کراچی؛ گھات لگائے ملزمان نے نماز پڑھ کر جانے والے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
کراچی:
سعید آباد میں گھات لگائے ملزمان نے مسجد سے نماز پڑھ کر جانے والے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی۔
سعید آباد تھانے کے ہیڈ محرر اے ایس آئی خان محمد نے بتایا کہ واقعہ سیکٹر 8 بی عائشہ مسجد کے قریب پیش آیا ہے جبکہ مقتول کی شناخت 65 سالہ اللہ دین کے نام سے کی گئی جو کہ عصر کی نماز ادا کرنے کے بعد تلاوت کر رہا تھا جس کے بعد وہ جیسے ہی مسجد سے باہر نکل کر جانے لگا گھات لگائے ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقتول کو گردن پر ایک گولی لگی تھی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جبکہ مقتول کا آبائی تعلق کوئٹہ سے تھا اور کوئٹہ میں سردی کے باعث وقتی طور پر سعید آباد کے علاقے میں رہائش پذیر تھا۔
ہیڈمحرر کے مطابق مقتول کے بیٹے کوئٹہ میں ہی رہائش پذیر ہیں اور ان کا اپنا الیکٹرونکس کا کاروبار ہے تاہم پولیس نے مقتول کے بیٹوں سے رابطہ کیا ہے وہ والد کی لاش وصول کرنے کراچی آ رہے ہیں اور ان کے بیان پر صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔
پولیس جائے وقوعہ اور ملزمان کے فرار ہونے والے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز سے ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوا دی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں پولیس پر حملوں میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ
اسکرین گریبکراچی میں پولیس پر حملوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہونے کا شبہ ہے، 6 مختلف حملوں میں استعمال گولیوں کے خول میچ کرگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں نے ایک ہی ہتھیار استعمال کیا، یہ تمام واقعات ڈھائی سے تین ماہ کے دوران پولیس پرحملوں کے دوران پیش آئے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابانِ بخاری پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، واقعے کی جگہ سے گولیوں کے 11خول برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی تحقیقات جاری ہیں، مائی کلاچی روڈ پر ٹریفک پولیس چوکی میں اہلکار پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منگھوپیر میں اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوا، بن قاسم کے علاقے میں اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا، شاہ لطیف ٹاؤن میں ہیڈ کانسٹیبل فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
قیوم آباد میں چوکی پر فائرنگ سے اہلکار زخمی اور شہری جاں بحق ہوا تھا، ڈیفنس فیز ٹو میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔