مسئلہ بلوچستان،نواز شریف آگے آئیں، سیاست سے دشمنی ختم ہونی چاہئے: شجاعت
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے، نواز شریف آگے آئیں، اہل سیاست ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عید کے بعد نواز شریف کے پاس جاتی امرا جاؤں گا، بلوچ لیڈرشپ کو اعتماد میں لے کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف فوج کا کردار ڈھکا چھپا نہیں، قومی قیادت کو ان کے پیچھے کھڑا ہونا ہو گا۔ دشمن بلوچستان کی معاشی اہمیت سے واقف ہے، اسی لیے ٹارگٹ کر رہا ہے۔ سیاست میں دشمنی کا رجحان ختم ہونا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاستدانوں کے سر جوڑے بغیر سیاسی تناؤ ختم نہیں ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف اپوزیشن سے بات کرنا ہو گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
حالیہ سیلابی ریلوں میں لوگوں کا ڈوبنا پریشان کن ہے: مریم نواز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابی ریلوں میں متعدد افراد کا ڈوبنا انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا شعور دیتا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔انہوں نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تحت اس سال کے تھیم ’’کوئی بھی ڈوب سکتا ہے، مگر کسی کو ڈوبنا نہیں چاہئے‘‘ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پانی بلاشبہ زندگی کی علامت ہے مگر بے احتیاطی کی صورت میں یہی پانی موت کا سبب بن سکتا ہے۔مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں افراد صرف اس لئے جان کی بازی ہار جاتے ہیں کیونکہ ڈوبنے کے خطرے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، نہر، ندی، دریا، سیلابی نالے یا سمندر میں ڈوبنے سے بچاؤ ممکن ہے، لیکن اس کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے حالیہ سیلابی ریلوں میں متعدد افراد کے ڈوبنے کے واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں نہروں، جھیلوں، ندی نالوں اور دریاؤں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے، اس ضمن میں وارننگ سائنز، مانیٹرنگ سسٹم اور چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہر وقت متحرک ہیں اور عوام کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو نہروں، دریاؤں اور سیلابی نالوں میں نہانے سے روکیں اور محکمہ موسمیات و ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ الرٹس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔