بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دو ایٹمی ریاستوں کو تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، دفترخارجہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے بھارت کے پاکستان پر حملے کی مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دو ایٹمی ریاستوں کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے پاکستان کی جانب سے بھارت کی کھلی جارحیت کی سخت مذمت کی اور کہا کہ بھارتی فضائیہ نے بلااشتعال اور کھلی جنگی کارروائی کے تحت اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے اسٹینڈ آف ہتھیاروں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی سرحد کے پار مریدکے، بہاولپور اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار کوٹلی اور مظفرآباد (آزاد جموں و کشمیر) میں کیے گئے ہیں، ان حملوں کا نشانہ عام شہری بنے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری شہید ہوئے ہیں، اس حملے سے تجارتی فضائی پروازوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے، ایسی کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور بین الریاستی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے تناظر میں بھارتی قیادت نے ایک بار پھر دہشت گردی کا بہانہ بنا کر جھوٹا بیانیہ اپنایا ہے تاکہ خطے کے امن و سلامتی کو داؤ پر لگایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائی نے دو ایٹمی ریاستوں کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان، مسلح افواج اور عوام بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں، وہ ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور بقا کے لیے فولادی عزم کے ساتھ عمل کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نے کہا کہ کہ بھارت بھارت کی
پڑھیں:
ICC کا PCB کے خلاف ممکنہ کارروائی کا امکان
ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں جاری کشیدگی کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک اور نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو مبینہ طور پر ایشیا کپ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی پر نوٹس بھیج دیا ہے اور سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ بھارتی چینل انڈیا ٹوڈے کے مطابق آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے پی سی بی کو ایک ای میل بھیجی ہے، جس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کو کس اجازت کے تحت فلمایا گیا؟ رپورٹ کے مطابق اس میٹنگ میں موبائل فون اور کیمرے لے جانے پر پابندی تھی، مگر پاکستانی ٹیم نے ویڈیو ریکارڈنگ کی۔ مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے میچ ریفری کی معافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس پر آئی سی سی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے قوانین کی خلاف ورزی پر آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف ایکشن پر غور کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب بھارت کے خلاف میچ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سوریا کمار یادو سے ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا۔ اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے آئی سی سی سے ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد میں اینڈی پائی کرافٹ کو پی سی بی اور پاکستانی ٹیم سے باضابطہ معافی مانگنی پڑی تھی۔ کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی یہ نئی رپورٹ پاک-بھارت میچ (21 ستمبر) سے قبل ایک اور دباؤ کی کوشش ہے، تاکہ میدان میں اترنے سے پہلے ہی پاکستان ٹیم پر تناؤ بڑھایا جا سکے۔