خطے میں امن کیلئے ایران کردار ادا کرنا چاہے تو خیر مقدم کریں گے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 27th, April 2025 GMT
شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فون پر گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے بندر عباس کی پورٹ پر ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کیلئے ایران کردار ادا کرنا چاہے تو اس کا خیر مقدم کریں گے۔ شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فون پر گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے بندر عباس کی پورٹ پر ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایرانی صدر کو بتایا کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، پاکستان اپنے حق کا دفاع کرے گا۔ واضح رہے اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک موجودہ صورتِ حال میں تحمل سے کام لیں، مشکل وقت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان افہام و تفہیم کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کو تیار ہیں۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
بھارت نے مہم جوئی کی تو 2019ء کی طرح منہ توڑ جواب ملے گا، شہباز شریف
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج تنظیم، اتحاد اور قومی مفاد کی تکمیل اور عزم کا نشان ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانی ہماری لائف لائن ہے، بھارت نے مہم جوئی کی تو 2019ء کی طرح منہ توڑ جواب ملے گا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج تنظیم، اتحاد اور قومی مفاد کی تکمیل اور عزم کا نشان ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ایک نام رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کے لیے اپنی ذمے داریوں سے مکمل آگاہ ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی ذمے داریاں پوری کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کابل کا دورہ کیا۔ افغانستان کے ساتھ پرامن اور مستحکم تعلقات چاہتے ہیں۔ افغان حکومت فتنۃ الخوارج کے ہاتھوں اپنی سرزمین کا استعمال روکے۔
شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ کشیدہ صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ یہ عالمی سطح پر متنازع علاقہ ہے۔کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینا ہو گا۔ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھایا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان سے زیادہ کسی کی قربانیاں نہیں۔ ہمارے ہمسایہ ملک کی طرف سے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کی گئی۔