ملتان،بزرگ عالم دین علامہ قاضی شبیر حسین علوی انتقال کر گئے، نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
بزرگ عالم دین گزشتہ کچھ عرصے سے عارضہ قلب اور شوگر کے مرض میں مبتلا تھے، مرحوم کی قومی و علمی خدمات کو یاد رکھا جائے گا، مرحوم نے ملک کے مختلف حصوں میں مدارس کی بنیاد رکھی اور سینکڑوں شاگردان ملک بھر میں دین مبین کی تبلیغ کررہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ سربراہ جامعہ شہید مطہری ملتان و سربراہ حسینی تبلیغی مشن پاکستان حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ قاضی شبیر حسین علوی ملتان کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے، بزرگ عالم دین گزشتہ کچھ عرصے سے عارضہ قلب اور شوگر کے مرض میں مبتلا تھے، مرحوم کی قومی و علمی خدمات کو یاد رکھا جائے گا، مرحوم نے ملک کے مختلف حصوں میں مدارس کی بنیاد رکھی اور سینکڑوں شاگردان ملک بھر میں دین مبین کی تبلیغ کررہے ہیں، مرحوم آخری وقت تک جامعہ شہید مطہری اور جامعہ خدیجة الکبری کے سرپرست رہے، مرحوم اپنی منفرد خطابت کے حوالے سے اپنا خاص مقام رکھتے تھے، مرحوم کا جسد خاکی ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے تاہم نماز جنازہ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ ملتان میں بزرگ عالم دین کی وفات کا گزشتہ دو دنوں میں دوسرا بڑا سانحہ ہے، دو روز قبل بزرگ عالم مدرس جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ سورج میانی، علامہ سید محمد تقی نقوی کے چھوٹے بھائی اور سربراہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے چچازاد بھائی علامہ سید علی رضا نقوی انتقال کرگئے تھے جنہیں گزشتہ روز سپردخاک کیا گیا تھا۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
مشہد مقدس، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر تقوی کا ایم ڈبلیو ایم کے دفتر کا دورہ
مولانا ناظر حسین تقوی نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ اہداف کے لئے باہم اکٹھا چلنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں شیعہ کاز کو آگے بڑھانے، خصوصا امام زمانہ (عج)کے عالمی انقلاب کے لئے زمینہ ہموار کرنے کے لئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لا سکیں۔ اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر حسین تقوی جو ان دنوں ایران کے دورے پر ہیں اُنہوں نے مشہد مقدس میں واقع دفتر مجلس وحدت مسلمین کا اپنے وفد کے ہمراہ دورہ کیا۔ مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس کے مسئول حجة الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اُنہیں خوش آمدید کہا۔ مہمان وفد میں دفتر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے مسئول حجة الاسلام مولانا سید نجم الحسن جعفری، سینئر راہنما حجة الاسلام مولانا ڈاکٹر عقیل حیدر زیدی اور سابقہ مسوول حجة الاسلام مولانا سید موسی رضا نقوی بھی شامل تھے۔ پاکستان کی دونوں شیعہ ملی تنظیموں کے اہنماوں کے درمیان نہایت محبت آمیز صمیمی نشست میں مشترکات پر دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ مولانا ناظر حسین تقوی نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ اہداف کے لئے باہم اکٹھا چلنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں شیعہ کاز کو آگے بڑھانے، خصوصا امام زمانہ (عج)کے عالمی انقلاب کے لئے زمینہ ہموار کرنے کے لئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لا سکیں۔ مولانا ناظر عباس تقوی نے قائد ملت جعفریہ آیت اللہ السید ساجد علی نقوی اور ناصر ملت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی توفیقات میں اضافہ کی دعا کروائی۔