وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کاروباری شخصیت جینٹری بیچ کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
دبئی (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف امریکی کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار جینٹری بیچ نے دبئی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی موزوں ترین وقت ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث شرح سود میں کمی آئی ہے، جس سے کاروباری ماحول بہتر ہوا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
جینٹری بیچ نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہتے ہوئے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کیا اور حکومتی پالیسیوں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے منصوبوں پر جلد عملدرآمد کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: میں سرمایہ کاری سرمایہ کاری کے پاکستان میں
پڑھیں:
وزیراعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، مشرق وسطیٰ سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس سال کے اواخر میں برطانیہ کی قیادت کے ساتھ اپنی ملاقات کے منتظر ہیں۔
انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) کی پروازوں کی بحالی کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس مثبت پیش رفت سے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات دور کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے درمیان تبادلے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں برطانوی ہائی کمشنر کے مثبت کردار کو سراہا۔
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں ہونے والے تجارتی مذاکرات دونوں فریقین کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی برطانیہ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے، جس کی اس وقت پاکستان کے پاس صدارت ہے۔
ملاقات میں جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاک-بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ لندن کے بارے میں بتایا جہاں انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے وسیع مشاورت کی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومت کی معاشی کارکردگی کو سراہا اور وزیراعظم کے ساتھ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی علاقائی پیش رفت پر برطانیہ کے نکتہ نظر کے حوالے سے گفتگو کی۔