ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کرنے کیلیے ایف بی آر نے ہفتے کی چھٹی ختم کردی
اشاعت کی تاریخ: 19th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے رواں مالی سال 2024-2025 کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے ہفتے کی چھٹی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ریونیو ڈویژن کی طرف سے تمام لارج ٹیکس آفسز (ایل ٹی اوز)، مِیڈیم ٹیکس آفسز (ایم ٹی اوز)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (سی ٹی اوز) اور ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے تمام فیلڈ فارمشنز کو لکھے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وہ 30 جون 2025 تک ہفتہ کے دن معمول کے مطابق دفتری اوقات میں کام کریں گے۔
مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ محصولات کی وصولی کے عمل کو موٴثر بنانے اور اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، 30 جون 2025 تک تمام ٹیکس آفس کی بروز ہفتہ کی چھٹی منسوخ کی گئی ہے۔
ایف بی آر نے اپنے تمام دفاتر پر زور دیا کہ وہ ایک جامع حکمت عملی اپنائیں، جس پر زیادہ سے زیادہ ریونیو کے سلسلے کو فوکس کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق، متعلقہ اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور قانون نافذ کرنے کے اقدامات میں تاخیر نہ کریں تاکہ قومی خزانے کو درکار وسائل بروقت دستیاب ہو سکیں۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حال ہی میں پاکستان کو رواں مالی سال کے لیے اپنے سالانہ ٹیکس ہدف کو 12,970 ارب روپے سے کم کرکے 12,370 ارب روپے کرنے کی اجازت دی تھی اورنظرثانی کے باوجود ایف بی آر کو مسلسل دباوٴ کا سامنا ہے کیونکہ مالی سال 25 کے پہلے نو ماہ کے لیے اس کا ریونیو شارٹ فال پہلے ہی 700 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹیکس آفسز ایف بی آر ٹی اوز کے لیے
پڑھیں:
ایک اور اداکارہ کا پورا دن گھر میں بےہوش پڑے رہنے کا انکشاف
پاکستان شوبز کی اداکارہ عمارہ چوہدری نے کراچی میں تنہا رہنے کے اپنے تجربے کا احوال بتا دیا۔
حال ہی میں عمارہ چوہدری ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے ساتھی اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کیلئے بھی اکیلئے رہنا آسان نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت سے لوگ پڑھائی یا کام کی وجہ سے دیگر شہروں سے آکر تنہا رہتے ہیں اور ایسے میں گھر والوں کو بہت یاد بھی کرتے ہیں۔ عمارہ نے بتایا کہ ان کا تعلق بھی لاہور سے ہے ان کا گھر اور اہلِ خانہ لاہور میں ہیں مگر وہ اکثر کام کے سلسلے میں کراچی میں اکیلی رہتی ہیں۔
عمارہ نے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ کورونا کے دنوں میں جب شوٹ سے واپس گھر آئیں تو کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے بےہوش ہوگئیں اور پورا دن بےہوش پڑی رہیں۔ اس دوران ان کے گھر والوں نے رابطہ نہ ہونے پر ان کے مالک مکان سے رابطہ کیا جس نے دروازہ کھٹکھٹایا تو وہ ہوش میں آئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب میں نے اپنا موبائل دیکھا تو گھر والوں کی بہت ساری کالز آئی ہوئی تھیں۔ عمارہ کا کہنا تھا کہ مالک مکان نے بتایا کہ ان کے گھر والوں کی کال آئی تو ان کے کہنے پر اس نے آخر دروازہ کھٹکھٹایا ورنہ وہ سمجھے تھے کہ میں لاہور جاچکی ہوں۔
یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر 8 جولائی کو کراچی میں کرائے کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ اداکارہ کی موت اکتوبر میں ہوئی تھی جس کی کئی مہینوں تک کسی کو خبر نہیں ہوسکی۔