جوابدہی اور عوامی خدمت سرکاری افسران کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں سول سروسز اکیڈمی کے قیام کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ سرکاری افسران کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جوابدہی اور عوامی خدمت سرکاری افسران کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دوسری سینئر مینجمنٹ کورس میں کامیاب ہونے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سینئر مینجمنٹ کورس سرکاری افسران کی قائدانہ صلاحیتوں، مہارتوں اور علم میں اضافے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس قسم کے تربیتی پروگرام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ مراد علی شاہ نے اس موقع پر ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ (ٹی ایم آر) ونگ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کو جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تزویراتی سوچ اور اختراعی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔
مراد علی شاہ نے سول سرونٹس کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دیانت داری، جوابدہی اور عوامی خدمت ان کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں سول سروسز اکیڈمی کے قیام کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ سرکاری افسران کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور بدلتی سماجی توقعات کے ساتھ گورننس کے تقاضے بھی بڑھ رہے ہیں، جس کیلئے سرکاری ملازمین کو مسائل حل کرنے کی مہارتیں حاصل کرنی ہوں گی۔ انہوں نے سول سرونٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی خدمات اخلاص اور لگن کے ساتھ جاری رکھیں، کیونکہ سندھ کی ترقی میں ان کا بھرپور کردار ہے۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے کامیاب افسران کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مؤثر اور شفاف طرز حکمرانی کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سرکاری افسران مراد علی شاہ افسران کی کہا کہ
پڑھیں:
نہروں کے مسئلے پر بات ہمارے ہاتھ سے نکلی تو ہر قسم کی کال دیں گے ،وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعظم کو نتائج کا معلوم ہے ،معاملات درست نہیں چل رہے، وہ انصاف سے کام لیں، دریائے سندھ میں پانی موجود نہیں، اب تک وفاقی حکومت نے کینالز کا منصوبہ واپس نہیں لیا
سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہتا ہوں کہ نہروں کے معاملے پر احتجاج ضرور کریں، لیکن سڑکیں بند نہ کی جائیں، تاکہ ہمارے اپنے ہی لوگوں کو تکلیف نہ ہو، مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نہروں کیخلاف احتجاج کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو نتائج کا معلوم ہے ، وہ انصاف سے کام لیں، نہروں کے مسئلے پر بات ہمارے ہاتھ سے نکلی تو ہر قسم کی کال دیں گے ، وفاقی حکومت کو معلوم ہے معاملات درست نہیں چل رہے ۔کراچی میں کارڈینل ہاؤس جاکر کارڈینل کے ساتھ پوپ جان فرانسس کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جولائی کے بعد چولستان کینالز پر کوئی کام نہیں ہوا، سندھ حکومت نے اہم اقدامات کیے ، پیپلز پارٹی نے ہر سطح پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وکلا کا بہت احترام ہے ، ان کا جمہوریت کی بحالی کے لیے اہم کردار رہا ہے ، سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے کہتا ہوں کہ نہروں کے معاملے پر احتجاج ضرور کریں، لیکن سڑکیں بند نہ کی جائیں، تاکہ ہمارے اپنے ہی لوگوں کو تکلیف نہ ہو۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم احتجاج سے تنگ نہیں، لیکن سب خود سوچیں کہ کیا مناسب ہے کہ ہم اپنے ہی لوگوں کو پریشان کریں، ہم چاہتے ہیں کہ کینالز کے ایشو پر ہم سب متحد رہیں، احتجاج سڑک کے ایک سائیڈ پر کھڑے ہوکر بھی ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے ، ہم نے کینالز کیخلاف احتجاج پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نہروں کی تعمیر کے معاملے پر سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا، اس کے بعد قوم پرست اور دیگر سیاسی جماعتیں میدان میں اتریں، ہم نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں معاملہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت میں جدت کو اپنانا ہوگا، پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کرکے کپاس، گندم سمیت دیگر اہم فصلوں کی کاشت بہتر بنانا ہوگی، دیگر ممالک نے اپنی فصلوں کی کاشت بڑھائی ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پڑوسی ملکوں نے زیر کاشت زمین کا رقبہ نہیں بڑھایا بلکہ جدید ذرائع، خصوصی بیج اور پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کرکے فصلوں کی پیداوار بڑھائی، ہمیں بھی اس جانب توجہ دینا ہوگی، آئیں مل کر اس مقصد کے لیے کام کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزید علاقوں کو کاشت کرنے کے لیے پانی کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی، اس وقت دریائے سندھ میں پانی موجود نہیں، اب تک وفاقی حکومت نے کینالز کا منصوبہ واپس نہیں لیا، ان شا اللہ جلد وہ اس منصوبے کو واپس بھی لے لیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے تعلیمی بورڈ کے سربراہ کے لیے میرٹ پر اعلیٰ پوسٹ سے ریٹائرڈ افسر کو منتخب کیا، لیکن بدقسمتی سے اس افسر نے عہدے کا چارج نہیں لیا۔