سوچنے کا فن اور کاروباری آئیڈیاز
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
اگر آپ کسی مشکل میں گھرے ہوئے ہیں، کسی پریشانی اور دکھ کا شکار ہیں یا زندگی میں کوئی بڑا کام کرنا چاہتے ہیں مگر آپ کے دماغ میں کوئی بہتر خیال نہیں آ رہا ہے تو آپ کو چاہیے کہ سب سے پہلے آپ اپنے ذہن کو تروتازہ رکھیں اور اس کے بعد سوچنے کا ہمہ وقت فن سیکھنے کے لئے خود کو تیار کریں۔ صرف دماغ میں خیالات کا آنا سوچنے کا عمل نہیں ہے کیونکہ بے ہنگھم اور منتشر خیالات تو احمقوں کے دماغ میں بھی آتے ہیں۔ بامقصد سوچنے کی مشق ہی سوچنا کہلاتی ہے کیونکہ یہ باقاعدہ ایک مہارت ہے جو مقاصد کے حصول اور مسائل کے حل میں مدد فراہم کرتی ہے۔دنیا میں جتنے بھی بڑے اور کامیاب لوگ گزرے ہیں وہ کبھی بھی مایوسی اور ناامیدی کی گرفت میں نہیں آئے کہ جس سے ان کے سوچنے سمجھنے اور غوروخوض کرنے کی صلاحیت مسلوب ہوئی ہو۔ امریکی شہری ہینری فورڈ ’’ فورڈ موٹر کمپنی‘‘کے مالک اور گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر پیداوار اور ان کی جدید خطوط پر ہیئت سازی کرنے کے بانی تھے جن کی ٹی ماڈل کی گاڑیوں نے نقل و حمل اور امریکی صنعت میں انقلاب برپا کیا۔ وہ ایک زرخیز ذہن کے مالک موجد تھے جنہیں اپنی 161 ایجادات کی رویلٹی ملتی تھی۔ ہینری فورڈ دنیا کے پہلے بزنس مین تھے جنہوں نے سوچنے اور بزنس آئیڈیاز لینے کے لئے ایک خصوصی ملازم رکھا ہوا تھا جسے وہ اپنے ملازمین میں سب سے زیادہ تنخواہ اور مراعات دیتے تھے۔ایک بار ایک صحافی ہینری فورڈ کے پاس آیا اور اس نے ان سے پوچھا، ’’آپ سب سے زیادہ معاوضہ کس کو دیتے ہیں؟‘‘ فورڈ مسکرائے، اپنا کوٹ اور ہیٹ اٹھایا اورصحافی کو اپنے پروڈکشن روم میں لے گئے۔ وہاں ہر طرف کام ہو رہا تھا، لوگ دوڑ رہے تھے، گھنٹیاں بج رہی تھیں اور لفٹیں چل رہی تھیں، ہر طرف افراتفری تھی مگر ایک کیبن تھا جس میں ایک شخص میز پر ٹانگیں رکھ کر کرسی پر لیٹا ہوا تھا۔ اس نے منہ پر ہیٹ رکھا ہوا تھا۔
ہنری فورڈ نے دروازہ کھٹکھٹایا، کرسی پر لیٹے شخص نے ہیٹ کے نیچے سے دیکھا اور تھکی تھکی آواز میں بولا ’’ہیلو ہینری آر یو او کے؟‘‘ ہینری نے مسکرا کر ہاں میں سر ہلایا، دروازہ بند کیا اور باہر نکل گیا۔ صحافی حیرت سے یہ سارا منظر دیکھتا رہا۔ ہینری فورڈ نے ہنس کر کہا، ’’یہ شخص میری کمپنی میں سب سے زیادہ معاوضہ لیتا ہے۔‘‘ صحافی نے حیران ہو کر پوچھا ’’یہ شخص کیا کرتا ہے؟‘‘ ہینری فورڈ نے جواب دیا ’’کچھ بھی نہیں یہ بس آتا ہے اور سارا دن میز پر ٹانگیں رکھ کر بیٹھا رہتا ہے۔‘‘ صحافی نے حیران ہوتے ہوئے پوچھا ’’پھر آپ اسے سب سے زیادہ معاوضہ کیوں دیتے ہیں؟‘‘ فورڈ نے جواب دیا ’’کیونکہ یہ میرے لئے سب سے زیادہ مفید شخص ہے۔‘‘ فورڈ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ’’میں نے اس شخص کو سوچنے کے لئے رکھا ہوا ہے میری کمپنی کے سارے سسٹم اور گاڑیوں کے ڈیزائن اس شخص کے آئیڈیاز ہیں، یہ آتا ہے، کرسی پر لیٹتا ہے، سوچتا ہے، آئیڈیا تیار کرتا ہے اور مجھے بھجوا دیتا ہے۔ میں ان آئیڈیاز پر کام کرتا ہوں اور کروڑوں ڈالر کماتا ہوں۔ ہنری فورڈ نے کہا۔ہینری فورڈ کا کہنا تھا کہ ’’دنیا میں سب سے زیادہ قیمتی چیز آئیڈیاز ہیں اور آئیڈیاز کے لئے آپ کو فری ٹائم چاہیے، مکمل سکون چاہیے، ہر قسم کی ہچ ہچ سے آزادی چایئے اور اگر آپ دن رات مصروف ہیں تو پھر آپ کے دماغ میں نئے آئیڈیاز اور نئے منصوبے نہیں آ سکتے ہیں۔ چنانچہ میں نے ایک سمجھ دار شخص کو صرف سوچنے کے لئے رکھا ہوا ہے۔ میں نے اسے معاشی آزادی دے رکھی ہے تاکہ یہ روز مجھے کوئی نہ کوئی نیا آئیڈیا دے سکے۔‘‘ یہ ایک حقیقت ہے کہ سوچنا اور غوروفکر کرنا انسان پر نئے خیالات کے بہت سے جدید اُفق کھولنے کا باعث بنتا ہے۔ ایک عام آدمی بھی اگر ہینری فورڈ کی کاروباری دانش کو سمجھ لے تو وہ بھی اپنے کاروبار میں جدت پیدا کر کے آگے بڑھ سکتا ہے۔ اگر ایک مزدور ہے یا کاریگر ہے اور وہ سارا دن کام کرتا ہے تو جسم کے ساتھ اس کا دماغ بھی صرف مشقت اور کام کرنے پر ہی توجہ دیتا ہے۔ کوئی انسان جوں جوں اوپر جاتا ہے اس کی فرصت میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے یہاں تک کہ بڑی صنعتوں اور نئے شعبوں کے موجد پورا سال گھر سے باہر قدم نہیں رکھتے۔ لیکن اس دوران وہ کسی خاص بزنس یا شعبے کے بارے سوچنے کے لئے بھی وقت نکالتے تو ان کے کاروبار وغیرہ میں یکسر بہتری آ جاتی ہے۔
دنیا کی امیر ترین شخصیات جیسا کہ بل گیٹس اور وارن بفٹ وغیرہ ہیں وہ سوچنے اور نئے خیالات ڈھونڈنے کے لئے الگ سے وقت نکالتے ہیں۔ یہ دنیا کے ویلے ترین لوگ ہیں، وارن بفٹ روزانہ کم و بیش پانچ گھنٹے مطالعہ کرتے ہیں، بل گیٹس ہفتے میں دو کتابیں ختم کرتے ہیں، وہ سال بھر میں 80کتابیں پڑھتے ہیں۔ یہ دونوں اپنی گاڑیاں خود چلاتے ہیں، لائن میں لگ کر کافی اور برگر لیتے ہیں اور سمارٹ فون استعمال نہیں کرتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود یہ دنیا کے امیر ترین لوگ ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے پاس فرصت ہے اور وہ سوچنے کے لئے الگ سے وقت نکالتے ہیں۔ ہم جب تک ذہنی طور پر آزادی محسوس نہیں کرتے ہیں ہمارا دماغ اس وقت تک بڑے آئیڈیاز پر کام نہیں کرتا ہے۔ چنانچہ اگر آپ دنیا میں کوئی بڑا کام کرنا چاہتے ہیں یا کاروباری کامیابی وغیرہ چاہتے ہیں تو پہلے خود کو مسائل اور غم و آلام سے آزاد کر کے سوچنا سیکھیں۔ آپ اگر خود کو چھوٹے چھوٹے کاموں میں الجھائے رکھیں گے یا ناکامیوں اور مسائل کی وجہ سے اپنی سوچ پر پابندی لگائے رکھیں گے تو آپ کے دماغ میں کوئی بڑا خیال آئے گا اور نہ ہی آپ زندگی بھر ترقی کر سکیں گے۔آپ کی ساری زندگی صرف ایک آئیڈیا بدل سکتا ہے۔ آپ کو اگر سوچنا آتا ہے، آپ کا انداز مثبت اور تعمیری ہے اور آپ کو پرسکون ماحول اور ذہنی آزادی حاصل ہے تو آپ کے دماغ میں نئے نئے اور تخلیقی خیالات آئیں گے۔ آپ اچھا سوچنے کا فن سیکھ لیں، آپ اپنی زندگی میں کوئی بھی بڑا کام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: آپ کے دماغ میں سوچنے کے لئے سب سے زیادہ ہینری فورڈ کرتے ہیں میں کوئی سوچنے کا رکھا ہوا کرتا ہے فورڈ نے ہے اور
پڑھیں:
غزہ میں مستقل امن اور تعمیر نو
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق استنبول اجلاس کے دوران پاکستان جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد، مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بالخصوص غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا، فلسطینی عوام کو بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو کی ضرورت پر زور دے گا۔ پاکستان اس بات کو بھی دہرائے گا کہ تمام فریقوں کو مل کر ایک آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کوششیں تیزکرنی چاہئیں۔
غزہ کی موجودہ صورتحال میں جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کا مرحلہ نہایت نازک اور پیچیدہ صورت اختیارکرچکا ہے۔ یہ معاہدہ جسے عالمی برادری نے ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا تھا، عملاً ایک ایسی آزمائش بن گیا ہے جس پر فلسطین کے مستقبل، خطے کے استحکام اور عالمی طاقتوں کی نیتوں کا دار و مدار ہے۔
جنگ بندی بظاہر ایک سانس لینے کا موقع فراہم کرتی ہے، مگر غزہ کے عوام کے لیے یہ اب تک مکمل راحت کا باعث نہیں بن سکی۔ ملبے میں دبے انسان، اجڑی بستیاں، برباد اسپتال اور امدادی قافلوں پر عائد پابندیاں اس حقیقت کا پتہ دیتی ہیں کہ امن کے وعدے اب بھی زمین پر اترنے سے قاصر ہیں۔ اس معاہدے کے تحت فریقین نے تین بنیادی مراحل میں امن کی جانب بڑھنے پر اتفاق کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں مکمل فائر بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کی مرحلہ وار رہائی اور انسانی امداد کی فراہمی شامل تھی۔
دوسرے مرحلے میں اسرائیلی افواج کا تدریجی انخلا، شہریوں کی واپسی اور جنگ زدہ علاقوں کی بحالی طے پائی تھی۔ تیسرے مرحلے میں مستقل امن، تعمیر نو اور غزہ کے مستقبل کے سیاسی ڈھانچے پر اتفاق ہونا تھا۔ معاہدے کی ضمانت کے لیے قطر، مصر اور امریکا ثالث بنے اور یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں بین الاقوامی نگرانی کی جائے گی، لیکن زمینی حقائق نے جلد ہی ظاہر کر دیا کہ یہ معاہدہ صرف کاغذی نہیں بلکہ عملی لحاظ سے کئی رکاوٹوں میں گھرا ہوا ہے۔
معاہدے پر دستخط کے چندگھنٹوں بعد ہی فائر بندی کی خلاف ورزیاں سامنے آنا شروع ہو گئیں۔ اسرائیلی افواج نے کئی علاقوں میں چھاپے مارے، بمباری کی اطلاعات آئیں اور امدادی قافلوں کو روکا گیا۔ دوسری طرف حماس نے الزام لگایا کہ اسرائیل انسانی امداد کو سیاسی دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے یہ جواز پیش کیا گیا کہ وہ حماس کی فوجی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔ یوں ایک بار پھر’’ سلامتی‘‘ اور ’’سیاست‘‘ کے درمیان وہی قدیم تضاد ابھرا جس نے ہمیشہ اس خطے کے امن کو برباد کیا ہے۔
شمالی غزہ کے ہزاروں مہاجرین اب بھی بے گھر ہیں۔ ان میں وہ خاندان شامل ہیں جو پچھلے برس کے فضائی حملوں میں اپنے گھروں سے محروم ہو گئے تھے۔ معاہدے کے تحت انھیں اپنے علاقوں میں واپس جانے کی اجازت ملنی تھی، مگر اسرائیلی فوج نے متعدد راستے بند کر رکھے ہیں۔ اقوام متحدہ کے نمایندوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر امدادی رسائی بحال نہ ہوئی تو انسانی بحران مزید گہرا ہو جائے گا۔ دوسری جانب اسرائیل کا مؤقف یہ ہے کہ حماس کے عسکری ڈھانچے کی موجودگی واپسی کے لیے خطرہ ہے، اس لیے سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر شہریوں کو داخل نہیں ہونے دیا جا سکتا۔
حماس نے ابتدائی طور پر قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے میں تعاون کیا۔ درجنوں اسرائیلی یرغمالی رہا ہوئے اور اس کے بدلے میں کئی فلسطینی قیدیوں کو آزادی ملی۔ مگر جب یہ عمل سست پڑا تو بداعتمادی نے جنم لیا۔ بین الاقوامی برادری، خصوصاً امریکا اور یورپی یونین، نے ابتدا میں اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔ قطر اور مصر اب بھی ثالثی میں متحرک ہیں، مگر وہ بھی دونوں فریقوں کے دباؤ سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے نمایندے نے حالیہ بیان میں کہا کہ ’’امن کی بنیاد اعتماد ہے، اور اعتماد اس وقت مفقود ہے۔‘‘ یہی وہ نکتہ ہے جو غزہ کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔
عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی ارادے کی کمی ہے۔ اسرائیلی حکومت کے اندر مختلف دھڑے ہیں، ایک طرف وہ گروہ جو فوجی تسلط کو کم کرنے کے حق میں نہیں، اور دوسری جانب وہ عناصر جو عالمی دباؤ کے تحت کسی حد تک نرمی چاہتے ہیں۔ اسی طرح حماس کے اندر بھی یہ بحث جاری ہے کہ آیا جنگ بندی کو عارضی حکمت عملی سمجھا جائے یا ایک مستقل سیاسی پیش رفت کے طور پر قبول کیا جائے۔ ان باہمی تضادات نے فضا کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔
غزہ کی موجودہ صورتحال پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے۔ وہاں کے بے قصور شہریوں پر مسلط جنگ نے صرف عمارتوں اور بستیوں کو نہیں بلکہ امید اور زندگی کے احساس کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
ایسے حالات میں جنگ بندی معاہدہ امید کی ایک کرن کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس معاہدے پر حقیقی اور پائیدار عملدرآمد اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عالمی طاقتیں اور مسلم ممالک اپنا کردار سنجیدگی سے ادا نہیں کرتے۔ ماضی کے تجربات یہ بتاتے ہیں کہ جب بھی اس خطے میں کوئی جنگ بندی ہوئی، وہ زیادہ دیرپا ثابت نہ ہو سکی کیونکہ طاقتور فریقوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے اور عالمی برادری نے بھی محض بیانات پر اکتفا کیا۔ اب وقت کا تقاضا ہے کہ اس غلطی کو دوبارہ نہ دہرایا جائے۔ عالمی طاقتیں، خصوصاً وہ ممالک جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان ہیں، ان کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ اس معاہدے کی نگرانی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی یقینی بنائیں۔ اسی طرح مسلم دنیا کو محض بیانات اور قراردادوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا لازمی ہے۔ جب تک قابض افواج غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں سے نہیں جاتیں، وہاں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی نگران مشن تشکیل دینا ہوگا جو اس بات کی تصدیق کرے کہ انخلا حقیقی ہے، جزوی نہیں۔ ماضی میں دیکھا گیا کہ بعض اوقات اسرائیل محدود پیمانے پر انخلا کا اعلان کر کے بین الاقوامی دباؤ کم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے لیکن زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔ اس بار عالمی طاقتوں کو اس عمل کی مکمل نگرانی کرنا ہوگی اور مسلم ممالک کو سفارتی سطح پر اسرائیل پر مسلسل دباؤ برقرار رکھنا ہوگا۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے ساتھ ساتھ فلسطین کی تعمیر نو کے عمل کو بین الاقوامی ذمے داری کے طور پر قبول کیا جائے۔ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے تحت ایک مشترکہ ادارہ قائم کیا جا سکتا ہے جو تعمیر نو کے منصوبوں کی نگرانی کرے، فنڈز کی شفاف تقسیم کو یقینی بنائے اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ اس عمل میں شفافیت اور جوابدہی انتہائی ضروری ہے تاکہ امدادی رقم بدعنوانی یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہو۔ پاکستان اور دیگر مسلم ممالک اگر اپنے فنی ماہرین، انجینئرز اور طبی عملے کو غزہ بھیجیں تو اس سے عملی سطح پر بڑی مدد مل سکتی ہے۔
مسلم ممالک کے لیے اب یہ لمحہ فیصلہ کن ہے۔ اگر وہ واقعی امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفادات کے محافظ ہیں تو انھیں اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر فلسطینی مسئلے پر متحد ہونا ہوگا۔ اسلامی دنیا کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں، صرف سیاسی عزم کی کمی ہے۔ اگر او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مؤثر بنایا جائے، اگر مشترکہ اقتصادی، سفارتی اور انسانی لائحہ عمل اپنایا جائے تو نہ صرف غزہ بلکہ پورے فلسطین میں ایک نئی صبح طلوع ہو سکتی ہے۔ پاکستان جیسے ملک، جنھوں نے ہمیشہ اصولی موقف اپنایا، ان کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ قیادت کا کردار ادا کریں اور دنیا کو بتائیں کہ انصاف، امن اور انسانی اقدار کے لیے مسلم دنیا ایک ہے۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ غزہ کی جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے صرف الفاظ نہیں بلکہ عمل کی ضرورت ہے۔ عالمی طاقتیں اگر واقعی امن چاہتی ہیں تو انھیں اپنی پالیسیوں میں توازن لانا ہوگا اور انسانی جانوں کی حرمت کو سیاست پر فوقیت دینی ہوگی۔ مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر امت کی اجتماعی بھلائی کو مقدم رکھیں۔ پاکستان نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے، اب دنیا کی باری ہے کہ وہ ثابت کرے کہ انصاف ابھی زندہ ہے۔ فلسطینی عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب وقت ہے کہ ان کی جدوجہد کو منزل تک پہنچایا جائے۔ جنگ بندی کا معاہدہ اگر خلوص، سنجیدگی اور مشترکہ کوششوں سے نافذ کیا جائے تو یہ نہ صرف غزہ بلکہ پوری انسانیت کے لیے امید کا پیغام بن سکتا ہے۔