لاہور میں خواتین بھکاری گروہ چلانے والا سرغنہ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, March 2025 GMT
لاہور میں سٹی ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کے مہینے میں بھیک منگوانے والے بھکاری گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔
سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ٹھوکر کے علاقے سے بھکاری گروہ کے سرغنے کو گرفتار کیا اور مقدمہ درج کر کے اُسے حوالات میں بند کردیا۔
پولیس کے مطابق بھکاری گروہ کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد ٹریفک وارڈنز نے دو سے تین روز تک کاوشیں کر کے گروہ کا پتہ لگایا، گروہ کا سرغنہ اپنے گھر کی خواتین سمیت دیگر عورتوں سے بھیک منگواتا اور خود سائیڈ پر بیٹھ کر نگرانی کرتا تھا۔
گروہ کے سرغنہ احمد ولد انگن نے بتایا کہ وہ شکار پور سندھ کا رہائشی ہے اور وہاں سے خواتین کو لاہور لا کر بھیک منگواتا ہے۔ ملزم نے گروہ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مختلف پوائنٹس مقرر کیے ہوئے ہیں۔
بھکاری گروہ کے سرغنہ احمد ولد انگن کے خلاف گداگری ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ھوئے تھانہ مصطفی ٹاون میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہر کو پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کریں گے رمضان میں خصوصی ٹیموں کے ذریعہ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور، رکشہ ڈرائیور کی جان بچانے والا پولیس اہلکار ٹرک کے ٹائر تلے آ کر شدید زخمی ہو گیا
لاہور:شاہدرہ فلائی اوور پر ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں پولیس کانسٹیبل حامد نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر رکشہ ڈرائیور کی زندگی بچائی، مگر بدقسمتی سے خود شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہدرہ فلائی اوور پر ٹرک کی چڑھائی پر بریک فیل ہوگئیں جس کے بعد ٹرک بے قابو ہوکر رکشہ کی طرف آنا شروع ہوگیا۔
ناکے پر کھڑے پولیس اہلکار کانسٹیبل حامد نے فوراً صورتحال کو بھانپتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو پیچھے دھکیل دیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکے، تاہم ٹرک کانسٹیبل حامد پر چڑھ گیا اور اس کی دونوں ٹانگیں کچل گئیں۔
کانسٹیبل حامد کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت ابھی بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے کر ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے جبکہ اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔