پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں اور امن کا پیغام دیں، ملالہ یوسفزئی
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
لندن : نوبل انعام یافتہ اور عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور امن کی جانب اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
ملالہ نے اپنے بیان میں کہا کہ "نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔" ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ سفارتکاری، بات چیت اور پرامن حل کو فروغ دینے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے، ہمیں جنگ نہیں، امن کے لیے متحد ہونا ہوگا۔"
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ پر حملے کیے گئے جن میں 31 پاکستانی شہری شہید اور 51 زخمی ہوئے، جبکہ دو مساجد بھی شہید ہوئیں۔ پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی میں بھارت کے 3 رافیل، 1 مگ 29، 1 ایس یو 30 جنگی طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
صدر جنرل اسمبلی کی انڈیا اور پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 08 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فائلیمن یانگ نے انڈیا اور پاکستان کے مابین کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں اور تناؤ میں کمی لائیں۔
انہوں نے دہشت گردی کی تمام کارروائیوں اور شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف حملوں کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بات چیت اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت مسائل کا سفارتی حل ہی اختلافات کو ختم کرنے اور پائیدار امن و استحکام کے حصول کا واحد راستہ ہے۔
جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر 22 اپریل کو ہوئے دہشت گرد حملے میں 26 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔
(جاری ہے)
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے پار انڈیا کی فوجی کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انڈیا اور پاکستان کو انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے کو کہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا انڈیا اور پاکستان کے درمیان ملٹری تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔اس سے قبل پہلگام واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے ذمہ داران کو قابل بھروسہ اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور لوگوں کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ان کے مشکور ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ کے لیے امن کاری سمیت کئی طرح کا مفید اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ تاہم ان کے مابین تعلقات کو کشیدہ دیکھنا تکلیف دہ ہے۔