سپریم کورٹ: 5 سالہ بچے کے قتل کے الزام میں سزائے موت کے دو ملزم 17 برس بعد بری
اشاعت کی تاریخ: 12th, March 2025 GMT
اسلام آباد:
سپریم کورٹ نے سزائے موت کے دو قیدیوں کو بری کردیا، جن کے خلاف 17 برس قبل 5 سالہ بچے کے قتل کا الزام عائد کردیا گیا تھا اور عدالتوں سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔
سپریم کورٹ میں جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے سماعت کی اور پانچ سالہ بچے کے قتل کے الزام میں سزائے موت کے دو ملزمان کو 17 سال بعد عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا۔
سپریم کورٹ سے بری ہونے والے ملزمان امتیاز اور نعیم پر 2008 میں 5 سالہ بچے انعام کو چارسدہ میں اغوا برائے تعاون کے بعد قتل کا الزام تھا، ٹرائل کورٹ نے ملزمان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سزائے موت سنائی تھی۔
پشاور ہائی کورٹ نے دونوں ملزمان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا جبکہ ملزمان نے 7 سال بعد ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل داخل کی تھی۔
سپریم کورٹ کے بینچ نے کہا کہ ایسے مقدمات جن میں سزائے موت یا عمر قید کا معاملہ ہو، شواہد کی تصدیق اور ان کی قانونی حیثیت انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اگر اقبالِ جرم بعد میں واپس لے لیا جائے اور یہی واحد ثبوت ہو تو قانونی، اخلاقی اور عملی طور پر اس پر بھروسہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کسی فرد کو صرف ایک واپس لیے گئے اعتراف جرم کی بنیاد پر سزا دینا اور وہ بھی سزائے موت، یہ انتہائی نازک اور مشکوک عمل ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سپریم کورٹ سزائے موت سالہ بچے
پڑھیں:
کراچی میں ڈاکو راج، مزاحمت کرنے پر 18 سالہ نوجوان جاں بحق
شہر قائد کے علاقے اتحاد ٹاون میں ڈکیتوں نے مزاحمت کرنے پر 18 سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع نواب کالونی، 20 نمبر بس اسٹاپ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار تین ملزمان نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے 18 سالہ افتخار پر گولیاں برسائیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں افتخار زخمی ہوا اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا کہ ابتدائی اطلاع کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات لیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال شہرقائد میں ڈکیتی مزاحمت پرجاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 78 ہوگئی ہے۔ قبل ازیں سپرہائی وے پرواقع براق پیٹرول پمپ سچل موڑ کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت بھتیجا جاں بحق اورچچا زخمی ہوگیا۔
چچا کی فائرنگ مسلح ملزمان کی زخمی ہوئے جوکہ موقع پر سے فرارہوگئے۔