جبری طورپر کم عمری کی شادیوں کیخلاف کمیونٹی آگاہی سیشن کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)کمیونٹی انیشی ایٹو فار ڈیولپمنٹ آف پاکستان (سی آئی ڈی پی) نے انڈس ریسورس سینٹر (آئی آر سی)چانن پاکستان، ینگ امنگ کے اشتراک سے کم عمری اور جبری شادیوں کے خلاف ایکٹ 2013 پر ایک کمیونٹی آگاہی سیشن صاحب خان میرانی گاؤں میں منعقد کیا۔ یہ سیشن خاص طور پر خواتین کے لیے ترتیب دیا گیا تھا تاکہ انہیں کم عمری اور جبری شادیوں کے نقصانات اور سندھ کے قوانین کے تحت فراہم کردہ قانونی تحفظات سے آگاہ کیا جا سکے، اس موقع پر نامور مقررین میں میڈم امبرین انچارج چائلڈ پروٹیکشن سیل حیدرآباد، سی آئی ڈی پی کے سی ای او عبدالستار، سی آئی ڈی پی کی چیئرپرسن مینا جبار، معروف سماجی کارکن اور ڈسٹرکٹ کونسلر زمرد بھٹی شامل تھیں۔ انہوں نے کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے قانونی فریم ورک، حفاظتی تدابیر، اور سول سوسائٹی کے اہم کردار پر زور دیا تاکہ سندھ میں کم عمری کی شادیوں کو روکا جا سکے۔ مقررین نے مزید تعلیم کی اہمیت، کمیونٹی کی شمولیت، اور قانونی اقدامات کو اجاگر کیا تاکہ بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ یہ تقریب خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو ضروری معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوئی تاکہ وہ اپنے حقوق اور جبری شادیوں کے خلاف دستیاب قانونی اقدامات سے واقف ہو سکیں۔ سیشن کے اختتام پر اس نقصان دہ رواج کے خاتمے اور نوجوان لڑکیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے مشترکہ کوششوں کی اپیل کی گئی۔
شہدادپور،محفل ذکرالٰہی کانفرنس منعقد
شہدادپور (نمائندہ جسارت)شہدادپور جامع مسجد امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ و اہلِ محلہ اقصیٰ کالونی کے زیر اہتمام شعبان المعظم کی بابرکت پندرہویں شب پر ایک شاندار “میلادِ مصطفی و محفلِ ذکرِ الٰہی کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل سے ممتاز عالم دین علامہ مولانا عبد الستار چندریگر نے خصوصی خطاب کیا جس میں انہوں نے فضائلِ شعبان اور اس مبارک رات کی برکات پر روشنی ڈالی۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
گورنر سندھ کی ہدایت پر حیدر آباد بزنس کمیونٹی سیل قائم
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس کراچی میں حیدر آباد بزنس کمیونٹی سیل قائم کر دیا گیا۔
گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق رابطے کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 1366 اور 99204748-021 جاری کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیل کا قیام گورنر سندھ کے حالیہ دورۂ حیدر آباد کے دوران تاجروں سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے، جس کے ذریعے تاجروں کے مسائل متعلقہ اداروں کے تعاون سے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔