ
ڈھاکہ+اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا، دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی، ان کا وزارت داخلہ پہنچنے پر بنگلہ دیشی ہم منصب نے پرتپاک خیرمقدم کیا، گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزراء داخلہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے داخلہ نے انٹرنل سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی، پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ، بنگلہ دیش کا اعلیٰ سطح کا وفد عنقریب سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرنے اسلام آباد آئے گا۔ملاقات کے دوران انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پولیس اکیڈمیوں میں ٹریننگ پروگرامز کے باہمی تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے کہا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاکستان بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پرپاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ بنگلہ دیش کے وزیر مملکت داخلہ خدا بخش، سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی، ایڈیشنل سیکرٹری سکیورٹی ڈویژن شمیم خان جبکہ پاکستان ہائی کمیشن کے ناظم الامور محمد واصف، پولیٹیکل قونصلر کامران دونگل سمیت اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے ۔