سیکیورٹی کونسل کی جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت، تمام ممالک سے پاکستان سے تعاون کرنے کی اپیل
اشاعت کی تاریخ: 15th, March 2025 GMT
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشتگردوں کے حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرکے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔
سلامتی کونسل کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام رکن ممالک دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
سلامتی کونسل نے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر قابل مذمت حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور جوابدہ بنانے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیے: اقوام متحدہ کی جعفر ایکسپریس میں مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پاکستان کی حکومت کے ساتھ فعال طور پر تعاون کریں۔
سیکیورٹی کونسل کے ارکان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ دہشت گردی کے ایسے ہولناک واقعات کا کوئی جواز بھی قابل قبول نہیں ہے، چاہے ان کے پیچھے جو بھی محرکات ہوں۔
سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ تمام ذرائع بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کریں۔
بیان میں سیکیورٹی کونسل کے ارکان نے کہا کہ دہشتگردی اپنے تمام رویوں اور مظاہر میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے ایک سنگین ترین خطرہ ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کی مذمت کرکے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: سلامتی کونسل نے سیکیورٹی کونسل جعفر ایکسپریس اقوام متحدہ تمام ممالک پر زور دیا
پڑھیں:
غزہ کا 90 فیصد حصہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا، اقوام متحدہ کا ہولناک انکشاف
غزہ:بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین (IOM) نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں 90 فیصد سے زائد مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس سے لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ادارے نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر غزہ میں داخلے کے راستے فوری طور پر کھولے تاکہ پناہ گاہی امداد متاثرہ افراد تک پہنچائی جا سکے۔
بین الاقوامی ادارے نے اقوام متحدہ کے انسانی امور کی رابطہ ایجنسی (OCHA) کے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جاری کارروائیوں کے باعث غزہ کے شہری شدید انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ میں جنگ بندی کیلئے قطر اور مصر نے نئی تجویز پیش کردی
آئی او ایم نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ محفوظ جگہ نہ ہونے کے باعث خاندان کھنڈرات میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
ادارے کے مطابق، امدادی سامان اور پناہ گاہی سہولیات موجود ہیں لیکن داخلی راستوں کی بندش کے باعث غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی ممکن نہیں ہو رہی۔ آئی او ایم نے واضح کیا کہ اگر راستے کھول دیے جائیں تو فوری طور پر متاثرین کو ضروری امداد فراہم کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 2 مارچ سے اسرائیل نے غزہ کے داخلی راستے مکمل طور پر بند کر رکھے ہیں، جس کے باعث نہ صرف امدادی سامان کی فراہمی معطل ہو چکی ہے بلکہ قحط کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسرائیل نے غزہ کے 30 فیصد علاقے پر قبضہ کرلیا، امداد کی فراہمی روکنے کا فیصلہ برقرار
صیہونی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کے بیشتر علاقے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، اور تقریباً پوری آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔
یہ صورتحال اس وقت بھی جاری ہے جب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (ICC) میں جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات کے تحت مقدمہ زیر سماعت ہے۔ اس کے باوجود، اسرائیلی جارحیت میں کوئی کمی نہیں آ رہی۔