افطار پروگرام میں بدسلوکی پر اداکار تھلاپتی وجے کے خلاف شکایت درج
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
تامل فلموں کے معروف اداکار اور سیاست دان تھلاپتی وجے کے خلاف حال ہی میں ایک افطار دعوت کے دوران مبینہ بدسلوکی پر پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھلاپتی وجے کی سیاسی جماعت 'تامیلاگا ویٹری کازگام' کی جانب سے منعقدہ اس افطار تقریب میں مسلمانوں کی توہین کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تامل ناڈو سنت جماعت نے چنئی پولیس کمشنر کو جمع کرائی گئی شکایت میں دعویٰ کیا ہے کہ اس افطار میں شرابیوں اور بدمعاشوں نے شرکت کی جن کا روزے یا افطار سے کوئی تعلق نہیں تھا جس سے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے۔
مزید برآں، شکایت میں کہا گیا ہے کہ افطار کا اہتمام بھی مناسب طریقے سے نہیں کیا گیا، غیر ملکی گارڈز لوگوں کے ساتھ جانوروں کی طرح سلوک کر رہے تھے جس پر افسوس ہوا ہے۔
یاد رہے کہ تھلاپتی وجے نے حال ہی میں سیاست میں قدم رکھتے ہوئے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہا ہے اور اپنی سیاسی جماعت 'تامیلاگا ویٹری کازگام' تشکیل دی ہے۔ اس افطار دعوت کا اہتمام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے اداکار نے زندگی کا خاتمہ کر لیا
بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے اداکار للت منچندا نے 36 سال کی عمر میں خودکشی کر لی۔ ان کی لاش پیر کے روز ان کی رہائش گاہ، میرٹھ میں پائی گئی، جس کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور صدمے کی لہر دوڑ گئی۔
للت منچندا کو سب سے زیادہ شہرت مشہور سٹکام تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں ان کی اداکاری سے ملی، جہاں ان کے کردار نے ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔ ان کے کیریئر میں انہوں نے سیوانچل کی پریم کتھا، انڈیا موسٹ وانٹڈ، کرائم پیٹرول اور یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے جیسے مقبول ڈراموں میں بھی یادگار کردار ادا کیے۔
اداکار کی موت کی تصدیق سین اینڈ ٹی وی آرٹسٹس ایسوسی ایشن (سنٹا) نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے کی۔
رپورٹس کے مطابق للت منچندا گزشتہ کچھ عرصے سے مالی مشکلات کا شکار تھے اور تقریباً چھ ماہ قبل ممبئی سے واپس اپنے آبائی شہر میرٹھ منتقل ہو گئے تھے۔ ان کی ذاتی مشکلات اور پیشہ ورانہ چیلنجز نے ممکنہ طور پر ان کے اس انتہائی قدم کی راہ ہموار کی۔
للت کی اچانک اور افسوسناک موت نے بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کو ایک بار پھر ذہنی صحت اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے مسائل پر سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ مداح اور ساتھی فنکار سوشل میڈیا پر ان کے لیے دعائیں اور خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔