غزل
کسی حسین کی چاہت نہیں کروں گا میں
تمہارے بعد محبت نہیں کروں گا میں
تمہارے ہوتے ہوئے بھی میں خوش نہیں لیکن
خدا گواہ شکایت نہیں کروں گا میں
اذان سن کے اٹھوں گا مگر مرے مولا
کہوں گا شعر عبادت نہیں کروں گا میں
اگر کرے گی اشارہ تو پیار کر لوں گا
نہیں ملے گی اجازت، نہیں کروں گا میں
میں پہلے کہتا رہا ہوں کہ یار عشق کرو
اور اب کسی کو نصیحت نہیں کروں گا میں
کسی سے بات بڑھاؤں تو چیخ اٹھتا ہے دل
نہیں کروں گا محبت نہیں کروں گا میں
اور اب جو کرنے لگا ہوں تو یاد آ گیا ہے
کسی سے وعدہ کہ ہجرت نہیں کروں گا میں
(امتیاز انجم۔ اوکاڑا)
۔۔۔
غزل
حدت، خنکی، شدت، خوشبو،چاند ستارہ عورت ہے
جوش، جوانی، رقص، ترنم، روپ سہانا عورت ہے
نکہت، بادل، موسم، فطرت، جھیل، گلاب، نشیلی دھوپ
تتلی، پھول، سنہری چڑیا، ہرن سوانا عورت ہے
بیتِ مومن، نظمِ ساحر، نغمۂ اختر، سوزِ میر
غزل، قصیدہ، مطلع، مقطع، شعر دو گانا عورت ہے
بحرِ آتش، معنیِ غالب، حسنِ ولی اور رنگِ ذوق
حرف، حکایت، لفظ، کرشمہ، نثر ٹھکانا عورت ہے
شاہدِ عصمت، پردہ نشینی، مونسِ ہجراں، عجزِ ولی
عفت، حرمت، نور، شرافت، شرم بچانا عورت ہے
رنگِ غازہ، رنگِ حنائی ، شغلِ سرمہ، بوئے حنا
نگھی، کنگن، چوڑی، گجرا سجنا سجانا عورت ہے
ادا نرالی، نخرے والی، ناز قیامت، شوخیِ جاں
عشوہ،نخرہ، چنچل شکوہ، مکر بہانا عورت ہے
رازِ الفت، سازِ راحت، سوزِ چاہت، نالۂ دل
عشق، محبت، پیار، فسانہ نظر لڑانا عورت ہے
باغِ بہاراں، بادِ بہاراں، صبح بہاراں، چشمِ بہار
بادل، بارش، ابر مہینہ، راگ پرانا عورت ہے
دستِ رنگیں، سینۂ بسمل، خندہ جبیں اور حیرتِ حسن
شوخیِ قاتل، چشم پریشاں، ڈرنا ڈرانا عورت ہے
رازِ ہستی، رازِ فطرت، رازِ مسرت، رازِ حیات
قہقہہ، چیخ، خوشی کا نعرہ، ہنسنا ہنسانا عورت ہے
(آفتاب شاہ۔ سمبڑیال)
۔۔۔
غزل
جو کوئی وقعتِ تجدید، سمجھتا ہی نہیں
میں اُسے قابلِ تقلید سمجھتا ہی نہیں
آج کے دور کا انسان بہت ضدی ہے
کھل کے کرتے رہو تنقید، سمجھتا ہی نہیں
وہ ترے دل میں چھپی بات کہاں سمجھے گا
جو ترے لفظوں کی تعقید، سمجھتا ہی نہیں
کوئی بھی بات طوالت سے بری لگتی ہے
میں کسی قسم کی تمہید، سمجھتا ہی نہیں
تیرے ہونے کا گماں، دل کو جواں رکھتا ہے
تو کہ اِس بات کو، بے دید! سمجھتا ہی نہیں
اُن کو تہوار مبارک، جنہیں سب حاصل ہے
یار تو یار سِوا عید، سمجھتا ہی نہیں
جو ترا حکم ملا، فوری اُسے پورا کیا
دل تری بات کی تردید، سمجھتا ہی نہیں
(ثمرؔ جمال۔ جھنگ)
۔۔۔
غزل
وفا کے آگے جبیں کو جھکائے رکھوں گی
امید میں اِسی در سے لگائے رکھوں گی
مری نظر میں اندھیرے نہ ہو سکیں گے کبھی
میں تیری یاد کی شمعیں جلائے رکھوں گی
خبر نہیں تھی کہ پاؤں کی خاک بھی نہیں وہ
میں عمر بھر جنہیں سر پر بٹھائے رکھوں گی
تمام عمر ہی بچوں کی راحتوں کے لیے
میں اپنی آرزوؤں کو دبائے رکھوں گی
خموش ہوں تو پریشاں ہیں جن کو لگتا تھا
کہ آسمان میں سر پر اٹھائے رکھوں گی
جنوں کی رہ میں لٹا دوں گی سب کچھ اپنا میں
بس ایک دولتِ غم کو بچائے رکھوں گی
ہمیشہ یونہی میں رکھتی ہوں دل کھلا ثوبی
اگر عدو بھی مرے در پہ آئے، رکھوں گی
(ثوبیہ راجپوت۔سیالکوٹ)
۔۔۔
غزل
وہ عوامل کہ جو تھے وجہِ طرب خیزیِ دل
اب وہی بن گئے اسبابِ کم آمیزیِ دل
خواہشوں کا، کبھی خوابوں کا لہو کر دینا
دن بہ دن بڑھتی چلی جاتی ہے خوں ریزیِ دل
رونقِ گلشنِ جاں رشک بہاراں تھی کبھی
اور پھر نذرِ خزاں ہو گئی زرخیزیِ دل
کس کو معلوم ہے ڈھائے گی قیامت کیا کیا
یہ جنوں خیزیِ جاں، ولولہ انگیزیِ دل
نو بہ نو کھلتے ہوئے دل میں تمناؤں کے پھول
یاد آتی ہے کبھی ہم کو وہ نوخیزیِ دل
اب بھی امید ہے زیبائشِ جاں کی تجھ کو
اب نہ وہ خاکۂ ہستی، نہ وہ رنگریزیِ دل
چھوڑ دے تو بھی اسے حال پہ اپنے آزادؔ
روکنے سے کہاں رکتی ہے شر انگیزیِ دل
(اسامہ آزاد۔راولپنڈی)
۔۔۔
غزل
نمدیدہ مرا دھیان ہے اک یاد ہے میں ہوں
تنہائی کا زندان ہے اک یاد ہے میں ہوں
یہ شہر مرے خواب کے ایندھن سے بنا تھا
اب راکھ کا سامان ہے، اک یاد ہے میں ہوں
بکھرے ہوئے پھولوں پہ قضا ناچ رہی ہے
ٹوٹا ہوا گلدان ہے اک یاد ہے میں ہوں
احساس کے زخموں پہ کوئی ہاتھ نہ رکھے
یہ درد کا فرمان ہے، اک یاد ہے میں ہوں
دھوکہ تھا مجھے عکس کے سائے میں سکوں کا
آئینے کا احسان ہے اک یاد ہے میں ہوں
اک خواب تھا جو نقطۂ آغاز میں کھویا
اب وہم کا دیوان ہے، اک یاد ہے، میں ہوں
اشکوں میں گھلی جاتی ہیں بجھتی ہوئی سانسیں
خاموشی کا طوفان ہے، اک یاد ہے، میں ہوں
کچھ ٹوٹ کے بکھرا تھا سرِ موجِ تمنا
اب درد کی پہچان ہے، اک یاد ہے، میں ہوں
(خبیب ناسف۔گجرات)
۔۔۔
غزل
رو رہا ہے اب وہ لے کر جسمِ خون آلود کو
ڈھانپ کر رکھتا نہ تھا جو حسنِ لا محدود کو
آؤ بھائی! ختم کر دیں نفرتِ موجود کو
صاف کر لیں اپنے اپنے قلبِ گرد آلود کو
پی رہا ہے گورے چٹے شخص کو فرقت کا غم
سانپ اک بیٹھا ہوا ہے منہ لگا کر دودھ کو
خود کو دھوکا دے رہے ہیں لوگ کاروبار میں
زر پرستی میں سمجھتے ہیں منافع، سود کو
باپ تو لیتا رہا شب بھر خراٹے نیند میں
لے کے ماں بیٹھی رہی بیمار نو مولود کو
غصہ مت کرنا میاں! اُس تند خو کے سامنے
آگ کے نزدیک مت لانا کبھی بارود کو
ذہن دورانِ عبادت اور کسی جانب رہا
آدمی نے کھوکھلے سجدے کیے معبود کو
اے خدائے لم یزل! میرے غموں کی آگ دیکھ
تُو نے ٹھنڈا کر دیا تھا آتشِ نمرود کو
(عبداللہ باصر۔گوجرانوالہ)
۔۔۔
غزل
کہتے ہو تم برا تو کہو اور بھی برا
نظروں میں میں کسی کی بھی اب تک نہیں گرا
الزام مجھ پہ لوگ لگاتے ہیں اب بہت
لوگوں کے دل میں میں بھی نہیں آج تک مرا
تنقید مجھ پہ جو بھی یہاں کر رہا ہے اب
اپنا مقام آپ بھی وہ دیکھ لے زرا
جو سامنے ترے ہو تو اچھا کہے تجھے
ایسے ہی چال باز منافق سے میں ڑرا
عاجز بڑا ہے تو بھی تو لوگوں کے سامنے
ایسی تو عاجزی سے مرا دل ہی ہے بھرا
(رحمان راجپوت ۔سیالکوٹ)
۔۔۔
غزل
ماتم کناں بحالتِ غم ڈولتا ہوا
پہنچا میں اس کے در پہ گہر رولتا ہوا
پل بھر میں سامعین کو مسحور کر گیا
اک شخص خوشبوؤں کی زباں بولتا ہوا
کتنے وثوق سے ترے پہلو میں آ بسا
میرے خلاف زہر عدو گھولتا ہوا
مت پوچھ کتنی بار پشیماں ہوا ہوں میں
میزانِ دل میں تیری وفا تولتا ہوا
اعجاز شب ہوا میں گھٹاؤں سے آشنا
اس زلف کی اک ایک گرہ کھولتا ہوا
(احسن اعجاز۔اقبال نگر)
۔۔۔
غزل
خونِ دل جتنا بہے یار اسے بہنے دیں گے
پر ترے عشق پہ اک لفظ نہ کہنے دیں گے
یہ نئے لوگ ہیں،فیشن کے پجاری نئے لوگ
یہ دوپٹہ بھی ترے سر پہ نہ رہنے دیں گے
تربیت حکم نہیں دیتی کہ کچھ بولیں ہم
سو کوئی کچھ بھی کہے ،ہم اسے کہنے دیں گے
ہم کہاں بھاگتے لاکٹ، گھڑی، انگوٹھی سے ہیں
وہ کوئی شے تو رضامندی سے پہنے،دیں گے
دل سے یہ فیصلہ اربابؔ کیا ہے ہم نے
جو جہاں بھی رہے خوش ہم اسے رہنے دیں گے
(ارباب اقبال بریار ۔واہنڈو، گوجرانوالہ)
۔۔۔
غزل
کچھ پرندے جو اڑتے ہوئے دیکھنا
تو نظاروں کو ہنستے ہوئے دیکھنا
اچھی لگتی ہے بچے کی کوشش بہت
اور پھر اس کو چلتے ہوئے دیکھنا
خوف کھانا بہت جب بھی معصوم کی
آنکھ میں اشک بھرتے ہوئے دیکھنا
جب پلٹ کر نہ آنے کو جائے کوئی
گھر سے باہر نکلتے ہوئے دیکھنا
نور جب چوٹ مجھ سے کسی کو لگے
مجھ کو افسوس کرتے ہوئے دیکھنا
(سید محمد نورالحسن نور۔ ممبئی)
۔۔۔
غزل
نہیں ملتا کسی سے بھی کسی سے ہاں نہیں ملتا
اگرچہ مل بھی جاؤں پھر تیرے جیسا نہیں ملتا
کھڑا ساحل پہ پیاسا دیر تک دریا کو تکتا ہے
مگر پھر بھی یہاں پیاسے کو کیوں دریا نہیں ملتا
محبت کرنے والوں کو ملے محبوب ایسا ہے
کے جیسے کر بلا ہو اور کوئی پیاسا نہیں ملتا
میں مدت بعد آیا ہوں پشاور شہر میں یاروں
یہاں سب کچھ ملا پر شخص من چاہا نہیں ملتا
فقط یہ کہہ کے مجھ کو کر دیا انکار انہوں نے
کہی صورت نہیں ملتی کہی شجرا نہیں ملتا
میں اس سے روز ملتا ہوں بہت آداب سے لیکن
نجانے کیوں کبھی مجھ سے وہ مجھ جیسا نہیں ملتا
یہ میں نے باپ کو کہتے سنا اک روز غربت میں
کبھی عزت نہیں ملتی کبھی پیسہ نہیں ملتا
فقط وہ ہی نہیں ملتا کے جس کی چاہ ہوتی ہے
وگرنہ اس جہاں میں تو میاں کیا کیا نہیں ملتا
ہوا جب سامنا میرا حقیقت سے سمجھ آیا
کے جیسا چاہتا ہوں مجھ کو کیوں ویسا نہیں ملتا
وہ ملتا روز ہے مجھ سے ہجوم و بھیڑ میں ارسلؔ
میں دل کی بات کیا کہتا کے وہ تنہا نہیں ملتا
(ارسلان شیر ۔کابل ریور، نوشہرہ)
سنڈے میگزین کے شاعری کے صفحے پر اشاعت کے لیے آپ اپنا کلام، اپنے شہر کے نام اورتصویر کے ساتھ ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کرسکتے ہیں۔ موزوں اور معیاری تخلیقات اس صفحے کی زینت بنیں گی۔
انچارج صفحہ ’’کوچہ سخن ‘‘
روزنامہ ایکسپریس، 5 ایکسپریس وے، کورنگی روڈ ، کراچی
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہے اک یاد ہے میں ہوں نہیں کروں گا میں سمجھتا ہی نہیں ہوئے دیکھنا نہیں ملتا رکھوں گی عورت ہے دیں گے
پڑھیں:
ایچ پی وی ویکسین: پاکستانی معاشرے میں ضرورت
انسانی تاریخ میں کچھ بیماریاں ایسی بھی رہی ہیں جو نسلِ انسانی کے وجود پر سوالیہ نشان بن کر ابھریں۔ کینسر ان میں آج بھی سب سے بھیانک ہے۔ مگر سائنس نے انسان کو یہ پیغام دیا کہ اندھیروں میں بھی چراغ جلائے جاسکتے ہیں۔
انہی چراغوں میں سے ایک ہے ایچ پی وی ویکسین (Human Papillomavirus Vaccine)، جسے اردو میں ’’انسانی پیپلیلوما وائرس حفاظتی دوا‘‘ کہا جا سکتا ہے۔ یہ ویکسین بالخصوص خواتین کی زندگی اور صحت کی حفاظت کے لیے آج کی سائنسی دنیا میں بڑی عظیم کامیابی ہے۔
عالمی تحقیق اور ابتدا
ایچ پی وی ویکسین کی بنیاد 1990 کی دہائی میں رکھی گئی جب آسٹریلیا کے سائنس دان پروفیسر یان فریزر (Ian Frazer) اور ان کے ساتھی جیہان ژو (Jian Zhou) نے وائرس جیسے ذرات (Virus-like Particles) ایجاد کیے۔ یہ ذرات بیماری نہیں پھیلاتے لیکن جسم کو مدافعتی ردعمل کے لیے تیار کر دیتے ہیں۔ 2006 میں امریکا نے پہلی بار اسے Gardasil کے نام سے متعارف کرایا، بعد ازاں Cervarix اور Gardasil 9 جیسے مزید مؤثر ورژن سامنے آئے۔
عالمی ادارۂ صحت (WHO) اور امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) کے مطابق یہ ویکسین خواتین میں سروائیکل کینسر (Cervical Cancer) کے تقریباً 70 فیصد سے 90 فیصد تک کیسز کو روکتی ہے۔ آسٹریلیا، برطانیہ اور ناروے جیسے ممالک میں یہ ویکسینیشن پروگرام اس حد تک کامیاب رہا کہ وہاں نوجوان نسل میں سروائیکل کینسر کی شرح نصف سے بھی کم ہوگئی۔
پاکستان میں ضرورت
پاکستان میں ہر سال تقریباً 5,000 خواتین سروائیکل کینسر کا شکار ہوتی ہیں، جبکہ اموات کی شرح 60 فیصد کے قریب ہے، کیونکہ عموماً مرض کی تشخیص دیر سے ہوتی ہے۔ یہ بیماری صرف عورت تک محدود نہیں رہتی، بلکہ خاندان کی بقا، بچوں کی تربیت اور سماج کی اخلاقی ساخت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ ایسے میں ایچ پی وی ویکسین کا استعمال ناگزیر دکھائی دیتا ہے۔
مزید یہ کہ عالمی تحقیق ثابت کرچکی ہے کہ ایچ پی وی صرف خواتین کے لیے ہی نہیں بلکہ مردوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔ یہ وائرس مردوں میں منہ، گلے اور تولیدی اعضا کے سرطان کا باعث بن سکتا ہے۔ امریکا اور یورپ میں ویکسین لگنے کے بعد مردوں میں بھی اس کے خلاف نمایاں تحفظ دیکھا گیا ہے۔
سماجی اور مذہبی رکاوٹیں
پاکستان میں اس ویکسین کے فروغ میں کئی رکاوٹیں درپیش ہیں۔
کچھ حلقے اسے مغربی سازش قرار دیتے ہیں اور مذہبی بنیاد پر مخالفت کرتے ہیں۔
والدین میں یہ خوف بھی پایا جاتا ہے کہ یہ ویکسین نوجوانوں میں جنسی آزادی کو فروغ دے گی۔
لاعلمی اور کم علمی کی وجہ سے اکثر اسے غیر ضروری یا غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
اسلامی ممالک اور علما کا موقف
کچھ اسلامی ممالک نے نہ صرف ایچ پی وی ویکسینیشن پروگرام فعال کیے ہیں بلکہ علما نے بھی اسے شرعی اعتبار سے جائز قرار دیا ہے۔ مثال کے طور پر ملیشیا میں 2010 میں Jabatan Kemajuan Islam Malaysia (JAKIM) نے باضابطہ فتوٰی جاری کیا کہ اگر ویکسین کی ترکیب میں کوئی مشکوک جزو نہ ہو اور یہ نقصان دہ نہ ہو تو رحمِ مادر کے سرطان سے بچاؤ کےلیے HPV ویکسین لگوانا ’’مباح‘‘ (permissible) ہے۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات (UAE) نے 2018 میں HPV ویکسین کو اپنے قومی حفاظتی پروگرام میں شامل کیا، اور وہاں کے نیشنل امیونائزیشن ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ نے حکومتی سطح پر اس کی تائید کی۔
مزید یہ کہ سعودی عرب کے صوبے جازان میں عوامی رویے اور تحقیق سے واضح ہوا کہ مذہبی خدشات کے باوجود طبی اور شرعی دلائل نے ویکسین کے استعمال کو قابلِ قبول بنایا ہے۔
یہ مثالیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ انسانی جان کے تحفظ کو اسلام میں اولین ترجیح حاصل ہے، اور جب کوئی دوا جان بچانے کا ذریعہ ہو تو اس کا استعمال نہ صرف جائز بلکہ واجب کے قریب قرار دیا جا سکتا ہے۔
ایچ پی وی ویکسین آج پاکستانی معاشرے کے لیے محض ایک طبی ایجاد اور ضرورت ہی نہیں بلکہ خواتین کی زندگی، اور معاشرتی بقا کی بھی ضامن ہے۔ اگر حکومت اسے قومی حفاظتی ٹیکوں کے دیگر ذرائع کی طرح مستقل پروگراموں میں شامل کر لے تو ہر سال ہزاروں زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ اعداد و شمار، تحقیق اور عالمی تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی اور مذہبی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔