Daily Ausaf:
2025-07-27@05:50:31 GMT

اقبالؒ__ کیا ہم بھول جائیں گے؟

اشاعت کی تاریخ: 22nd, April 2025 GMT

علامہ اقبال کو رُخصت ہوئے ستاسی برس ہوچلے۔ لیکن کیا دِلوں میں چراغِ آرزو جلانے، جہد مسلسل کا عزم عطا کرنے، خودی، خود آگاہی اور خودشناسی کا درس دینے، حاضرو موجود کی قید سے آزاد ہوکر نئے جہانوں کی تلاش وجستجو کی لگن ابھارنے، غلامی کی شبِ سیاہ میں سحرتراشی کا جنوں بخشنے اور ’’لاہور سے تاخاکِ بخارا وسمرقند‘‘ اِک ولولہ تازہ دینے والی زندہ وجاوداں شاعری کے نقوش بھی گردوغبارِ وقت کی نذر ہوجائیں گے؟ بظاہر ایسا ہی لگتا ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی عالی مرتبت درس گاہوں سے فیض یاب ہونے والے ’اَبنائے اشرافیہ‘، اور پٹرول بموں سے کھیلنے والے ’طفلانِ خود معاملہ‘ سے صرفِ نظر کرلیجے، پاکستان کے اداروں سے کسبِ علم کرنے والے، مشرقی تہذیب وروایات کے حامل، متوسط گھرانوں کے نوجوان بھی اقبال سے شناسا ہیں نہ اُس کی شاعری سے۔ اِس المیّے کا ماتم پھر سہی۔
آج جی چاہتا ہے کہ علّامہ کی شاعری کے اُس مُشکبو پہلو کی ہلکی سی جھلک دیکھی جائے جو حضورِ اکرم حضرت محمدؐ سے بے کراں محبت کی خُوشبو میں گندھا ہے اور جسے پڑھتے ہوئے دِل کی دھڑکنوں میں ارتعاش سا پیدا ہوجاتا ہے۔
دس گیارہ سال پہلے، میں نے اپنے ایک کالم میں، چار مصرعوں پر مشتمل علامہ کی ایک رباعی یا قطعے کا ذکر کیا تھا
تُو غنی اَز ہر دو عالَم من فقیر
رُوز محشر عُذر ہائے مَن پذیر
وَر تو می بینی حسابم ناگزیر
اَز نگاہِ مصطفیؐ پِنہاں بگیر
(اے اللہ تعالی! تو دونوں جہانوں سے غنی اور بے نیاز ہے اور میں ایک بے سروساماں فقیر۔ کیا ہی اچھا ہو کہ تُو قیامت کے دِن میرے گناہوں کے عُذر قبول کرلے اور بخش دے اور اگر تو میرا نامۂِ اعمال دیکھنا ضروری خیال کرے تو بھلے دیکھ لے لیکن میرے حضور، محمد مصطفیؐ کی نگاہوں سے چھُپا کر دیکھنا)
وفات سے کوئی ایک برس قبل، فروری 1937 ء میں، ڈیرہ غازی خان کے ایک سکول ٹیچر، ماسٹر محمد رمضان عطائی کی دردمندانہ خواہش پر علامہ نے یہ رباعی اُنہیں عطا کر دی۔ اپنے ایک خط میں لکھا__ ’’ جنابِ من، میں ایک مدّت سے صاحبِ فراش ہوں۔ خط وکتابت سے معذور ہوں۔ باقی، شعر کسی کی ملکیت نہیں۔ آپ بلاتکلف وہ رباعی جو آپ کو پسند آ گئی ہے، اپنے نام سے مشہور کریں۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں۔‘‘ رمضان عطائی نے کبھی یہ رباعی اپنے نام سے مشہور نہ کی بلکہ پوری داستان اپنی ڈائری میں لکھ کر محفوظ کردی۔ علّامہ نے یہ رباعی اپنی کتاب ’’ارمغان حجاز‘‘ کے مسودے سے خارج کردی۔ آج بھی یہ علّامہ کی کسی کتاب میں شامل نہیں۔ ’ارمغان حجاز‘ کے لئے علّامہ نے اسی مضمون کی ایک اور رُباعی کہی
بَہ پَایاں چُوں رَسَد اِیں عَالمِ پِیر
شَوَد بے پَردہ ہَر پوشِیدہ تَقدیر
مَکُن رُسوا حضورِ خَواجہ مَارَا
حسابِ مَن زَ چَشمِ اُو نِہاَں گیر
(جب یہ عالمِ پیر اپنے انجام کو پہنچ جائے اور حشر بپا ہو۔ جس روز ہر پوشیدہ تقدیر، ہر چھُپی ہوئی بات ظاہر ہوجائے، تو اے خدا! مجھے اپنے حضورؐ کے سامنے رُسوا نہ کرنا، میرا نامۂِ اعمال آپؐ کی نگاہوں سے چھپا لینا)
’’رموزِ بے خودی‘‘ کی ایک فارسی نظم میں علّامہ نے اپنی زندگی کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ عنفوانِ شباب کے دن تھے۔ ایک بھکاری اُن کے دروازے پر پیہم صدا لگا رہا تھا اور ٹلنے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ غصے میں آکر نوجوان اقبال نے اُسے لاٹھی دے ماری۔ فقیر نے اب تک بھیک مانگ کر جو کچھ سمیٹا تھا، سب زمین پر بکھر گیا۔ علّامہ کے والد، شیخ نور محمد، یہ منظر دیکھ رہے تھے۔ اُن کے ہونٹوں سے ایک آہِ جگر سوز نکلی۔ بہت مضطرب ہوئے۔ ستارے جیسا ایک آنسو آنکھ سے ٹپکا اور بولے کہ کل میدانِ حشر میں جب رسول اللہ ؐ کی ساری امت جمع ہوگی اور حضور ؐ مجھ سے سوال کریں گے کہ
حَق جوانے مُسلمے بَا تُو سپُرد
کو نصِیبے اَز دَبِستَانَم نَبُرد
اَز تُو اِیں یَک کارِ آسَاں ہَم نَہ شُد
یعنی آں اَنبَارِ گِل، آدَم نَہ شُد
(حضو رؐ فرمائیں گے۔’’ اللہ تعالیٰ نے ایک مسلم نوجوان تیرے حوالے کیا تھا لیکن اُس نوجوان نے میرے ادب گاہِ اخلاقیات سے کوئی سبق نہ سیکھا۔ تُو اتنا آسان سا کام بھی نہ کرسکا کہ مٹی کے ایک تودے کو آدمی بناسکتا‘‘)
اَندَکے اَندِیش و یَاد آر اے پِسَر
اِجتماعِِ اُمّتِ خیرُ البَشَر
بَاز اِیں رِیشِ سَفیدِ مَن نَگَر
لَرزۂ ِ بِیم و اُمیدِ مَن نَگَر
بَر پِِدَر اِیں جَورِ نَازِیبَا مَکُن
پِیشِ مَولاَ بَندَہ رَا رُسوَا مَکُن
غُنچَہِ اِی اَز شَاخسَارِ مُصطفیؐ
گُل شو اَز بَادِ بَہارِ مُصطفیؐ
فِطرَتِ مُسلِم سَراپا شَفقَت اَست
دَرجَہاں دَست وزُبَانَش رَحمت اَست
اَز مَقامِ اُو اگر دُور اِیستِی
اَز مِیانِ مَعشر مَا نِیستِی
( سو بیٹا تھوڑی دیر کے لئے سوچ اور رسول اللہ ؐ کی اُمّت کے اجتماعِ عظیم کو تصوّر میں لا۔ پھر میری اِس سفید داڑھی کو دیکھ۔ مجھ پر نظر ڈال کہ کس طرح میں امید اور ناامیدی کے خیال سے لرز رہا ہوں۔ اپنے باپ پر نازیبا ظلم نہ کر۔ آقاؐ کے سامنے اُس کے غلام کو رُسوا نہ کر۔ خود پر نظر کر کہ تو گلستانِ مصطفیؐ کا ایک غنچہ ہے۔ بادِ بہارِ مصطفیؐ سے کھِل کر پورا پھول بن جا۔ مسلمان کی فطرت تو سراپا شفقت ومحبت ہے۔ ساری دنیا کے لئے اُس کا ہاتھ اور اُس کی زبان رحمت ہے۔ اگر تُو میرے حضورؐ کے مقام اور اسوۂِ حسنہ سے دُور ہے تو ہمارے قبیلے سے بھی نہیں ہو)
1905 ء میں حصولِ تعلیم کے لئے بحری جہاز سے لندن جاتے ہوئے، اٹھائیس سالہ محمد اقبال نے، عَدن کی بندرگاہ کے نواح سے، ’ایڈیٹر وطن‘ مولانا انشاء اللہ خان کو جو خط لکھا، اُسے اقبال شناس اہلِ فکر، ’نثری نعت‘ قرار دیتے ہیں۔ اقبال نے لکھا
’’اب ساحل قریب آتا جاتا ہے۔ چند گھنٹوں میں ہمارا جہاز عدن جا پہنچے گا۔ ساحلِ عرب کے تصوّر نے جو ذوق وشوق اِس وقت دِل میں پیدا کردیا ہے، اُس کی داستان کیا عرض کروں۔ بس دل یہی چاہتا ہے کہ زیارت سے اپنی آنکھوں کو منور کروں۔ اے عرب کی مقدس سرزمین! تجھ کو مبارک ہو۔ تم ایک پتھر تھیں، جس کو دنیا کے معماروں نے رَدّ کردیا تھا۔ مگر ایک یتیم بچے نے خدا جانے تجھ پر کیا فسوں پڑھ دیا کہ موجودہ دنیا کے تہذیب وتمدن کی بنیاد تجھ پر رکھی گئی۔ تیرے ریگستانوں نے ہزاروں مقدس نقشِ قدم دیکھے۔ اور تیرے کھجوروں کے سائے نے ہزاروں ولیوں اور سلیمانوں کو تمازتِ آفتاب سے محفوظ رکھا ہے۔ کاش میرے بدکردار جسم کی خاک تیرے بیابانوں میں اُڑتی پھرے اور یہی آوارگی میرے تاریک دنوں کا کفارہ ہو۔ کاش تیرے صحرائوں میں لُٹ جائوں اور دنیا کے تمام سامانوں سے آزاد ہوکر، تیری دھوپ میں جلتا ہوا، اور پائوں کے آبلوں کی پروا نہ کرتا ہوا، اُس پاک سرزمین میں جاپہنچوں جہاں کی گلیوں میں اذانِ بلال کی عاشقانہ آواز گونجی تھی۔‘‘
اٹھائیس سال کا نوجوان، تب نہ اقبال بنا تھا نہ علّامہ، نہ سَر نہ فلسفی، نہ شاعر مشرق نہ مصوّرِ پاکستان، لیکن عشقِ رسولؐ کی مُشکبو تمازت اُس کے ہر قطرۂِ خوں میں سلگ رہی تھی۔

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: دنیا کے کے لئے

پڑھیں:

بانی پی ٹی آئی چندے کیلئے میرے پاس آتے تھے، اسحاق ڈار

تصویر، اسکرین گریب

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاست میں آنے سے پہلے چندے کے لیے اُن کے پاس آتے تھے۔

امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل میں گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2014 میں 126 دن کا دھرنا دیا جس سے معاشی نقصان ہوا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر کوئی پاپولر لیڈر ہے تو اس کو یہ حق نہیں کہ سیکیورٹی تنصیبات پر حملہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف بہترین کام کیا بعد میں آنے والی حکومت نے کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے بارڈر کھولے، بانی پی ٹی آئی کی حکومت نے سو سے زائد مجرم رہا کیے، سرحدیں کھولیں اور تیس چالیس ہزار طالبان اندر آ گئے پھر سے زندہ ہو گئے۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ اُن کا یہ فیصلہ بہت افسوس ناک تھا، سرحدیں نہیں کھولنی چاہئیں تھیں۔

متعلقہ مضامین

  • پی ٹی آئی اے پی سی بلائے تو ہم جائیں گے: میاں افتخار حسین
  • اڈیالہ جیل کےسپرنٹنڈنٹ عمران خان کو تنگ کر تے ہیں، علیمہ خان
  • جیل سپرنٹنڈنٹ بانی پی ٹی آئی کو مسلسل تنگ کر رہے ہیں، علیمہ خان
  • بانی پی ٹی آئی چندے کے لیے میرے پاس آتے تھے، اسحاق ڈار
  • پارٹی کا ہر فرد 5 اگست کی تحریک پر توجہ دے (عمران خان کا جیل سے پیغام )
  • بانی پی ٹی آئی چندے کیلئے میرے پاس آتے تھے، اسحاق ڈار
  • بے بنیاد مقدمات کا سامنا ہے‘‘ حماد اظہر نے عدالت جانے کا اعلان کردیا
  • ’’بے بنیاد مقدمات کا سامنا ہے‘‘ حماد اظہر نے عدالت جانے کا اعلان کردیا
  • حماد اظہر کا سرنڈر کرنے کا فیصلہ ، نجی ٹی وی کا دعویٰ 
  • "اکلوتا بیٹا، دو بچوں کا باپ ہوں، والد کی وفات کے بعد گھر والوں کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں، جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں" حماد اظہر کا جذباتی پیغام