فرانس : اسکولوں میں پولیس تعینات‘ بیگوں کی تلاشی کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
فرانس میں چاقو حملوں میں اضافے کے تناظر میں اسکول کے باہر پولیس اہل کار تعینات ہیں
پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کے وزیرِ تعلیم نے کہا ہے کہ ملک میں پرتشدد حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسکولوں کے اردگرد پولیس تعینات کی جائے گی جو وقتاً فوقتاً اسکول بیگوں میں چھپائے گئے چاقو اور دیگر ہتھیاروں کے لیے تلاشی شروع کرے گی۔ وزیرِ تعلیم ایلزبتھ بورن نے بتایا کہ ہم پراسیکیوٹر اور تعلیمی نظام کے نمائندے کے ساتھ مل کر اسکولوں کے داخلی راستوں پر بیگ کی باقاعدہ تلاشی کا انتظام کریں گے۔یہ کام پولیس کرے گی کیونکہ اساتذہ اور اسکول کا عملہ طلبہ کی تلاشی لینے کا مجاز نہیں ہے۔ نئی پالیسی اس وجہ سے نافذ کی گئی ہے کیونکہ چاقو کے حملے زیادہ عام ہو گئے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ وہ قوانین میں تبدیلی کی بھی کوشش کریں گی جس کے تحت اسکول میں کسی طالب علم کو تیز دھار آلہ برآمد ہونے کی صورت میں انضباطی کونسل کے سامنے پیش ہونا پڑے گا۔ اس طرح کے کسی بھی معاملے کی استغاثہ کو بھی اطلاع پہنچ جائے گی۔ فی الحال ایسا طریقہ کار اسکولوں کے سربراہان کی صوابدید پر منحصر ہے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پیرس کے جنوب مغربی مضافاتی علاقے میں ہائی سکول کا ایک 17 سالہ طالب علم چاقو کے وار سے شدید زخمی ہو گیا تھا۔ دارالحکومت کے شمال میں واقع سین سینٹ ڈینس میں جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون گرفتار
اسکرین گریب/ ایکسکراچی میں موٹر سائيکل چوری میں ملوث خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
سولجر بازار کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی ہے، ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزمہ کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ اور فرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔