UrduPoint:
2026-07-24@08:54:46 GMT

کیا پاپولزم جمہوریت کے لیے خطرہ ہے؟

اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT

کیا پاپولزم جمہوریت کے لیے خطرہ ہے؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 22 مئی 2025ء) دنیا بھرمیں پاپولسٹ لیڈر ایسے نعروں کا انتخاب کرتے ہیں جو کہ نہ صرف عوام میں مقبول ہوتے ہیں بلکہ یہ اس قدر عمومی نوعیت کے ہوتے ہیں کہ ان نعروں میں کیے گئے وعدوں کی کامیابی یا ناکامی کا اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔ ان میں جذباتیت کا عنصر بہت نمایاں ہوتا ہے اور یہ عوام کی اکثریت کو ٹارگٹ کرتے ہیں تا کہ ان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔

پاپولزم سے متعلق عمومی رائے یہ ہے کہ یہ شاید دائیں بازو کی پارٹیوں میں نمایاں ہے لیکن یہ بائیں بازو کی سیاست میں بھی استعمال ہو رہا ہے۔ یہ کسی مخصوص نظریے سے زیادہ ایک اندازِ سیاست ہے۔ بنیادی طور پر، پاپولزم ایک ایسا سیاسی طریقہ کار ہے، جس میں "صاف و شفاف عوام" کو "کرپٹ اشرافیہ" کے خلاف کھڑا کیا جاتا ہے اور دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ سیاست عوام کی نمائندہ ہے اور جو "شخصیت" اس کو لیڈ کر رہی ہے وہی عوام کی اصل آواز ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ چند برسوں میں کئی ممالک میں اس طرز پر سیاسی ہلچل دیکھنے کو ملی ہے، اسے اکثر "پاپولسٹ لہر" کہا جاتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ مغربی دنیا میں اس ہلچل کا آغاز 2016 میں ہوا، جب برطانیہ میں بریگزٹ ریفرنڈم کے ذریعے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ ہوا اور امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوئے۔اس سب میں ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ وہی نائجل فراج جنہوں نے بریگزٹ تحریک کی قیادت سنبھالی تھی، ابھی حالیہ لوکل الیکشن میں ان کی پارٹی ریفارم یوکے نے لیبر پارٹی کو شکست دی ہے۔

بریگزٹ تحریک میں ان کے ایک حامی اور دوست "Steve Bannon” نے 2016 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی مہم کی بھی قیادت کی۔

میڈیا اور سیاسی اشرافیہ ان دونوں واقعات سے چونک گئے اور اس نئی سیاسی گتھی کو سلجھانے کی کوشش کرنے لگے۔ زیادہ تر تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ یہ سب ایک بڑی معاشی اور سماجی تبدیلی کے اثرات تھے۔ گلوبلائزیشن اور ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں نے عام آدمی کی زندگی کو کافی متاثر کیا ہے۔

اشرافیہ اور عوام میں حائل خلیج مزید گہری ہوئی اور اس خلیج کا فائدہ پاپولسٹ جماعتوں نے اٹھایا۔ اس ناراضی نے موجودہ نظام اور سیاست دانوں کے خلاف عوامی ردِعمل کو جنم دیا، جسے پاپولسٹ تحریک کہا گیا۔اس کے بعد دنیا بھر میں، جیسے کہ برازیل، ہنگری، بھارت، اٹلی اور سویڈن میں، جب بھی کسی پاپولسٹ پارٹی کو انتخابات میں کچھ کامیابی ملی، تو تجزیہ کاروں نے اسے پاپولزم کے پھیلاؤ کی ایک اور مثال قرار دیا اور یہ تشویش بڑھنے لگی کہ پاپولزم روایتی سیاسی نظام اور جمہوریت کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

دنیا کے کئی حصوں میں پاپولسٹ پارٹیوں کا بطور اہم انتخابی طاقت سامنے آنا، جمہوریت کے لیے ایک جھٹکا ضرور ہے، لیکن جمہوریت کی لمبی تاریخ کو دیکھیں تو یہ حیران کن نہیں۔ یورپ میں، مثال کے طور پر، دائیں بازو کی پاپولسٹ پارٹیوں کو ووٹوں کا جو حصہ ملتا ہے وہ اس صدی کی شروعات سے ہی ہر سال نصف فیصد سے بھی کم بڑھا ہے۔ اس کے مقابلے میں، بیسویں صدی کے آغاز میں سوشلسٹ پارٹیوں کا عروج کہیں زیادہ تیز تھا۔

لہذا یہ سمجھنا کہ پاپولزم جمہوری اقدار کی عمارت گرا سکتا ہے شاید مبالغہ ہو گا۔ جہاں یہ بات کافی حد تک درست ہے کہ پاپولزم تحریکیں دنیا بھر میں زور پکڑ رہی ہیں وہیں یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ان میں اتنی سکت نہیں کہ یہ جمہوری نظام کو کوئی بڑا نقصان پہنچا سکیں۔

پاپولسٹ پارٹیوں کی مقبولیت میں اضافے کا تاثر کافی حد تک میڈیا میں ان کی غیر متوازن تشہیر کی وجہ سے بنتا ہے۔

جہاں پاپولسٹ لیڈر سوشل میڈیا کا استعمال کرکے مقبولیت سمیٹتے ہیں وہیں روایتی میڈیا بھی ان کی مقبولیت کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا ان پارٹیوں کی کامیابیوں سے متاثر رہتا ہے، لیکن ان کے مسائل اور ناکامیوں کو زیادہ تر نظرانداز کرتا ہے۔

جیسے 2023 کے اسپین کے انتخابات کی نیویارک ٹائمز میں رپورٹنگ میں دیکھا گیا۔

انتخابات سے دو ہفتے پہلے ایک بڑی خبر میں دائیں بازو کی پارٹی "وُوکس" کے عروج کو ایک عالمی رجحان قرار دیا گیا، لیکن جب انتخابات میں وُوکس اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی تو اس کی رپورٹ صرف صفحہ 8 پر ایک چھوٹے کالم میں دی گئی۔ اسی طرح فرانس میں لی پین کی مقبولیت نے عالمی میڈیا کی خوب توجہ حاصل کی لیکن اس کی ناکامی شاید اتنی بڑی خبر نہ بن سکی۔

میڈیا کی یہ دلچسپی نہ صرف عوامی رائے کو متاثر کرتی ہے بلکہ یہ انتخابی نتائج پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔ برطانوی محققین کے مطابق یو کے انڈیپینڈنس پارٹی کو میڈیا میں غیرمتناسب توجہ ملی، جس سے عوامی حمایت میں اضافہ ہوا۔ ایسی پارٹیاں جب یہ تاثر دیتی ہیں کہ وہ روایتی پارٹیوں کا متبادل ہیں تو میڈیا بھی لاشعوری طور پر اس تاثر کو تقویت دیتا ہے۔

لیکن پاپولسٹ پارٹیوں کی کامیابی کا مطلب جمہوریت کا خاتمہ نہیں ہے۔

اکثر میڈیا یہ سمجھتا ہے کہ پاپولسٹ پارٹیوں کو ملنے والا ووٹ عوامی رائے میں بڑی تبدیلی کی نشانی ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاپولسٹ سوچ (جیسے مہاجرین سے نفرت، سیاستدانوں پر عدم اعتماد، قوم پرستی، وغیرہ) اور ووٹ دینے والے افراد کے رجحانات میں کوئی خاص ربط نہیں پایا گیا۔

یعنی اگرچہ کوئی شخص ان خیالات کا حامل ہو، اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ہر حال میں پاپولسٹ پارٹی کو ہی ووٹ دے گا۔زیادہ تر یہ سمجھا جاتا ہے کہ جن ممالک میں مہاجرین کی تعداد زیادہ ہے وہاں پاپولزم تیزی سے پھیلتا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ جہاں مہاجرین زیادہ آئے وہاں ہمیشہ ان کے مخالف جذبات نہیں پائے جاتے۔

جرمنی اور سویڈن جیسے ملک، جنہوں نے مہاجرین کو کھلے دل سے قبول کیا، ابھی بھی یورپ کے سب سے زیادہ مہاجر دوست ممالک میں شمار ہوتے ہیں۔

جبکہ ہنگری اور پولینڈ میں مہاجرین کی تعداد کم رہی۔ عام طور پر، ہر جمہوریت میں ایک طبقہ ایسا ہوتا ہے جو نظامِ حکومت سے غیر مطمئن ہوتا ہے اور پاپولسٹ لیڈر اسی بے چینی سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

پاپولسٹ پارٹیوں کی کامیابی صرف عوامی سوچ پر نہیں، بلک مخالف لیڈرشپ، دوسرے امیدواروں کی مقبولیت اور الیکشن کے نظام پر بھی منحصر ہوتی ہے۔

اگر امریکہ کی بات کی جائے تو ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن جیتنے کی وجہ صرف ان کے پاپولسٹ نعرے یا مہاجرین سے نجات کا وعدہ نہیں تھے۔ کہیں نہ کہیں ان کے پہلے مخالف امیدوار سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی خراب کارکردگی، ان کی صحت کی خرابی اور بروقت فیصلہ سازی کی کمی جیسے عوامل نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ وہیں کملا ہیرس کی عوام میں غیر مقبولیت اور ان کی الیکشن کمپین میں مسائل کی بجائے ذاتی حملوں پر توجہ نے بھی عوام کو ان سے دور کیا۔

پاپولزم کے عروج کی سب سے عام توجیہ معاشی مسائل، صنعتی زوال، گلوبلائزیشن اور ٹیکنالوجی میں تبدیلی قرار دی جاتی ہے۔ لیکن پاپولزم کے بڑھتے ہوئے رجحان کی صرف یہ وجوہات نہیں۔ زیادہ تر جمہوریتوں میں پاپولزم کی حمایت کی اصل وجہ معاشی نہیں بلکہ ثقافتی اور معاشرتی ہے۔ یہ پارٹیاں ان لوگوں کو اپیل کرتی ہیں جو اپنے معاشروں میں تیزی سے ہونے والی سماجی اور ثقافتی تبدیلیوں سے پریشان ہیں۔

جیسے کہ امریکہ میں نسلی انصاف کی تحریک اور مذہبی رجحان میں کمی عام لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ کئی جگہوں پر قومی و مقامی شناخت کا ختم ہونا بھی تشویش کی ایک بڑی وجہ ہے۔ بھارت میں نریندر مودی کی بے جےپی پارٹی عوام میں اس لیے مقبولیت حاصل کر پائی ہے کیونکہ وہ کھوئی ہوئی "ہندوتوا" شناخت کو بحال کرنا چاہتے ہیں- لہذا ہر ملک میں پاپولسٹ رہنما الگ وجوہات پر لوگوں کی حمایت حاصل کرتے ہیں۔

اس لیے یہ کہنا کہ پاپولزم کے محرکات ہر معاشرے میں ایک جیسے ہیں، شاید درست نہیں۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاپولزم ایک لہر ہے جو مختلف معاشروں میں مختلف وجوہات کی وجہ سے اٹھتی ہے، جب وہ وجہ ختم ہو جاتی ہے تو وہ لہر بھی آہستہ آہستہ اپنے اختتام کو پہنچ جاتی ہے۔ جمہوریت کے سمندر میں ایسی بہت سی لہریں بنتی اور بکھرتی رہیں گی، لیکن سمندر اپنی جگہ قائم رہے گا۔

نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔

.

ذریعہ

ذریعہ: UrduPoint

کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پارٹیوں کی کی مقبولیت کی کامیابی جمہوریت کے زیادہ تر عوام میں پارٹی کو یہ ہے کہ جاتا ہے بازو کی کے لیے ہے اور ہیں کہ

پڑھیں:

باب المندب بند۔ آگے کیا ہوگا؟

ایک نئی جنگ شروع ہوتی نظر آرہی ہے۔ یمن کے حوثیوں نے بحیرہ احمر سے باب المندب بند کر دیا ہے۔پہلے امریکا ایران جنگ کی وجہ سے دنیا جنگ کا شکار ہے۔ پوری کوشش کے باوجود امریکا آبنائے ہرمز نہیں کھلوا سکا۔آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی ہیں۔ اب باب المندب کی بندش تیل کی قیمتوں کو مزید اوپر لے کر جائے گی۔ جس کی وجہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ اور ایک بحرانی کیفیت بنتی نظر آرہی ہے۔

باب المندب کی بندش کے بعد حوثیوں نے سعودی عرب کے دو تیل کے ٹینکرز کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ ایک تیل کے ٹینکر کو میزائیل لگنے کی سعودی عرب نے تصدیق کر دی ہے۔ عالمی منڈی کا رحجان یہی رہا ہے کہ جب تیل کا ایک ٹینکر تباہ ہوتا ہے تو انشورنس ختم ہو جاتی ہے۔

کوئی کمپنی بھی اپنا جہاز وہاں سے گزارنے کے لیے تیار نہیں ہوتی۔ اس لیے حوثیوں کو باب المندب بند کرنے کے لیے دو جہاز ہی تباہ کرنے تھے ۔ باقی جہاز خود ہی آنے سے انکار کر دیں گے۔ اس لیے باب المندب بند ہوگیا ہے۔ اب جب تک یا تو حوثی اس کو کھولنے کا اعلان نہ کریں یا حوثیوں کی اس کو بند کرنے کی صلاحیت ختم نہ ہوجائے تب تک یہ کھل نہیں سکتا۔

حوثیوں کی جانب سے بندش کے اعلان کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ایک شدید سخت بیان جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی پاکستانی جھنڈے کے حامل جہاز پر حملہ کیا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔اس کے علاوہ باب المندب کی بندش کی مذمت بھی کی گئی تھی اور اس کے خلاف سخت رد عمل جاری کیا گیا تھا۔ لیکن اس بیان کے اگلے ہی دن سعودی عرب کے دو جہازوں پر حملہ کر دیا گیا ہے۔ یہ درست ہے کہ یہ پاکستانی جہاز نہیں تھے۔ لیکن یہ سعودی عرب کے جہاز تھے اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ بھی تھا۔

باب المندب بند کرنا لگتا ہے ایران کے لیے ناگزیر تھا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کم ہی سہی لیکن ایک مناسب مقدار میں اپنا تیل بحیرہ احمر سے برآمد کر رہے تھے۔ اس لیے ان کی تیل کی برآمد چل رہی تھی۔ کنویں بند نہیں ہو رہے تھے۔ وہاں کوئی خاص بحران نہیں تھا۔

دنیا کو بھی تیل مل رہا تھا اور ایسی خبریں آرہی تھیں کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ایسی تیل کی لائنیں بچھا رہے ہیں کہ اگلے دو سال میں ان کا آبنائے ہرمز پر انحصار ختم ہو جائے گا۔ وہ اپنا سارا تیل بحیرہ احمر سے برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہونگے۔ یہ تیاری ایران کے آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھنے کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ اس لیے شائد ایران کو بھی سمجھ آگئی ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز سے جو بھی فائدہ اٹھانا ہے اس کی مدت کم ہے۔ عرب ممالک بالخصوص سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات متبادل بندوبست تیزی سے کر رہے ہیں۔

شائد اسی لیے ایران نے بھی حوثیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ باب المندب بند کر دیں ۔ کیونکہ ایران کے پاس بھی وقت کم ہے۔ویسے بھی چند دن پہلے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر نے ان کی طرف سے یہ بیان دیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر بمباری بند نہ کی تو ایران جنگ کو وسیع کر دے گا۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ باب المندب بند کرنا جنگ کو وسیع کرنے کی ایک شکل ہے۔ جنگ پھیل گئی ہے۔ ایران جنگ کو پھیلانا چاہتا تھا تو اس نے پھیلا دی ہے۔

باب المندب سے دنیا کے تیل کی سات فیصد ترسیل ہوتی ہے۔ اس لیے سات فیصد کی ترسیل بند ہو گئی ہے۔ لیکن یہ صرف اتنی بات نہیں کئی ماہ سے یو اے ای اور سعودی عرب کے درمیان جاری سرد جنگ بھی یک دم ختم ہوگئی ہے۔ باب المندب بند ہونے کی خبر کیا آئی سعودی عرب اور یو اے ای میں صلح ہوگئی دونوں کے وزراء نے ایک دوسرے کے ساتھ تصویر پوسٹ کر دیں کہ ہم بھائی ہیں۔ آبنائے ہرمز کی بندش تو انھیں اکٹھا نہیں کر سکی لیکن باب المندب کی بندش نے انھیں اکٹھا کر دیا۔ اب آگے کا منظر نامہ کیا ہو سکتا ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ موجود ہے۔

اگر سعودی عرب باب المندب کھلوانے کے لیے حوثیوں کے ساتھ جنگ شروع کرتا ہے اور جواب میں حوثی سعودی عرب پر حملہ کرتے ہیں تو پاکستان اپنے دفاعی معاہدہ کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کا پابند ہوگا۔ کیسے اور کتنا، اس سوال کا ابھی تک کسی کے پاس کوئی جواب نہیں۔ لیکن حوثیوں نے یہ خبردار کیا ہے کہ اگر ان پر کسی بھی قسم کا کوئی بھی حملہ کیا گیا تو وہ سعودی عرب کی تیل اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔ایک عمومی رائے یہ ہے کہ اتنی سخت بمباری کے باوجود امریکا آبنائے ہرمز نہیں کھلوا سکا تو کیا صرف بمباری سے باب المندب کھلوایا جا سکے گا۔ حوثی بھی جواب میں میزائل ماریں گے۔

یہ درست ہے کہ ان کے پاس ایران جتنے میزائل نہیںہیں۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ان کے پاس میزائل ہیں۔ انھوں نے ماضی میں اسرائیل اور سعودی عرب پر میزائیل مارے بھی ہیں۔ شاید حوثیوں کو یہ لگ رہا ہے کہ جیسے ایران کی دیگر پراکسیوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ اگر وہ اس جنگ سے باہر رہتے ہیں تو بعد میں ان کی باری بھی آئے گی۔ اس لیے جنگ میں شامل ہونے کا یہ بہترین وقت ہے۔ باب المندب اور آبنائے ہرمز کا معاملہ اکٹھے طے کیا جائے، مل کر بات کی جائے، اس سے طاقت بڑھ جائے گی۔

اب سوال یہی ہے کہ پاکستان ایران امریکا لڑائی میں تو غیر جانبدار رہا۔ جس کی وجہ سے وہ آج تک ثالث ہے۔ لیکن کیا وہ باب المندب کی بندش اور سعودی عرب اور حوثیوں کی لڑائی میں بھی غیر جانبدار رہے گا۔ عملی طور پر یہ ممکن نظر نہیں آرہا۔ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ اس کے علاوہ کوئی اور حل نظر نہیں آرہا۔ امریکا ایران میں مصروف ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باب المندب کھلوانے کے لیے کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن پہلی ترجیح ایران ہی ہوگا۔ ایسے میں یہ لڑائی فی الحال سعودی عرب کو خود ہی لڑنی ہوگی۔ اگر پاکستان اس لڑائی میں شریک ہوتا ہے تو پھر اس کی ثالث کی پوزیشن بھی ختم ہو جائے گی۔ ایران پاکستان کو بھی لڑائی میں فریق سمجھے گا۔ خدشہ ہے کہ پاکستان بھی نہ چاہتے ہوئے لڑائی میں شامل ہو جائے گا۔ ہم پہلے بھی ایران کو بتا چکے ہیں کہ سعودی عرب ہماری ریڈ لائن ہے۔ لیکن شائد حوثی پاکستان کی اس بات کو نہیں سمجھیں گے، وہ سعودی عرب پر حملے کریں گے۔

اس تناظر میں دیکھا جائے تو لڑائی وسیع ہو رہی ہے۔ ایک خطرناک منظر نامہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ حوثیوں کے خلاف لڑائی میں پاکستان سعودی عرب ، یو اے ای ، امریکا اور اسرائیل مل کر لڑ رہے ہوں۔ یہ بھی لڑائی کی کوئی اچھی شکل نہیں ہوگی۔ لیکن اس کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ممکن ہے۔

متعلقہ مضامین

  • ایچ آئی وی کے خلاف حکومت سندھ موثر اقدامات کر رہی ہے، وزیر صحت
  • میکسیکو کی معروف بیوٹی انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران دم توڑ گئیں
  • مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں امن کی بنیاد، دہشتگردی عالمی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ: اسحاق ڈار
  • باب المندب بند۔ آگے کیا ہوگا؟
  • سینیٹ قائمہ کمیٹی کا بڑا فیصلہ، پرنٹ میڈیا کے معاملات صرف پریس کونسل میں سنے جائیں گے
  • کیا فواد خان نے بھی سرجری کروالی؟ نئی تصاویر پر سوشل میڈیا پر بحث
  • آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے میڈیا کیلیے ضابطہ اخلاق جاری
  • پاکستانی پرچم بردار جہازوں کیخلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی کا خطرہ تصور کیا جائیگا: دفتر خارجہ
  • جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رکنِ پارلیمنٹ  کی نوجوان خاتون کے ساتھ نازیبا ویڈیو سامنے آگئی
  • مصنوعی مٹھاس دماغی صحت کے لیے خطرہ؟ نئی تحقیق میں یادداشت متاثر ہونے کا اشارہ