کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن میں سوٹ کیس سے لاش برآمد
اشاعت کی تاریخ: 19th, April 2025 GMT
کراچی:
کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے عبداللہ گوٹھ، صافی چوک کے قریب واقع کچرا کنڈی سے سوٹ کیس کے اندر لاش ملنے کے واقعے میں پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے مقتول کی شناخت آصف کے نام سے کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق، مقتول آصف کی شناخت تلاش ڈیوائس کی مدد سے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آصف کو ذاتی دشمنی کی بنیاد پر سر میں ڈنڈے مار کر قتل کیا گیا۔
مقتول کا تعلق کشمور سے بتایا گیا ہے اور وہ ایک لانگ روٹ بس کا کنڈکٹر تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آصف کو کسی نامعلوم مقام پر قتل کرنے کے بعد لاش کو شاہ لطیف کے ویران علاقے میں پھینکا گیا۔
لاش گزشتہ روز اس وقت برآمد ہوئی جب بچوں نے کچرا کنڈی میں سوٹ کیس دیکھا، جس پر مکینوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے لاش کی ابتدائی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور؛ شوہر کے قتل کا معمہ حل، بیوی اور اسکا آشنا ملوث نکلے
لاہور:گرین ٹاؤن میں شہری آصف کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، مقتول کو اس کی بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر قتل کیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ قیصرہ نے اپنے آشنا رضوان شاہ کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ رضوان شاہ مقتول آصف کے پاس کام کرتا تھا اور اسی دوران دونوں کے درمیان تعلقات قائم ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم رضوان نے آصف کو اس کے کارخانے میں قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو موٹر سائیکل پر رکھ کر پتوکی کے قریب نہر میں پھینک دیا۔ ذرائع کے مطابق آصف کے قتل کے بعد اس کی بیوی قیصرہ اپنے آشنا رضوان سے شادی کرنا چاہتی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول آصف کے لاپتا ہونے کا مقدمہ 23 اکتوبر کو خود اس کی بیوی قیصرہ نے ہی درج کرایا تھا تاکہ شک اس سے ہٹ جائے۔ تاہم تفتیش کے دوران شواہد اور بیانات میں تضادات سامنے آئے جس پر پولیس نے قیصرہ اور رضوان شاہ کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقتول کی لاش نہر سے برآمد کر لی گئی ہے۔