لاہور: تھانہ جلاؤ گھیراؤ کیس میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت دیگر پر فرد جرم عائد
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس اسٹیشن جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمے پر سماعت کی اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کیخلاف فرد جرم عائد کی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری گواہوں کو بیانات کیلئے طلب کرلیا۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں پر لاہور کے شادمان پولیس اسٹیشن کو آگ لگانے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔ آئندہ سماعت 17 مارچ کو ہوگی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
علی امین گنڈاپور کا اشتہاری کا اسٹیٹس برقرار، اسلام آباد پولیس کو گرفتار کرنے کا حکم
اسلام آباد:انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج کے مقدمے میں علی امین گنڈا پور کی اشتہاری حیثیت ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔
عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرے، تاہم اگر پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے کوئی حکم موجود ہے تو اس پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔
واضح رہے کہ تھانہ انڈسٹریل ایریا میں علی امین گنڈا پور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ ملزمان پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کرنے کا الزام ہے۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلا کی درخواست پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت 6 اگست مقرر کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ علی امین گنڈا پور کی عدم پیشی پر ان کی گرفتاری کے احکامات جاری رہیں گے، جب کہ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرے۔
دوسری جانب انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 18 مارچ احتجاج کا کیس میں فیصل آباد سے ایم این اے علی افضل ساہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج تک علی افضل ساہی اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی کے غیر حاضر دیگر کارکنان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔