اقتدار کی طاقت میں لوگ اندھے اور بہرے ہو جاتے ہیں: لیاقت بلوچ
اشاعت کی تاریخ: 27th, February 2025 GMT
نائب امیرِ جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ---فائل فوٹو
نائب امیرِ جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقتدار کی طاقت میں لوگ اندھے اور بہرے ہو جاتے ہیں، ہر قسم کی رکاوٹیں لگا دی جاتی ہیں۔
اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو خطرات لاحق ہیں، شدید ترین الفاظ میں آزادیٔ اظہار رائے پر رکاوٹ بننے کی مذمت کرتا ہوں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بنیادی حقوق چھین لیے جائیں تو لوگ دوسرا راستہ اختیار کرتے ہیں، وفاق صوبوں کی بات نہ سنے تو اس سے بڑے خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
جماعتِ اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کی شکایات پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائے۔
جماعتِ اسلامی کے رہنما نے کہا کہ متحدہ مجلسِ عمل اور پی ڈی ایم کا اتحاد دیکھا مگر سب کے ساتھ فعال کردار ادا کیا، آئین، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی بات کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے، تمام جمہوری قوتوں کو قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئین کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، عدالتوں کی آزادی کے لیے جدو جہد کرنی چاہیے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: لیاقت بلوچ کہا کہ نے کہا
پڑھیں:
اسلامی ملکوں کے حکمران وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑیں: حافظ نعیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ملائیشین اسلامی پارٹی ’’پاس‘‘ کی خصوصی دعوت پر 71 ویں سالانہ مرکزی موتمر کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے۔ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیے بغیر امت اپنا کھویا ہوا عظیم ماضی واپس حاصل نہیں کر سکتی۔ امریکا اور دیگر استعماری طاقتیں اسلامی ممالک کے وسائل پر قابض ہیں، ان قوتوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ اسلامی ممالک کے حکمران وسائل کا رخ اپنے عوام کی جانب موڑیں۔ جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر کی مختلف اسلامی تحریکوں کے قائدین، علماء کرام اور پالیسی سازوں کی ایک بڑی تعداد ملائیشیا کی ریاست قدح کے دارالحکومت الورسیتار میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں مدعو تھیں۔ مسلم امہ انٹرنیشنل فورم 2025ء (MUNIF) کے عنوان کے تحت ہونے والی کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش پروفیسر مجیب الرحمن اور دیگر کئی رہنماؤں و دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی اس کانفرنس میں امیر جماعت کیساتھ ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان نے ملائیشین اسلامک پارٹی جسے پین ملائیشین اسلامک پارٹی (PAS) بھی کہا جاتا ہے کے قائد عبدالہادی اواغ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین، جنوبی ایشیائی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے مسائل پر گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے صدر اسلامک سرکل آف ملائیشیا (ICM) ڈاکٹر حیات خان، صدرICM قدح ریاست روجھان سید سمیت دیگر قائدین سے بھی ملاقاتیں کیں اور فلسطین سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔