وزیراعظم کا نائلہ کیانی کو کنچن جنگا سر کرنے پر خراجِ تحسین
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معروف پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی “کنچن جنگا” سر کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ نائلہ کیانی یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں نائلہ کیانی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستانی کھیلوں کے ہر شعبے میں اپنے ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔ نائلہ کیانی کی کامیابی نہ صرف قوم کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پاکستانی خواتین کے حوصلے اور صلاحیتوں کا بھی مظہر ہے۔”
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کوہ پیمائی جیسے کٹھن اور جان جوکھم والے کھیل میں خواتین کا بین الاقوامی سطح پر ریکارڈ قائم کرنا قومی حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
کنچن جنگا، جو نیپال اور بھارت کی سرحد پر واقع ہے، 8,586 میٹر بلند ہے اور دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی شمار ہوتی ہے۔ نائلہ کیانی کی یہ کامیابی پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔
Post Views: 3.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: نائلہ کیانی
پڑھیں:
وزیراعظم آزادیِ صحافت کے تحفظ، صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم
وزیراعظم شہباز شریف نے آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں، اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں اور اُن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے، ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی موثر تفتیش، انصاف کی فراہمی اور ان جرائم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔