امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ کے لباس میں ملبوس اے آئی فوٹو پوسٹ کردی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, May 2025 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوپ کے لباس میں اپنی ایک جعلی تصویر پوسٹ کی، انہوں نے مذاق میں کہا کہ وہ اگلے ’کیتھولک پوپ‘ بننا چاہتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ رنگین تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے، جس میں ان کی دائیں انگلی آسمان کی طرف اشارہ کر رہی ہے، انہوں نے پوپ کی ریگیلیا پہن رکھی ہے، جس میں سفید لباس، سونے کا مصلوب پینڈنٹ اور میٹر ٹوپی شامل ہے۔
خیال رہے کہ ٹرمپ نے پوپ فرانسس کے جانشین کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کے اجلاس سے چند روز قبل رواں ہفتے صحافیوں سے مذاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اگلے پوپ بننا چاہتے ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ وہ پوپ فرانسس کا جانشین کسے بنانا چاہیں گے، ٹرمپ نے کہا کہ ’میں پوپ بننا چاہتا ہوں، یہ میرا پہلا انتخاب ہوگا۔‘
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کی کوئی ترجیح نہیں، لیکن انہوں نے کہا کہ نیو یارک میں ایک کارڈینل ہے جو ’بہت اچھا‘ ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ وہ نیویارک کے آرچ بشپ ٹموتھی ڈولان کی طرف اشارہ کر رہے تھے، جو ایک مذہبی قدامت پسند اور اسقاط حمل کے سخت مخالف رہے ہیں۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی، یہ اقتدار میں واپسی کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ بھی تھا۔
تقریباً 20 فیصد امریکی خود کو کیتھولک قرار دیتے ہیں، اور نومبر میں ایگزٹ پولز سے پتا چلتا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کے حق میں تقریباً 60 فیصد ووٹ دیے۔
پوپ فرانسس عالمی سطح پر ٹرمپ پر تنقید کرنے والے سب سے طاقتور اخلاقی آوازوں میں سے ایک تھے۔
جب ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 میں پہلی بار صدر کے لیے انتخاب لڑا تو پوپ فرانسس نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانے کے اُن کے مرکزی وعدے پر شدید تنقید کی تھی۔
پوپ فرانسس نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’کوئی بھی، جو پُل کے بجائے صرف دیواریں بنانا چاہتا ہے، وہ عیسائی نہیں ہے۔‘
کارڈینلز 7 مئی کو ویٹی کن کے سسٹین چیپل میں نئے پوپ کے انتخاب کے لیے ایک اجلاس میں جمع ہوں گے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پوپ فرانسس انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ کا انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 جولائی ۔2025 )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اگست سے امریکہ انڈیا سے آنے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرے گا. ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں اپنے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہاکہ انڈیا روس سے اپنازیادہ تر فوجی سازوسامان خریدتا ہے اور یہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہر کوئی چاہتا ہے کہ روس یوکرین میں قتل و غارت کو ختم کرے دوسری جانب انڈیا چین کے ساتھ ساتھ روس سے توانائی لینے کا سب سے بڑا خریدار ہے.(جاری ہے)
صدر ٹرمپ نے لکھا کہ یہ سب چیزیں اچھی نہیں ہیں انڈیا کو جرمانے کے ساتھ ساتھ 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا پڑے گا جو یکم اگست سے شروع ہوگا اپنے پیغام میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا اور امریکہ دوست ہیں لیکن گزشتہ کئی سالوں سے دونوں ممالک کے درمیان بہت کم تجارت ہو رہی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ٹیرف جو لگائے ہیں وہ دنیا میں سب سے زیادہ ہیں. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ممالک پر محصولات عائد کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم مذاکرات کے باعث اس پر عملدرآمد یکم اگست تک روک دیا تھا اس دوران انڈیا اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کے حوالے سے بات چیت جاری تھی تاہم ابھی تک اس کے نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا تھا. یورپی یونین‘جاپان اور برطانیہ سمیت کئی امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر دستخط کرچکے ہیں تاہم کینیڈا‘چین‘بھارت اور روس سمیت کئی بڑے تجارتی ممالک اور میکسیکوسمیت براعظم امریکا کے کئی ممالک کے ساتھ معاہدہ طے نہیں پاسکا یاد رہے کہ امریکا گوشت‘پولٹری‘زرعی اور ڈیری مصنوعات سمیت بنیادی ضروریات کی متعدداشیاءکے لیے میکسیکو اور دیگر لاطینی امریکی ممالک پر بہت زیادہ انحصارکرتا ہے اسی طرح چین امریکی منڈیوں میں سب سے بڑا برآمدکندہ ہے. انڈیا پر ٹیرف کے نفاذ کے اعلان سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک پوسٹ میں پاکستان کے ساتھ معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر نکالنے کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے. امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا اسلام آباد کے ساتھ ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت دونوں ممالک مل کر پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر کو قابل بازیافت ذخائر میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم آئل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس پارٹنرشپ کو لیڈ کرے گی انہوں نے کہا کہ کون جانتا ہے شاید وہ کسی دن انڈیا کو تیل بیچ رہے ہوں گے پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے امریکی صدر کا بیان اپنے ”ایکس “اکاﺅنٹ ہر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے خیال رہے کہ امریکہ امریکی صدر نے متعدد ممالک پر یکم اگست سے اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے اسی تناظر میں پاکستانی اعلیٰ حکام نے امریکہ کے متعدد دورے کیے ہیں حال ہی میں پاکستان وزیر خارجہ نے جولائی 21 سے جولائی 28 نے امریکہ کا دورہ کیا جبکہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب بھی اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں.