دنیا کی محبت انسان کا سب سے بڑا امتحان ہے، علامہ رانا محمد ادریس
اشاعت کی تاریخ: 23rd, May 2025 GMT
نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ دنیاوی محنت اگر آخرت کی نیت سے ہو تو وہی دنیا انسان کے لیے ذریعہ نجات بن جاتی ہے، موت ایسی یقینی حقیقت ہے جو انسان سے نہ صرف اس کی ظاہری نعمتیں بلکہ اختیار، اقتدار، تعلقات اور تمام ظاہری سہارے بھی چھین لیتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی محبت اور مال و دولت کی حرص انسانی دل سے اس وقت تک مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی جب تک اس کی روح جسم سے جدا نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ موت ایسی یقینی حقیقت ہے جو انسان سے نہ صرف اس کی ظاہری نعمتیں بلکہ اختیار، اقتدار، تعلقات اور تمام ظاہری سہارے بھی چھین لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے دنیا کی حقیقت کو پانچ عنوانات میں بیان کیاکہ دنیا ایک کھیل ہے، ایک دکھاوا ہے، عارضی زیب و زینت ہے، فخر و تفاخر کا ذریعہ ہے اور مال و دولت کی کثرت کا مظہر ہے۔ ان سب کا مقصد انسان کو اس حقیقت کی طرف متوجہ کرنا ہے کہ دنیا کی رعنائیاں وقتی اور فانی ہیں۔
انہوں نے سورۃ الاسراء کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "جو شخص آخرت کا ارادہ رکھے اور اس کے لیے محنت کرے جبکہ وہ ایمان بھی رکھتا ہو، ایسے افراد کے لیے اللہ کے ہاں قبولیت کا درجہ ہے۔" انہوں نے کہا کہ دنیا کی محنت اگر آخرت کی نیت سے ہو تو وہی دنیا انسان کے لیے ذریعہ نجات بن جاتی ہے۔علامہ رانا محمد ادریس نے نبی اکرم ﷺ کی ایک حدیث بیان کی، جس میں آپ ﷺ نے ایک مردہ بکری کی مثال دیتے ہوئے دنیا کی بے وقعتی بیان فرمائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک دنیا کی حیثیت اس مردہ جانور سے بھی کم تر ہے، اور اگر دنیا کی قدر اللہ کے ہاں ایک مچھر کے پر کے برابر بھی ہوتی تو کافر کو اس میں سے ایک گھونٹ پانی بھی نصیب نہ ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمیں دنیا میں نعمتوں سے ضرور نوازا ہے۔ بہتی نہریں، سرسبز و شاداب کھیت، بلند و بالا پہاڑ اور قدرتی خوبصورتی، لیکن یہ سب عارضی ہیں۔ اصل نعمتیں اور مستقل راحتیں آخرت میں ہی میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے فریب میں مبتلا ہو کر آخرت کو فراموش کر دینا بہت بڑی خسارے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص دنیا کو اصل منزل نہ سمجھے بلکہ اسے اللہ کے قرب کا ذریعہ بنائے، وہی کامیاب ہے۔ "جب انسان دنیا کی محبت کو ترک کرتا ہے اور اخلاص کے ساتھ آخرت کی تیاری میں مصروف ہوتا ہے، تو دنیا خود اس کے قدموں میں آتی ہے۔ "خطاب کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا کی حقیقت کو پہچاننے، مال و دولت کی حرص سے بچنے، اور اپنی زندگی کو آخرت کی تیاری میں صرف کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ ا خرت کی دنیا کی کہ دنیا کے لیے
پڑھیں:
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی ملتان میں استاد العلماء علامہ سید محمد تقی نقوی سے اہم ملاقات
اس موقع پر جامعہ کے علماء کرام و طلباء عظام بھی موجود تھے، حالیہ پنجاب میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں کے حوالے سے زہرا(س) اکیڈمی پاکستان کیجانب سے مسلسل سیلاب زدگان کی خدمات اور دیگر ملی و قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اسلام ٹائمز۔ چیئرمین زہرا (س) اکیڈمی، پاکستان و سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات جناب زاہد علی آخونزادہ کی جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ شیعہ میانی ملتان میں استاد العلماء علامہ سید محمد تقی نقوی سے اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں قبلہ محترم نے سیکرٹری جنرل کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر جامعہ کے علماء کرام و طلباء عظام بھی موجود تھے، حالیہ پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے زہرا(س) اکیڈمی پاکستان کی جانب سے مسلسل سیلاب زدگان کی خدمات اور دیگر ملی و قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر زہرا ( س) اکیڈمی پاکستان کے رفقاء جناب سہیل رضا صالحی، رفعت عباس زیدی، مولانا رفیق مہدی و دیگر ہمراہ موجود تھے۔