کراچی؛ رمضان سے قبل ہی مہنگائی آسمان پر، کس چیز کی قیمت کتنی ہوگئی، جانیے!
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
کراچی:
ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی رمضان کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں، پھلوں سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیا کے نرخوں میں اضافہ کر دیا گیا ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ماہ مقدس رمضان نیکیاں کمانے کے لیے آتا ہے لیکن پاکستان میں اسے ناجائز کمائی کا مہینہ بنادیا جاتا ہے ۔
یکم رمضان المبارک سے ایک روز قبل ایکسپریس سروے رپورٹ کے مطابق شہرِ قائد میں ہر سال کی رواں برس بھی رمضان المبارک کا آغاز مہنگائی کی نئی لہر سے ہوا اور کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 10 سے 50 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ۔
مارکیٹوں میں سبزی کے حوالے سے کیے جانے والے سروے کے مطابق پیاز 80 سے 100 ، آلو 70 سے 80 ، ٹماٹر 40 ، لہسن 800 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ادرک 600 سے 800، لیموں 800 ، ہری مرچ ، ہری پیاز ، شملہ مرچ 200 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔
بازاروں میں بینگن ، بند گوبھی ، پالک ، مولی ، گاجر 80 روپے کلو ، پھول گوبھی ، شلجم 100 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ اسی طرح لوکی اور چقندر 120 ، تورئی 160 ، کریلا ، بھنڈی 240 روپے کلو جب کہ دھنیا ، پودینا 20 روپے فی گڈی دستیاب ہے۔
پھلوں کی بات کی جائے تو کیلا درمیانے درجے کا 200 سے 300 روپے درجن ، خربورہ 120 سے 150 روپے کلو ، کینو 400 سے 700 روپے درجن ، تربوز 200 روپے کلو روپے میں فروخت ہورہا ہے ۔
اسی طرح اسٹرابیری 600 سے 800 روپے کلو ، امرود 300 روپے کلو ، گولاچی 200 روپے کلو، پپیتا 300 روپے کلو جب کہ کھجور 400 سے 800 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے ۔
علاوہ ازیں بچھیا کا فی کلو ہڈی والا گوشت 1300 سے 15 سو روپے جب کہ بغیر ہڈی 1600 سے 1800 روپے کلو ، بکرے کا گوشت 2ہزار 200 روپے کلو، مرغی کا گوشت 700 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ کھجلہ ، پھینی 1000 سے 1400 روپے کلو، سموسے 480 روپے درجن اور دہی بڑے 800 روپے کلو میں دستیاب ہیں ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پوش علاقوں میں چلے جائیں ، متوسط یا پھر پسماندہ، ہر علاقے کے بازاروں میں مہنگائی کا جن بے قابو ہی نظر آتا ہے ۔انتظامیہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محض دعوے کررہی ہے تاہم یہ سب صرف کاغذوں میں نظر آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پہلے روزے والے دن ہی سے انتظامیہ کے چند سرکاری افسران کچھ مارکیٹوں میں آئیں گے اور چند دکانداروں پر جرمانے کر کے عوام کو یہ بتائیں گے کہ وہ بہت کام کر رہے ہیں لیکن بظاہر وہ بھی ایک منصوبے کا حصہ ہوتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے اسی طرح دعوے کرتے رمضان المبارک گزر جائے گا اور پھر آخر میں حکومت نئے دعوے کرے گی کہ ہم نے اس مرتبہ قیمتوں میں 50 فیصد کمی کر کے وہ کارنامہ انجام دیا جو حاتم طائی نے بھی نہیں کیا ہوگا ۔شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتظامیہ کی نمائشی کارروائیاں منافع خوری کے خلاف ناکافی ہیں۔ شہر میں موثرکارروائیاں لازمی ہیں جس سے عوام کو فائدہ پہنچے ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: روپے کلو میں فروخت شہریوں کا کا کہنا
پڑھیں:
25 اپریل کو آسمان پرمسکراتا چہرہ نمودارہوگا
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)دنیا بھر کے لوگ 25 اپریل کو ایک انوکھے فلکیاتی مظہر کے گواہ بنیں گے جب آسمان پر ایک مسکراتا چہرہ نمودار ہو گا۔سورج طلوع ہونے سے پہلے 2 سیارے اور چاند مل کر ایک مسکراتے چہرے جیسا منظر پیش کریں گے۔اس نظارے میں سیارہ زہرہ اور زحل آنکھوں کا جبکہ پتلا ہلالی چاند مسکراہٹ کا تاثر دے گا۔یہ دلچسپ منظر 25 اپریل کو صبح تقریبا ساڑھے 5 بجے مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا۔(جاری ہے)
چاند ان دونوں کے نیچے ایک ہلکی لکیر کی صورت میں نمودار ہو گا، جو ایک دلکش مسکراہٹ جیسا منظر تخلیق کرے گا۔زہرہ اور زحل اپنی چمک کی بدولت بغیر کسی اضافی آلے کے باآسانی نظر آئیں گے، جبکہ چاند کی خوبصورتی اور تفصیلات کو بہتر طور پر دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کا سہارا لینا بہتر ہو گا۔ناسا کے مطابق یہ نایاب نظارہ دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا، بشرطیکہ آسمان صاف ہو۔اگر آپ سورج نکلنے سے 1 گھنٹہ قبل مشرقی افق کا رخ کریں اور موسم ساتھ دے تو آپ ناصرف مسکراتے چہرے کو دیکھ سکیں گے بلکہ ممکن ہے کہ اس کے نیچے سیارہ عطارد کی جھلک بھی دیکھ پائیں۔